• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

شان شاہد کا عہدیداروں پر ووٹ کاسٹنگ کی اجازت نہ دینے کا الزام

شائع July 19, 2022
اداکار نے اپنی ٹوئٹ میں عمران خان کو بھی مینشن کیا—فوٹو: ٹوئٹر
اداکار نے اپنی ٹوئٹ میں عمران خان کو بھی مینشن کیا—فوٹو: ٹوئٹر

گزشتہ کچھ عرصے سے واضح طور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو سپورٹ کرنے والے سینیئر اداکار شان شاہد نے صوبہ پنجاب میں ضمنی انتخابات کے انتظامات دیکھنے والے عہدیداروں پر ووٹ کاسٹنگ کی اجازت نہ دینے کا الزام عائد کردیا۔

شان شاہد نے 18 جولائی کو اپنی مختصر ٹوئٹ میں سیاہی کے بغیر انگوٹھے کی تصویر شیئر کرنے سمیت پولیس اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کرنے کی اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ کئی گھنٹوں تک اپنے ووٹ کی تصدیق کرنے کے بعد جب پولنگ اسٹیشن پر 4 بج کر 50 منٹ پر پہنچے تو انہیں ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

شان شاہد نے لکھا کہ پانچ منٹ میں لوگ اپنا قیمتی ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں مگر انہیں یہ کہہ کر پولنگ اسٹیشن میں جانے نہ دیا گیا کہ ووٹ کاسٹ کرنے کا وقت 5 بجے تک ہوتا ہے۔

اداکار نے دعویٰ کیا کہ وہ پولنگ کا وقت ختم ہونے سے 10 منٹ پہلے پہنچے تھے مگر اس باوجود انہیں ووٹ کاسٹ کرنے نہیں دیا گیا۔

اسی ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ وہ دو گھنٹے تک یہ تلاش کرتے رہے کہ ان کا ووٹ کہاں رجسٹرڈ ہے اور جب انہیں معلوم ہوا تو وہ مذکورہ جگہ 4 بج کر 50 منٹ پر پہنچے مگر انہیں ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت نہ دی گئی۔

انہوں نے جمہوریت کی شان، عوام بے زبان کا نعرہ بھی لگایا، ساتھ ہی انہوں نے چیئرمین عمران خان کو بھی مینشن کیا۔

شان شاہد کی مذکورہ ٹوئٹ کو درجنوں افراد نے ری ٹوئٹ کیا اور اس پر متعدد افراد نے کمنٹس کرتے ہوئے ان سے اتفاق کیا اور شکوہ کیا کہ ان کے ووٹ بھی تبدیل کردیے گئے اور وہ بھی کئی گھنٹوں تک یہ تلاش کرتے رہے کہ ان کا ووٹ کس حلقے میں رجسٹرڈ ہے؟

شان شاہد نے اپنی ٹوئٹ میں یہ نہیں لکھا کہ ان کا ووٹ کس حلقے میں رجسٹرڈ تھا، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کا حلقہ بھی تبدیل کردیا گیا اور پولنگ کے آخری 10 منٹ رہ جانے کے باوجود انہیں ووٹ کاسٹ کرنے نہیں دیا گیا۔

پنجاب میں 17 جولائی کو پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضم،نی انتخابات میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے 15 نشستیوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔

پی ٹی آئی کی کامیابی پر شان شاہد نے عمران خان کو مبارک باد بھی پیش کی تھی اور وہ ماضی میں بھی واضح طور پر تحریک انصاف کی حمایت کرتے آئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024