• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، ذوالفقار جونیئر کا جرمن فیسٹیول میں شرکت سے انکار

شائع July 19, 2022
ذوالفقار جونیئر نے آئندہ کسی بھی گوئٹے ایونٹ میں نہ جانے کا اعلان بھی کردیا—فوٹو: ذوالفقار جونیئر آفیشل ویب سائٹ
ذوالفقار جونیئر نے آئندہ کسی بھی گوئٹے ایونٹ میں نہ جانے کا اعلان بھی کردیا—فوٹو: ذوالفقار جونیئر آفیشل ویب سائٹ

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستانی آرٹسٹ، فلم ساز اور ڈانسر ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے جرمنی میں ہونے والے ایک فلم فیسٹیول میں شرکت سے انکار کردیا۔

سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے اور میر مرتضیٰ بھٹو کے بیٹے ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اس بات کا اعلان کیا کہ اب وہ جرمنی کے ’گوئٹے انسٹی ٹیوٹ‘ کی جانب سے کرائے جانے والے فیسٹیول میں شرکت نہیں کریں گے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ فلسطینی کارکن اور لکھاری محمد الکرد اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر جرمنی میں ہونے والے فلم فیسٹیول سے دستبردار ہو رہے ہیں، اب وہ اس کا حصہ نہیں بنیں گے۔

انہوں نے لکھا کہ جب سے انہیں معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ فلم فیسٹیول کا انعقاد ’گوئٹے انسٹی ٹیوٹ‘ کر رہا ہے، تب سے انہوں نے فیصلہ کیا کہ اب وہ اس کا حصہ نہیں بنیں گے۔

انہوں نے لکھا کہ ’گوئٹے انسٹی ٹیوٹ‘ نے گزشتہ ماہ فلسطینی لکھاری محمد الکرد کو فیسٹیول میں پہلے مدعو کیا اور بعد ازاں ان کی دعوت منسوخ کی، جس وجہ سے وہ مذکورہ ادارے کے بینر تلے ہونے والے فیسٹیول میں شرکت نہیں کر رہے۔

ساتھ ہی ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اعلان کیا کہ اب وہ ’گوئٹے انسٹی ٹیوٹ‘ کے کسی بھی ایونٹ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد حنیف کا جرمن کانفرنس میں شرکت سے انکار

انہوں نے اپنی پوسٹ میں مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی ان سے معذرت بھی کی۔

مذکورہ پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے بتایا کہ وہ جرمنی میں ہونے والے ’58 ہیون فلم فیسٹیول‘ میں شریک ہونے والے تھے، جس میں ان کی فلم پیش کی جانے تھی مگر انہیں معلوم ہوا کہ مذکورہ فلم فیسٹیول کا اہتمام بھی ’گوئٹے انسٹی ٹیوٹ‘ کر رہا ہے تو انہوں نے اس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے ’گوئٹے انسٹی ٹیوٹ‘ کو فلسطین مخالف اور یہودیت کا حامی ادارہ بھی قرار دیا۔

ذوالفقار علی بھٹو جونیئر سے قبل گزشتہ ماہ جون میں پاکستانی صحافی و ناول نگار محمد حنیف نے بھی فلسطینی لکھاری محمد الکرد سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ’گوئٹے انسٹی ٹیوٹ‘ کے فیسٹیول میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔

محمد حنیف کو ’گوئٹے انسٹی ٹیوٹ‘ کی جانب سے گزشتہ ماہ 23 سے 26 جون کو ہیمبرگ میں ہونے والی کانفرنس میں مدعو کیا گیا تھا۔

پاکستانی صحافی کے علاوہ مذکورہ کانفرنس میں دنیا بھر کے چیدہ چیدہ لکھاریوں، تاریخ نویسوں اور صحافیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

اسی کانفرنس میں فلسطین کے مزاحمتی شاعر اور لکھاری محمد الکرد کو بھی مدعو کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں ’گوئٹے‘ انتظامیہ نے ان کی دعوت منسوخ کرتے ہوئے ان کی جگہ دوسرے شخص کو مدعو کیا، جس پر احتجاج کرتے ہوئے محمد حنیف نے کانفرنس میں شرکت سے انکار کیا تھا اور اب ذوالفقار بھٹو جونیئر نے بھی انکار کردیا۔

محمد حنیف نے بھی جرمن کانفرنس میں شرکت سے انکار کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک/ ٹوئٹر
محمد حنیف نے بھی جرمن کانفرنس میں شرکت سے انکار کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک/ ٹوئٹر

تبصرے (1) بند ہیں

Kashif Jul 19, 2022 05:33pm
بہت اعلیٰ ۔ لکھاری ، ذمہ دار ہوتے ہیں ، بے حس نہیں ہونے چاہیے ۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024