• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

گال ٹیسٹ: عبداللہ شفیق کا ٹیسٹ کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ

شائع July 20, 2022
عبداللہ شفیق نے ناقابل شکست 160 رنز کی اننگز کھیلی — فوٹو بشکریہ پاکستان کرکٹ
عبداللہ شفیق نے ناقابل شکست 160 رنز کی اننگز کھیلی — فوٹو بشکریہ پاکستان کرکٹ

قومی ٹیم کے بلے باز عبداللہ شفیق نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ نیا عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا۔

گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 222 رنز بنائے جس کے جواب میں بابر اعظم نے جرات مندانہ سنچری اسکور کر کے پاکستان کو تباہی سے بچا لیا اور مہمان ٹیم نے 218 رنز بنائے۔

سری لنکا نے دوسری اننگز میں دنیش چندیمل، اوشادا فرنینڈو اور کوشل مینڈس کی نصف سنچریوں کی بدولت 337 رنز بنائے اور یوں پاکستان کو فتح کے لیے 342 رنز کا ہدف دیا جو آج تک گال کرکٹ اسٹیڈیم پر کوئی بھی ٹیم حاصل نہیں کر سکی تھی۔

ہدف کے تعاقب میں اوپنرز کے عمدہ آغاز کے بعد تجربہ کار اظہر علی جلدی پویلین لوٹ گئے لیکن بابراعظم نے ایک مرتبہ پھر قیادت کا فرض نبھاتے ہوئے شاندار اننگز کھیل کر عبداللہ کے ہمراہ فتح کی بنیاد رکھی اور پھر رضوان نے بھی 40 رنز بنائے۔

عبداللہ شفیق نے 160 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان کو گال میں ریکارڈ ساز فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ نیا عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا۔

اس اننگز کے دوران پاکستانی اوپنر نے 408 گیندوں کا سامنا کیا لیکن اس سے بڑھ کر 524 منٹ تک وکٹ پر قیام کیا جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

آج تک ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی بلے باز نے ہدف کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے 500 منٹ سے زائد وکٹ پر قیام نہیں کیا۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ دیر تک وکٹ پر قیام کا عالمی ریکارڈ بھی ایک پاکستانی حنیف محمد کے پاس ہے جنہوں نے 1958 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 970 منٹ تک بیٹنگ کر کے پاکستان کو یقینی شکست سے بچایا تھا اور یہ میچ ڈرا ہو گیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان نے گال اسٹیڈیم میں 342 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کر کے اس میدان پر سب سے بڑے ہدف کے حصول کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔

آج سے قبل اس اسٹیڈیم پر کبھی بھی 300 رنز سے زائد کا ہدف عبور نہیں کیا جاسکا اور اس سے قبل سب سے بڑے ہدف کے حصول کا ریکارڈ میزبان سری لنکا ہی کے پاس تھا جب اس نے 2019 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 268 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024