• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

حکومت کا ریلوے، پی آئی اے کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان

شائع July 16, 2022
سعد رفیق نے بتایا کہ اس رعایت کا اطلاق اگلے 30 روز کے لیے ہوگا—تصویر:اسکرین گریب
سعد رفیق نے بتایا کہ اس رعایت کا اطلاق اگلے 30 روز کے لیے ہوگا—تصویر:اسکرین گریب

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت نے ریلوے اور پی آئی اے کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

اس حوالے سے ایک ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 'پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد وزیراعظم پاکستان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان ریلویز اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے یہ فائدہ اپنے مسافروں کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلویز کی میل/ایکسپریس کی اکانومی کلاس کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرول کی قیمت میں 18 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان

سعد رفیق نے کہا کہ اسی طرح پی آئی اے کی اندرونِ ملک تمام پروازوں کی دونوں کلاسوں پر کرایوں میں 10 فیصد رعایت دی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس رعایت کا اطلاق اگلے 30 روز کے لیے ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ واضح رہے کہ ریلویز میں 94 فیصد مسافر اکانومی کلاس میں سفر کرتے ہیں جبکہ پی آئی اے کے 90 فیصد اکانومی کلاس کے ہوتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کمی کا نوٹیفکیشن آئندہ روز 17 جولائی کو جاری کردیا جائے گا۔

سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے اس اقدام کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نجی ایئرلائنز کو بھی یہ ہدایت کرے گی کہ وہ اپنے کرایوں میں کمی کریں۔

مزید پڑھیں: حکومت نے پیٹرول 14 روپے 85 پیسے مزید مہنگا کردیا

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ صوبائی حکومتیں ٹرانسپورٹرز سے رابطہ کر کے ان کے کرایوں میں بھی کمی کے اقدامات کریں گی۔

یاد رہے کہ 14 جولائی کی رات قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمت میں کمی کے پیش نظر ملک میں پیٹرول کی قیمت میں 18 روپے 50 پیسے جبکہ ڈیزل 40 روپے 54 پیسے سستا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

یہاں یہ بھی مدِ نظر رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایدف) سے قرض معاہدے کی بحالی کے لیے تقریباً ڈیڑھ ماہ کے عرصے میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں اتحادی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 مرتبہ اضافہ کیا تھا جس کے بعد پیٹرول 248 روپے تک پہنچ گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024