غیرقانونی الاٹمنٹ کیس میں محکمہ انسداد کرپشن کا فرح خان کے گھر پر چھاپہ
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) پنجاب نے ایک مہنگے کمرشل پلاٹ کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ کے الزام میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرحت شہزادی عرف فرح خان کی لاہور میں رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکام نے کہا کہ ایک بوگس کمپنی بنا کر فیصل آباد میں 60 کروڑ روپے کا کمرشل پلاٹ 8 کروڑ روپے میں حاصل کرنے میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر اے سی ای فیصل آباد کی ٹیم نے فرح خان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔
اے سی ای کی جانب سے درج کیے گئے مقدمے میں فرح خان، ان کی والدہ اور فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کے کچھ افسران کو نامزد کیا گیا، فرح خان گزشتہ 3 ماہ سے متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ، آمدن سے زائد اثاثے: نیب نے فرح خان کو طلب کر لیا
فی الوقت اے سی ای فرح خان اور ان کے شوہر کی جائیدادوں کی تحقیقات کر رہی ہے، اس نے انڈسٹریل اسٹیٹ کے 2 اہلکاروں کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔
دریں اثنا قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے فرح خان کو آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں 20 جولائی کو طلب کر لیا۔
نیب نے اس تفتیش میں ان کے شوہر احسن جمیل اور دیگر 18 افراد کو بھی طلب کر لیا۔