• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

عمران خان اپنے اراکین سنبھال نہیں سکتے لیکن الزام آصف زرداری پر لگار ہے ہیں، سعید غنی

شائع July 20, 2022
سعید غنی نے کہا کہ سعید غنی کے الزامات بے ہودہ اور جھوٹے ہیں—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
سعید غنی نے کہا کہ سعید غنی کے الزامات بے ہودہ اور جھوٹے ہیں—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور وزیر محنت اور افرادی قوت سندھ سعید غنی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ان کے اراکین خریدنے کے الزام کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ اپنے اراکین سنبھال نہیں سکتے اور اس کا الزام آصف علی زرداری یا کسی اور شخص پر لگا کر اپنی جان چھڑانے کی کوشش کررہے ہیں۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ عمران خان کی جانب سے اس بات کا اعتراف ہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں چوہدری پرویز الہٰی کو ووٹ نہیں دینا چاہتے۔

مزید پڑھیں: 50 کروڑ روپے تک آفر کرکے اراکین اسمبلی کو خریدا جارہا ہے، عمران خان کا دعویٰ

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنی آپس کی لڑائی اور اراکین کو نہ سنبھال سکنے کا الزام پاکستان پیپلز پارٹی، آصف علی زرداری یا کسی اور شخص یا جماعت پر لگا کر اپنی جان چھڑانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

قبل ازیں عمران خان نے ایک ٹوئٹ میں الزام لگایا تھا کہ جو کچھ اسلام آباد میں ہوا اسکا نظارہ آج لاہورکر رہا ہےجہاں اراکین صوبائی اسمبلی کو خریدنےکے لیے 50 کروڑ روپے تک کی پیش کش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اس سب کے پیچھے مرکزی کردار زرداری ہے جو اپنی کرپشن پر این آر او لیتا ہے اور چوری کےاس پیسےسےلوگوں کو خریدتاہے۔

آصف علی زرداری پر اراکین اسمبلی خریدنے کا الزام عائد کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ اس کو جیل میں پھینکا جانا چاہیے کیونکہ یہ ہماری جمہوریت پر ہی نہیں بلکہ ہمارے ہمارے سماج کی اخلاقی بنیادوں پر بھی سنگین حملہ ہے۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے عمران خان کے الزامات پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کے سامنے یہ بات عیاں ہوگئی ہے کہ اس ملک کی معیشت اور اس ملک میں سیاسی عدم استحکام کا اگر کوئی ذمہ دار ہے تو وہ صرف اور صرف عمران خان ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی ذات سے آگے کسی کو دیکھنا نہیں چاہتا۔

یہ بھی پڑھیں: چوہدری شجاعت کا پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے پرویز الہٰی کی حمایت کا اعلان

سعید غنی کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے اپنی ذاتی انا کی تسکین کے لیے پہلے اس ملک کی پارلیمنٹ کو تماشا بنایا، آئین شکنی کی اور صدر پاکستان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور اس وقت کے وزیر قانون فواد چوہدری سے آئین شکنی کروائی۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے یہ بات واضح کردی کہ یہ تمام افراد پاکستان کے آئین کو توڑنے کے مرتکب ہوئے ہیں اور انہیں سزا ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی آج اس الیکشن کمیشن پر الزامات لگا رہا ہے جو اس وقت اس ملک کی تاریخ کا غیر متنازع الیکشن کمیشن ہے جو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن عمران خان کی ایما پر نہیں چل رہا ہے اس لیے وہ اسے گالیاں دے رہا ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر آج ہماری فوج اور اسٹیبلشمنٹ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس ملک کی سیاست میں مداخلت نہیں کرے گی تو یہ آئین اور ان کے حلف کی پاسداری ہے۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر عدلیہ آئین کے مطابق فیصلے کرے تو عمران خان ججوں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اس ملک کی معیشت کے راستے میں بارود بچھا کر گیا ہے، اس نے اس ملک کی معیشت کو تباہ و برباد کرنے کی کوشش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج اس ملک کی معیشت کو جتنا نقصان پہنچ رہا ہے اس کا ذمہ دار صرف اور صرف عمران خان ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم کو گمراہ کرنے اور اپنی آئین شکنی پر پردہ ڈالنے کے لیے سب پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے، عمران خان پاکستان کے آئین، اداروں کے فیصلوں اور اسٹیبلشمنٹ کے غیر سیاسی کردار کو تسلیم کرے۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ جب بھی عام انتخابات ہوں گے تو پی ٹی آئی کو عبرتناک شکست ہوگی۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ فواد چوہدری نے جو باتیں اور الزامات لگائے ہیں وہ جھوٹ اور بے ہودہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کی آصف علی زرداری کے ارکان کو 40 کروڑ روپے دینے کی باتیں اس بات کو عیاں کرتی ہیں کہ پی ٹی آئی کے بہت سے ارکان پرویز الہٰی کو ووٹ دینا نہیں چاہتے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024