حریم شاہ ترکی کے ایئرپورٹ سے گرفتار، رپورٹ
متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا اسٹار حریم شاہ کو اسلامی ملک ترکی کے ایئرپورٹ پر خلیجی ملک جانے سے قبل گرفتار کرلیا گیا۔
جرمن نشریاتی ادارے ’ڈوئچے ویلے‘ (ڈی ڈبلیو اردو) کے مطابق حریم شاہ کو شوہر کے ہمراہ ترکی کے ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ٹک ٹاکر سے بھاری مقدار میں سونا اور غیر ملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی۔
اسی طرح سما ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ٹک ٹاکر کو شوہر بلال شاہ کے ہمراہ ترکی کے ایئرپورٹ سے خلیجی ملک عمان اڑان بھرتے وقت گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ٹک ٹاکر شوہر کے ہمراہ عمان کے دارالحکومت مسقط کے لیے روانہ ہو رہی تھیں مگر ایئرپورٹ پر تلاشی کے دوران انہیں اس وقت حراست میں لیا گیا جب ان سے بھاری مقدار میں سونا اور غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق حریم شاہ سے سونا اور کرنسی برآمد ہونے کے ترک ایئرپورٹ حکام نے انہیں تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی، تاہم رپورٹ میں مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب جیو نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ٹک ٹاکر کے قریبی رشتے داروں نے ان کی گرفتاری کی خبروں کو مسترد کردیا اور بتایا کہ حریم شاہ کا مسقط سفر کرنے کا کوئی پروگرام ہی نہیں تھا تو وہ گرفتار کیسے ہوں گی؟
حریم شاہ گزشتہ برس سے بیرون ملک ہیں اور وہ ترکی کے علاوہ برطانیہ، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت دیگر خلیجی ممالک کے دوران سفر کرتی رہتی ہیں۔
پاکستان میں بھی ان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسمگلنگ کے کیس کی تفتیش جاری کر رکھی ہے اور وہ پاکستان میں بھی منی لانڈرنگ اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کے کیسز میں مطلوب ہیں، تاہم انہوں نے اپنے خلاف دائر کیسز پر سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔
حریم شاہ کی ترکی میں گرفتاری کی خبر ٹوئٹر پر پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ بھی بنی اور 15 جولائی کو لوگوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں دعوے کیے کہ انہیں گرفتار کرلیا گیا۔