'شکست تسلیم'، مسلم لیگ (ن) کو عوام کے فیصلے کے سامنے سرجھکانا چاہیے، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ(ن) نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شکست تسلیم کرلی اور نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عوام کے فیصلے کے سامنے سرجھکانا چاہیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ 'مسلم لیگ (ن) کو کھلے دل سے نتائج تسلیم کرنا چاہئیں اور عوام کے فیصلے کے سامنے سر جھکانا چاہیے'۔
مزید پڑھیں: پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی جاری، ابتدائی نتائج میں پی ٹی آئی آگے
انہوں نے کہا کہ 'سیاست میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، دل بڑا کرنا چاہیے جہاں جہاں کمزوریاں ہیں، ان کی نشاندہی کر کے انہیں دور کرنے کے لیے محنت کرنی چاہیے'۔
خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف اراکین کی خالی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج سامنے آرہے ہیں اور پی ٹی آئی کو واضح برتری حاصل ہے۔
غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے ملتان، ڈیرہ غازی خان میں زین قریشی اور سیف الدین کھوسہ کو کامیابی ملی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'کھلے دل سے تسلیم کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی کو لینڈ سلائیڈ فتح ملی ہے، عوام نے اپنی رائے کا اظہار کیا اور ہم عوام کی رائے کا احترام کرتے ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'میں تسلیم کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی جیت چکی ہے، ہم جیتنے والوں کو مبارک دیتے ہیں اور اپنی شکست تسلیم کرتے ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اس صورت حال میں مشکلات پیدا ہوئی ہیں اور آئندہ کے لیے اتحادیوں کی مشاورت سے مشترکہ فیصلہ ہوگا'۔
ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ 'میں 6 اضلاع میں مہم میں مصروف رہا اور آج پولنگ کے دن تک ہمیں اطمینان تھا کہ ہم باآسانی جیت جائیں گے لیکن نتائج اس کے برعکس ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'پنجاب میں حکومت لامحالہ وہ بنائیں گے لیکن اگر ہم ان کے لوگوں کو توڑنے کے عمل میں رہیں اور وہ لوگ جن کی پی ٹی آئی کے ساتھ رنجشیں ہیں ان کو توڑیں اور نمبر گیم میں جائیں گے تو 12 کروڑ کے صوبے کا نقصان ہوگا'۔