• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

برطانیہ میں تاریخ کی بدترین تپش، خواتین کا انڈے پکانے کا دعویٰ

خاتون کےمطابق کار پر انڈے کو پکنے میں 20 منٹ لگے—فوٹو: ایس ڈبلیو این ایس
خاتون کےمطابق کار پر انڈے کو پکنے میں 20 منٹ لگے—فوٹو: ایس ڈبلیو این ایس

یورپی ملک برطانیہ میں پہلی بار درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ تک پہنچ جانے کے بعد وہاں کی خواتین نے تپش میں گاڑیوں کے اوپر اور برتنوں میں انڈوں کو پکانے کا دعویٰ کیا ہے۔

’بی بی سی‘ کے مطابق برطانیہ میں 19 جولائی کو پہلی بار درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جس کے بعد لندن کے کئی مقامات پر ازخود گھروں اور دیگر مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔

اس سے قبل 2019 میں برطانیہ میں شدید ترین گرمی پڑی تھی اور اس وقت درجہ حرارت 38 تک جا پہنچا تھا مگر اب پہلی بار وہاں گرمی نے نئے ریکارڈ بناڈالے۔

برطانیہ میں جہاں شدید تپش کی وجہ سے لندن کے کئی مقامات پر آگ لگ گئی، وہیں کئی لوگوں نے تپش میں کئی تجربے کرتے ہوئے تپش پر انڈوں کو تیار کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔

شدید تپش کی وجہ سے انگلینڈ کے متعدد شہروں کے گھروں میں آگ بھڑک اٹھی—فوٹو: یارکشائر فائر برگیڈ
شدید تپش کی وجہ سے انگلینڈ کے متعدد شہروں کے گھروں میں آگ بھڑک اٹھی—فوٹو: یارکشائر فائر برگیڈ

برطانوی اخبار ’دی انڈیپینڈنٹ‘ کے مطابق انگلینڈ کے شہر برسٹول کی 62 سالہ خاتون ’جل ہیمبری‘ (Jill Hembury) نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنی کار کے ڈیش بورڈ پر فرائی پان رکھ کر تپش کے دوران انڈے کو فرائی کیا۔

خاتون کے مطابق جب انہوں نے محسوس کیا کہ تپش سخت ہوگئی تو انہوں نے گھر میں رکھے 1940 کے تھرمامیٹر سے گرمی کی شدت چیک کرنے کی کوشش کی مگر سخت تپش کی وجہ سے تھرمامیٹر ہی ٹوٹ گیا۔

خاتون نے دعویٰ کیا کہ بعد ازاں انہوں نے اپنی 30 سالہ پرانی کار کے ڈیش بورڈ پر 20 منٹ کے اندر انڈے کو فرائی کرلیا۔

برطانیہ میں شدید گرم موسم کی وجہ سے ہلاکتوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے—فوٹو: پی اے میڈیا
برطانیہ میں شدید گرم موسم کی وجہ سے ہلاکتوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے—فوٹو: پی اے میڈیا

اسی طرح لندن کی ایک اور خاتون ’جارجیا لیوی‘ (Georgia Levy) نے بھی تپش کی شدت میں انڈے کو فرائی کرنے کا دعویٰ کیا اور ساتھ ہی انہوں نے اس کی ویڈیو بھی انسٹاگرام پر شیئر کرڈالی۔

ویب سائٹ ’افل سائنس‘ کے مطابق لندن کی جارجیا لیوی نے لندن میں درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ پر جانے کے بعد تپش پر انڈہ کو ہاف فرائی کیا۔

خاتون کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انہوں نے ایک خالی فرائی پان کو پتھر پر رکھا، جس میں ایک گھنٹے بعد انہوں نے کوکنگ آئل ڈالا اور پھر ابلتے ہوئے آئل میں انہوں نے انڈہ پھینکا جو محض تین منٹ کے اندر ہاف فرائی ہوگیا۔

خاتون کی جانب سے شیئر کی گئی مذکورہ ویڈیو کی آزادانہ حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہو سکی، البتہ مختلف ویب سائٹس نے بتایا کہ برطانیہ میں شدید تپش کے بعد لوگ گاڑیوں، برتنوں اور پتھروں پر کھانے پکانے کے تجربے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024