• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

'مضبوط رہیں' ویرات کوہلی کی دلجوئی پر بابراعظم کی تعریفیں

شائع July 15, 2022
بابر اعظم نے بھارتی اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کے ہمراہ  ٹی 20 ورلڈکپ میں لی گئی تصویر پوسٹ کی—فوٹو:ٹوئٹر
بابر اعظم نے بھارتی اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کے ہمراہ ٹی 20 ورلڈکپ میں لی گئی تصویر پوسٹ کی—فوٹو:ٹوئٹر

کرکٹ کا کھیل مختلف ممالک کی ٹیموں کو میدان میں ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرسکتا ہے لیکن میدان سے باہر کھلاڑیوں کو مخالفت کے جذبات اور اختلافات سے بالاتر دیکھنا اچھا لگتا ہے۔

اسی طرح کی اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی کپتان بابر اعظم نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی حمایت کی اور سرحد کے دونوں جانب لاکھوں لوگوں کے دل جیت لیے۔

گزشتہ روز عالمی شہرت یافتہ پاکستانی بلے باز بابر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کے ہمراہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں لی گئی تصویر پوسٹ کی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے اپنی پوسٹ میں ویرات کوہلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے کیریئر کے دوران جس مشکل دور سے وہ ان دنوں گزر رہے ہیں وہ عارضی ہے، یہ مشکل وقت گزر جائے گا، مضبوط رہیں۔

بابر اعظم کی جانب سے بھارتی کرکٹر کی حوصلہ افزائی کا یہ پیغام ان کی حالیہ خراب کارکردگی پر تنقید کے بعد سامنے آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم نے ویرات کوہلی کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

ویرات کوہلی کا شمار جدید کرکٹ کے بڑے بلے بازوں میں ہوتا ہے لیکن گزشتہ کئی ماہ سے وہ فارم میں نہیں ہیں۔

ویرات کوہلی کی کارکردگی کو نہ صرف ناقدین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا بلکہ سابق بھارتی کرکٹرز بھی سابق کپتان کی پرفارمنس پر تشویش کا اظہار کر رہے تھے۔

ویرات کوہلی گروئن انجری کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف پہلا ون ڈے نہیں کھیل سکے تھے اور دوسرے میچ میں صرف 16 رنز بنا سکے تھے، بھارت کو لارڈز میں 100 رنز سے شکست ہوئی، بھارتی کرکٹر کی حالیہ خراب فارم اور کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دائیں ہاتھ کے کھلاڑی اپنی آخری 77 بین الاقوامی اننگز میں سنچری بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

بھارتی سلیکٹرز نے گزشتہ روز دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے 18 رکنی ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان کیا تو اس میں ویرات کوہلی کا نام شامل نہیں تھا اور انہیں ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: بابر اعظم نے سنچری بنا کر کوہلی کو ریکارڈ سے محروم کردیا

بھارتی اسکواڈ میں کوہلی کا نام نہ آنے پر پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کوہلی کے ساتھ لی گئی ایک تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی اور انہیں حوصلہ رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔

بابر اعظم کی اس ٹوئٹ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بار بار شیئر کیا گیا جبکہ انٹرنیٹ صارفین نے بابر اعظم کی جانب سے زبردست اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرنے پر ان کی خوب تعریفیں کی۔

ٹوئٹر صارفین نے اپنے پیغامات میں دونوں کھلاڑیوں کو کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے قرار دیا اور بابر اعظم کی جانب سے ویرات کوہلی کو ان کے مشکل وقت میں سپورٹ کرنے کے جذبے کی دل کھول کر تعریف کی۔

پاکستانی سرحد کے دوسری جانب سے بھی کئی صحافیوں اور مداحوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کے بارے میں زبردست جذبات کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم کی عظمت اور ناقدین کی گراوٹ کی انتہا

سوہنی ایم نامی ٹوئٹر صارف نے اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ اس کرکٹ سیزن کی بہترین ٹوئٹ ہے، کچھ لوگ بابر اعظم اور ویرات کوہلی کو ہمیشہ ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرتے رہے ہیں جیسا کہ وہ ایک دوسرے کے دشمن ہوں، جبکہ آج عالمی کرکٹ کے سرفہرست بلے بازوں میں سے ایک بابر اعظم کھلے دل کے ساتھ ویرات کوہلی کی حمایت کر رہے ہیں، یہی وہ جذبہ ہے جو ہمیں کھیل سکھاتے ہیں۔

چندیش نارایانن نامی صارف نے لکھا کہ بابر اعظم کی بات ہی الگ ہے، اپنی صرف ایک ٹوئٹ سے انہوں نے بہت سے دل جیت لیے اور تاریخ کی کھڑی ہوئی رکاوٹوں کو توڑ دیا، شاباش نوجوان۔

کرشنا کمار نامی صارف نے لکھا کہ انہیں یہ ٹوئٹ بہت پسند ہے۔

سد ملہوترا نامی صارف نے لکھا کہ جب میں نے یہ ٹوئٹ دیکھی تو مجھے یقین نہیں آیا، میں سمجھا کسی نے بابر اعظم کا جعلی اکاؤنٹ بنایا ہے مگر جب پتا چلا کہ یہ ان کا اصلی اکاؤنٹ ہے تو بہت خوشی ہوئی۔

کوہلی فینز نامی صارف نے لکھا بابر اعظم نے آج اپنے ایک ٹوئٹ سے کروڑوں دل جیت لیے ہیں، میرا بابر اعظم اور پاکستانی عوام سے وعدہ ہے کہ اگر کبھی بابر اعظم برے دور سے گزرے تو میں ان کے ساتھ ان کا فین بن کر کھڑا ہوں گا اور جو لوگ ان پر تنقید کریں گے، ان کی مخالفت کروں گا چاہے ان کا تعلق کسی بھی ملک سے ہو۔

یانک بولاسی نامی صارف نے ٹوئٹ پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔

سماجی کارکن اور وکیل جبران ناصر نے کہا کہ اس طرح کے 'ہمدردی' کے جذبات کا اظہار صرف کوئی بڑا کھلاڑی ہی کرسکتا ہے، انہوں نے قومی کپتان کو دنیا بھر کے کرکٹرز کے لیے رول ماڈل قرار دیا۔

مزید پڑھیں: بابر اعظم مارچ کے مہینے کے لیے آئی سی سی کے بہترین کھلاڑی قرار

پاکستانی شائقین کرکٹ نے دونوں کرکٹرز کو عالمی کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین کرکٹرز قرار دیا اور کہا کہ انہیں بابر اعظم کا مداح ہونے پر فخر ہے۔

یقینی طور پر دوسرے کھلاڑیوں کے لیے اعلیٰ مثال قائم کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024