• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نالائق کی حکومت رہتی تو وہ لاہور کو بھی کھنڈر بنا دیتا، مریم نواز

شائع July 15, 2022
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز — فوٹو: ڈان نیوز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز — فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پچھلے چار سال لاہور یتیم اور لاوارث تھا، اگر اس نالائق کی حکومت ایک سال اور رہتی تو وہ اسے بھی کھنڈر بنا دیتا، لاہور ان لوگوں کے پاس واپس آگیا ہے جو دن رات محنت کرکے ترقی کے ریکارڈ قائم کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 17 جولائی کو لاہور کے چار حلقوں میں انتخابات ہورہے ہیں، لاہور پہلے بھی نواز شریف کا تھا، اب بھی ہے اور آئندہ بھی نواز شریف کا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور پر بری نظر رکھنے والوں کو خبر ہو کہ 17 جولائی کو یہاں سے مایوس لوٹنا پڑے گا۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پچھلے چار سال لاہور یتیم اور لاوارث تھا، اگر اس نالائق کی ایک سال اور حکومت رہتی تو وہ اسے بھی کھنڈر بنا دیتا، لاہور ان لوگوں کے پاس واپس آگیا ہے جو دن رات محنت کرکے ترقی کے ریکارڈ قائم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان پہلا سیاستدان ہے جس کو سپریم کورٹ نے آئین شکن قرار دیا، مریم نواز

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے دن رات ایک کرکے لاہور اور پنجاب کو سجایا، جگہ جگہ اس کے نشانات نظر آتے ہیں، کہیں انڈر پاس ہے، کہیں اتنی اچھی سڑکیں ہیں، کسی نے مذاق کیا کہ اگر منہ کھلا ہو اور دانتوں میں خلا تو شہباز شریف وہاں بھی پُل بنا دے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ لاہور کو دوائیاں ملنا، ترقی ملنا بند ہو گئی، صبح صبح 5 بجے سڑک دھونے والے آتے تھے، مہینہ مہینہ کسی نے سڑک صاف نہیں کی، لاہور والوں گواہی دیتے ہو کہ پچھلے چار سال عید الضحیٰ پر الائشوں کے ڈھیڑ لگے ہوتے تھے، اس بار حمزہ شہباز نے 24 گھنٹے میں لاہور نہیں پورے پنجاب کی سڑکیں صاف کر دیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان لاہور میں اپنی مہم کا اختتام کرے گا، میں عاجزی اور فخر کے ساتھ اپنے بھائی حمزہ شہباز کے لیے مہم چلا رہی ہوں، لیکن لاہور والوں اس سے پوچھنا بنتا ہے کہ تمہارا وزیر اعلیٰ کہاں ہے، چار سال کٹھ پتلی بن کر عثمان بزدار بیٹھا رہا، کسی ایک بھی جلسے میں اسے دیکھا؟ اس نے لاہور کے لیے کچھ کیا ہوتا تو لاہور منہ دکھانے آتا۔

مزید پڑھیں: مشکل وقت گزر گیا اب روز خوشخبریاں ملیں گی، مریم نواز

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو تو یہ بھی نہیں پتا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار تھا، فرح گوگی تھی یا پنکی پیرنی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے چار سال ضائع ہوگئے، اگر یہاں پر نواز شریف کی حکومت ہوتی تو لاہور کی ترقی کیا کہہ رہی ہوتی؟ چار سال اس لیے ضائع ہوئے کہ عمران خود کٹھ پتلی تھا اور اس نے عثمان بزدار کو کٹھ پتلی رکھا ہوا تھا، عثمان بزدار نے فرح گوگی، فرح گوگی نے ابراہیم مانیکا اور اس نے بشریٰ پیرنی کو رکھا ہوا تھا۔

'عمران خان اس کے لیے ووٹ مانگے گا، جس کو وہ بڑا ڈاکو کہتا تھا'

مریم نواز نے کہا کہ اسی لیے پنجاب کا یہ حال ہوا، لاہور کی سڑکیں کوڑے کا ڈھیر بن گئیں لیکن آج سوال کرنا چاہتی ہوں، عمران خان آج اس کے لیے ووٹ مانگے گا جس کو وہ سب سے بڑا ڈاکو کہتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ بلے اور شیر کی نہیں ہے، یہ جنگ لاہور اور پنجاب کی ترقی کی ہے جو ہم ان سے چھین کر لیں گے، یہ میٹرو بس کو جنگلا بس کہتا تھا لیکن تھوک کر چاٹا اور خیبر پختونخوا میں بھی جنگلا بس شروع کی۔

یہ بھی پڑھیں: مقابلہ گیدڑ سے نہیں، اس کی لائی ہوئی مہنگائی اور کرپشن سے ہے، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ اس کو پتا چلا کہ شہباز شریف قیمتیں کم کرنے کا اعلان کرنے والا ہے، سیانہ بنتا ہے، ٹی وی پر آکر بولتا ہے کہ شہباز شریف قیمتیں کم کرو، او بھائی چار سال عوام پر مہنگائی کے طوفان توڑتے رہے ہو، تمہارا قیمتیں کم کرنے سے کیا تعلق ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر اسی طرح عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہوتی رہیں تو 15 دن بعد پاکستان میں بھی قیمتوں کو مزید کم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ شیر پر مہر لگائیں اور میں آپ سے وعدہ کرتی ہوں کہ جب تک آپ کی زندگیوں میں بہاریں واپس نہ لے آئیں اس وقت تک شیر آرام سے نہیں بیٹھے گا، پی پی 168 والوں آپ کا جذبہ بتا رہا ہے کہ 17 جولائی کو شیر دھاڑے گا۔

'ملتان میں گاڑی کی چھت سے جلسہ کیا تھا'

بعد ازاں ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ظالم حکومت نے میرے جلسے والے دن ملتان اسٹیڈیم کو تالا لگادیا تھا لیکن ملتان کی بہنوں اور بھائیوں نے جلسہ ہونے سے رکنے نہیں دیا اور مجھے یاد ہے کہ وہ جلسہ کسی اسٹیج سے نہیں بلکہ گاڑی کی چھت پر چڑھ کر کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملتان سے میری محبت کا ثبوت ہے کہ آج آخری جلسہ ملتان میں کیا، پچھلے چند دنوں میں 40گھنٹے سفر کیے اور ایک دن میں 2،2 جلسے کیے لیکن مہم کا اختتام ملتان میں کیا۔

'حالات ایسے رہے تو دو ہفتوں میں قیمتیں مزید کم ہوں گی'

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کل پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تو خوشی ہوئی۔

مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف نے بتایا ہے قوم کو خوش خبری سنانا اگر عالمی مارکیٹ میں اسی طرح قیمتیں کم رہیں تو دو ہفتوں بعد مزید کمی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکل دور سے نکل جائے گا، اب آنے والے دن پاکستان اور قوم کے لیے اچھی خبریں لے کر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 17 جولائی کو پنجاب کی ان لوگوں کے ساتھ جنگ ہے جنہوں نے پنجاب کو لوٹ اور نوچ کر کھایا، ابھی خیبرپختونخوا بارشوں میں ڈوبا ہوا لیکن روز پنجاب کے شہروں میں آکر روز جھوٹ بول کر جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں جب الیکشن ہو رہے تھے تو اس جھوٹے شخص نے جنوبی پنجاب محاذ کا ڈراما رچایا تھا تو وہ جنوبی پنجاب محاذ اور صوبہ بنانے کا منصوبہ کہاں گیا، الٹا جنوبی پنجاب کی بنی بنائی سڑکیں ٹوٹ گئیں، حالات اور خراب ہوگئے، کوئی نیا اسکول یا ہسپتال نہیں بنا اور اس نے دھوکا دیا۔

'عمران خان چیئرمین نیب کو بلیک میل کرتا رہا'

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران خان نے لوگوں اور ہمیں چور اور ڈاکو کہا لیکن چیئرمین نیب کو ویڈیو دکھا کر بلیک میل کرتا رہا لیکن کسی کو نہ تو چور اور نہ ہی ڈاکو ثابت کرسکا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہتا ہے طاقت ور قانون سے بالاتر ہوتا ہے، اس نے ریاست کی پوری طاقت لگا دی لیکن کچھ ثابت نہیں کرسکا کیونکہ اس کے سارے الزامات جھوٹے تھے اور جب سے حکومت سے نکلا ہے روز نیا اسکینڈل ٹی وی پر آتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جب ادارے اس کا ساتھ دیں، اس کی انگلی پکڑ کر اس کو چلائیں، اس کی آنکھیں، کان اور ناک بنیں تو ادارے اچھے لیکن جس دن ادارے اس کا ساتھ چھوڑ کر آئین اور قانون کا ساتھ دینے کا فیصلہ کریں تو ادارے غلط ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن قانون کے تحت چل رہا ہے تو ای سی پی برا ہوگیا، عدالتیں جب اس کی آئین شکنی پر نوٹس لیں تو کہتا ہے مجھے بڑی تکلیف ہوئی ہے تو جب آئین توڑ رہے تھے تو تکلیف نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مذہب اور اسلامی کارڈ کھیلا، مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کیا، ہم سب پر توہین مذہب کے الزامات لگائے لیکن ہم پر تہمتیں لگائیں اور احسن اقبال پر گولیاں چلیں۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے مجھے کہا کہ یہ فلیٹوں کی مالک ہے اور میری اپیل پتہ نہیں کتنے مہینوں سے چل رہی ہے، جب عدالت ثبوت مانگتی ہے تو نیب کہتا ہے کورونا ہوا، دو مہینے کی چھٹی چاہیے۔

‘مجھے ڈیتھ سیل میں رکھا جہاں باتھ روم اور کمرے کی دیوار نہیں تھی’

ان کا کہنا تھا کہ مجھے سزائے موت کی چکی میں رکھا گیا تھا وہاں باتھ روم اور کمرے میں دیوار نہیں تھی، جب نماز پڑھتی تھی تو پتہ نہیں چلتا تھا کہ باتھ روم یا کمرے میں نماز پڑھ رہی ہوں، جب قرآن پاک رکھنے کے لیے ٹیبل مانگی تو انہوں نے کہا کہ ٹیبل رکھنے کی اجازت نہیں، دیوار پر ایک پٹی لگاتےہیں اس پر رکھیں اور اس وقت عمران خان فرعون بنا ہوا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ میں لڑائی جھگڑا کرنا نہیں چاہتی، صرف چاہتی ہوں یہ ملک آگے بڑھے اور ترقی کرے، میں آج پور پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ملتان کے نوجوانوں کے لیے اور تحریک انصاف کے نوجوانوں کے لیے محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام لا کر آئی ہوں لیکن مریم نواز کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینا آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک ایسا وزیراعلیٰ رکھا گیا تھا جس کے بارے میں کہا کہ اس کے گاؤں میں بجلی نہیں ہے اور جب وہ رخصت ہوا تو پورے پنجاب میں بجلی نہیں تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024