اسلام آباد پولیس کو اشتہاری اور عدالت سے مفرور 11ہزار ملزمان مطلوب

شائع July 17, 2022
اسلام آباد پولیس کو 11 ہزار اشتہاری اور مفرور مجرمان مطلوب — فائل فوٹو: ڈان
اسلام آباد پولیس کو 11 ہزار اشتہاری اور مفرور مجرمان مطلوب — فائل فوٹو: ڈان

وفاقی دارالحکومت کی پولیس کو دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، عصمت دری اور اغوا کے علاوہ ڈکیتی جیسے مختلف گھناؤنے جرائم میں ملوث 11 ہزار سے زائد اشتہاری مجرم اور عدالت سے مفرور ملزمان مطلوب ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دارالحکومت پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ 11 ہزار ملزمان میں سے 4 ہزار 480 اشتہاری جبکہ 7 ہزار 100 عدالت سے مفرور قرار دیے گئے ہیں۔

پولیس افسر نے کہا کہ دارالحکومت کی پولیس کی جانب سے مفرور ملزمان کی گرفتاری میں عدم دلچسپی اور دیگر مقدمات درج ہونے کی وجہ سے 2018 سے اشتہاری ملزمان کی تعداد 3 ہزار 272 سے بڑھ کر 4 ہزار 480 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے زیادہ تر ایسے ملزمان ہیں جن کو کئی برسوں سے گرفتار نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: اشتہاری، مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، نیب

انہوں نے کہا کہ اشتہاری اور عدالت سے مفرور ہونے والے ملزمان کی گرفتاری اور تلاش کے لیے پولیس کے پاس ان کی تفصیلات موجود نہیں ہیں، تاہم مفرور اور اشتہاری ملزمان میں سے صرف 15 فیصد کی تفصیل پولیس کے پاس موجود تھی جس کے نتیجے میں پولیس نے ان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے کوئی مؤثر کوششیں نہیں کیں۔

پولیس افسر نے کہا کہ وفاقی پولیس کی تفتیشی ونگ نے اب 60 فیصد اشتہاری اور مفرور ملزمان کی تفصیلات، ان کے خاندان سے متعلق معلومات، قومی شناختی کارڈ، پتا اور جرائم کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نادرا سے بھی 85 فیصد اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفرور افراد کے شناختی کارڈ منسوخ کروانے کے لیے رابطہ کیا گیا، ان کی تفصیلات تفتیشی ونگ کے پاس دستیاب تھیں اور شناختی کارڈ بلاک کرنے سے ملزمان بڑے پیمانے پر پولیس کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

پولیس افسر نے کہا کہ امیگریشن ڈپارٹمنٹ سمیت وفاقی تحقیقاتی ادارے سے بھی تفتیشی ونگ کی طرف سے رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ اشتہاری اور عدالتی مفرور ملزمان کے سفر کی تفصیلات حاصل کی جاسکے کہ آیا کوئی گرفتاری سے بچنے کے لیے ملک سے فرار تو نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے اگر امیگریشن ڈپارٹمنٹ کے ڈیٹا سے پتا چلا تو ان کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ 12 مئی کیس: مفرور 16 ملزمان کی گرفتاری کیلئے اشتہار

افسر نے بتایا کہ ایس ایس پی نے تفتیشی افسران سے اشتہاری ملزمان اور عدالت سے مفرور افراد کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 88 کے تحت کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

پولیس افسر نے کہا کہ 975 اشتہاری دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، عصمت دری اور اغوا کے علاوہ ڈکیتی جیسے گھناؤنے جرائم میں دارالحکومت کی پولیس کو مطلوب ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ 3 ہزار 505 ملزمان دیگر جرائم بشمول زخمی کرنے، مہلک اور غیر مہلک حادثات، چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں مطلوب ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024