• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جہاں بھی ووٹوں کی خریدو فروخت ہو، سمجھیں آصف زرداری اس کے پیچھے ہیں، شیخ رشید

شائع July 20, 2022
شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم اپنی حکومت نہیں، ملک بچائیں — فوٹو: ڈان نیوز
شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم اپنی حکومت نہیں، ملک بچائیں — فوٹو: ڈان نیوز

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے سابق صدر آصف زرداری پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں جہاں بھی ووٹوں کی خریدو فروخت ہو، سمجھیں آصف زرداری اس کے پیچھے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام قیامت خیز معاشی بحران کو جنم دے رہا ہے، ملک کے مسائل کا حل صرف رواں سال اکتوبر، نومبر میں عام انتخابات کا انعقاد ہے، موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کا اس کے علاوہ کوئی حل نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف اسمبلی توڑ کر بھاگ سکتے ہیں، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے عہدے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار ہیں۔

سابق صدر آصف زرداری پر الزام لگاتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں جہاں بھی ووٹوں کی خرید و فروخت ہو، سمجھیں آصف زرداری اس کے پیچھے ہیں۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں شیخ رشید نے ملک کے معاشی حالات کی خوفناک منظرکشی کی۔

اپنے ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی تباہی میں داخل ہوگیا ہے، ملک کسی بھی دن سری لنکا بن سکتا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ڈالر 226 روپے ہوگیا، معاشی دیوالیہ پن اور سیاسی عدم استحکام سب کو لے ڈوبے گا۔

مزید پڑھیں: اسٹیبلشمنٹ الیکشن سے دور رہے، قوم غنڈہ گردی برداشت نہیں کرے گی، شیخ رشید

ڈالر کے بڑھتے ریٹ کے تناظر میں سابق وزیر داخلہ نے سوال اٹھایا کہ ان حالات میں گندم، گھی اور پیٹرول کیسے خریدا جائے گا، بیرونی قرضوں کی ادئیگی کیسے ہوگی۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف تخت لاہور اور اپنی حکومت نہیں بلکہ ملک بچائیں اور اگر وہ ایسا نہیں کر سکتے تو فوری طور پر گھر جائیں۔

اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی درخواست دائر

قبل ازیں شیخ رشید اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق سے متعلق درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ مہینے قومی اسمبلی نے الیکشن ترمیمی بل 2022 منظور کر لیا تھا جس کے تحت الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور اوورسیز ووٹنگ سے متعلق گزشتہ حکومت کی ترامیم ختم کردی گئی تھیں۔

انتخابات ایکٹ 2017 کے سیکشن 94 میں ترمیم کی گئی تھیں، ترمیم کے تحت الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات میں سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کے لیے پائلٹ پروجیکٹس کر سکتا ہے تاکہ اس طرح کی ووٹنگ کی تکنیکی افادیت، رازداری، سیکیورٹی اور مالی امکانات کا پتا لگایا جاسکے اور حکومت کے ساتھ نتائج کا اشتراک کرے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں دائر کردہ درخواست میں حکومت کی انتخابی اصلاحات سے متعلق ترامیم کو چیلنج کیا گیا ہے۔

سابق وزیر داخلہ کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو حق رائے دہی کا حق دلوانے کے لیے دائر درخواست میں وفاق، وزارت پارلیمانی امور، وزارت قانون، وفاقی کابینہ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یہ 5 شکلیں جہاں بھی جائیں گی، انہیں گندے انڈے پڑیں گے، شیخ رشید

شیخ رشید کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پوری دنیا میں 90 لاکھ اوورسیز پاکستانی ہیں، وہ ملک کے لیے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ بھیجتے ہیں بلکہ دنیا میں پاکستان کا ایک مثبت تشخص بھی اجاگر کرتے ہیں۔

درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ حکومت کو اووسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کے لیے اقدامات کا حکم دے اور الیکشن ایکٹ کی شق 94 میں کی گئی ترمیم کو غیر آئینی قرار دے۔

درخواست میں عدالت عظمیٰ سے یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ وہ حکومت کو آئندہ عام انتخابات کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کے استعمال کے لیے ضروری اقدامات کرنے کے احکامات جاری کرے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024