• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

عدنان سمیع خان کی ’الوداع‘ کی پوسٹ سے مداح پریشان

شائع July 19, 2022
عدنان سمیع خان 2001 میں بھارت منتقل ہوگئے تھے—فائل فوٹو: ٹوئٹر
عدنان سمیع خان 2001 میں بھارت منتقل ہوگئے تھے—فائل فوٹو: ٹوئٹر

پاکستانی شہریت چھوڑ کر بھارتی قومیت اختیار کرنے والے گلوکار و موسیقار عدنان سمیع خان کی جانب سے انسٹاگرام کی تمام پوسٹس ڈیلیٹ کرکے ’الوداع‘ کی پوسٹ کرنے پر ان کے مداح پریشان دکھائی دیے۔

عدنان سمیع خان نے 19 جولائی کو انسٹاگرام سے تمام پوسٹس ڈیلیٹ کرکے ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں کسی طرح کی کوئی آواز نہیں تھی۔

پانچ سیکنڈ دورانیے کی ویڈیو میں الوداع لکھا دیکھا جا سکتا ہے جب کہ انہوں نے اس کے کیپشن میں بھی صرف ’الوداع‘ لکھا، جس پر ان کے مداح پریشان دکھائی دیے۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق عدنان سمیع خان کی جانب سے ’الوداع‘ کی پوسٹ کیے جانے کے بعد لوگوں نے ان کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے ان سے خیریت دریافت کی اور پوچھا کہ ان کے ساتھ کیا ہوا؟

بعض لوگوں نے کمنٹس کیے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد ایسے مبہم پیغامات سے اب لوگوں کو ڈر لگتا ہے۔

کچھ افراد نے سوال کے بجائے ان کے لیے دعائیں کیں اور امید کا اظہار کیا کہ ان کی جانب سب خیریت ہوگی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

کچھ صارفین نے یہ کمنٹس بھی کیا کہ ’کیا الوداع ان کے آنے والے نئے گانے کا ٹائٹل ہے‘؟

’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق بعض لوگوں نے اندازہ لگایا کہ الوداع کے نام سے گلوکار جلد نیا میوزک ایلبم ریلیز کرنے جا رہے ہیں۔

اسی طرح کچھ صارفین نے اندازہ لگایا کہ شاید وہ موسیقی کو خیرباد کہنے والے ہیں۔

اگرچہ عدنان سمیع خان نے انسٹاگرام سے تمام پوسٹس ڈیلیٹ کردیں، تاہم انہوں نے ٹوئٹر سے کوئی بھی پوسٹ ڈیلیٹ نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے وہاں پر ’الوداع‘ کی ٹوئٹ کی۔

گلوکار و اداکار کی جانب سے صرف انسٹاگرام پر’الوداع‘ کی پوسٹ لگائے جانے سے عندیہ ملتا ہے کہ وہ اسی نام سے گانا یا میوزک ایلبم ریلیز کرنے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عدنان سمیع خان نے کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دے دیا

ان سے قبل متعدد بھارتی اداکار و گلوکاربھی انسٹاگرام سے تمام پوسٹس ڈیلیٹ کرکے اپنے گانوں یا فلموں کی منفرد انداز میں تشہیر کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ عدنان سمیع خان کو بھارتی حکومت نے یکم جنوری 2016 میں شہریت دی تھی، وہ شوبز میں کام کرنے کے سلسلے میں ابتدائی طور پر 2001 میں پاکستان سے بھارت ویزا پر منتقل ہوئے تھے۔

پاکستانی شہریت چھوڑنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا اور انہیں ’غدار‘ تک کہا گیا مگر ساتھ ہی ان پر بھارت میں بھی الزامات لگائے گئے اور وہاں کے لوگ انہیں پاکستانی ایجنٹ قرار دیتے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: عدنان سمیع نے بھارتی شہریت کیوں اختیار کی؟

عدنان سمیع خان نے تین شادیاں کیں، انہوں نے پہلی شادی پاکستانی اداکارہ زیبا بختیار سے 1993 میں کی، جوڑے کو ایک بیٹا اذان سمیع خان بھی ہے اور بعد ازاں ان دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔

عدنان سمیع خان نے دوسری شادی 2001 میں عرب خاتون صباح گلادری سے کی، جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور طلاق پر ختم ہوئی۔ بعد ازاں عدنان سمیع خان نے تیسری شادی 2010 میں جرمن نژاد رویا علی خان سے کی جن سے انہیں مئی 2017 میں ایک بیٹی ہوئی اور اب وہ اہل خانہ کے ہمراہ ممبئی میں مقیم ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024