• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہے، عطااللہ تارڑ

شائع July 17, 2022
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ پورے پنجاب میں دھاندلی کا کوئی ایک واقعہ سامنے نہیں آیا— فائل فوٹو: ڈان نیوز
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ پورے پنجاب میں دھاندلی کا کوئی ایک واقعہ سامنے نہیں آیا— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر داخلہ پنجاب عطااللہ تارڑ نے کہا کہ آج ہونے والے ضمنی انتخابات میں ٹرن آؤٹ بہت اچھا ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہے۔

آج پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر جاری ضمنی انتخابات کے حوالے سے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ہر جگہ پر الیکشن پرامن طریقے سے جاری ہے، اکا دکا واقعات ضرور ہوئے ہیں لیکن ان کی وجہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن قوانین کی پابندی نہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت پرانے راگ، پرانے ساز استعمال کر رہی ہے، دھاندلی کا رونا وہ رو رہے ہیں جنہیں مسلم لیگ (ن) کی واضح برتری اور اپنی شکست نظر آرہی ہو۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ لاہور اور شیخوپورہ سے اب تک 10 مسلح افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے، اسلحے سے لیس جتھوں کو روکنا ہماری ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملکی تاریخ کے اہم ترین ضمنی انتخابات، پولنگ کے دوران تصادم کے واقعات

انہوں نے کہا کہ کل لاہور سے پکڑے جانے والے شخص کے قبضے سے ہزاروں آئی ڈی کارڈز برآمد ہوئے تھے، اس شخص کا تعلق فرخ حبیب سے سامنے آیا ہے جنہوں نے ابھی تک اس حوالے سے کسی بھی طرح کی تردید نہیں کی، میں نے وکلا سے کہا ہے کہ فرخ حبیب کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ پورے پنجاب میں اب تک دھاندلی کا کوئی ایک واقعہ سامنے نہیں آیا، کوئی ایک ثبوت دے دیں، جہاں جہاں کوشش کی گئی وہاں ہم نے قانون کے مطابق روکا ضرور ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی ملتان کی ایک فیکٹری میں جاکر ووٹوں کی خرید و فروخت کی کوشش کر رہے ہیں، شاہ محمود قریشی صاحب! آپ کو آپ کا صاحبزادہ بہت لاڈلا ہوگا لیکن کسی کو ووٹوں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام نے عمران خان کا بیانیہ مسترد کردیا ہے، انہیں ایسی کیا ضرورت پیش آگئی کہ خیبرپختونخوا سے سیاسی نمائندے اور اہلکار پنجاب میں بھیجتے ہیں، کیا ان کے پاس پنجاب میں کوئی سیاسی ڈھانچہ موجود نہیں ہے؟ عثمان بزدار وسیم اکرم پلس تھے تو انہیں انتخابی مہم میں کیوں شامل نہیں کیا گیا؟

مزید پڑھیں: پنجاب ضمنی انتخابات: پاک فوج کا 'حساس علاقوں' کا جائزہ

ان کا کہنا تھا کہ آج ان شا اللہ مسلم لیگ (ن) کی فتح کا دن ہے، اس وقت جو رپورٹس آرہی ہیں ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو واضح اکثریت حاصل ہے، دھاندلی کا رونا رونے والے شام تک بھی روئیں گے اور شام ک بعد بھی روئیں گے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ہمارے کارکنان مکمل طور پر پُرامن ہیں، پی ٹی آئی کو بھی کہوں گا کہ اپنے کارکنان کو پُرامن رہنے کی تلقین کریں، اگر کہیں آپ کے رہنماؤں نے پولنگ اسٹیشن کے اندر جانے کی کوشش کی یا پولنگ اسٹیشن کے گیٹ پر پولنگ کا عمل رکوانے کی کوشش کی تو پھر قانون حرکت میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے محکمہ داخلہ اور پولیس کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی کو بھی امن و امان کی صورتحال بگاڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، بیشک اس کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024