• KHI: Fajr 5:22am Sunrise 6:39am
  • LHR: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am
  • ISB: Fajr 5:03am Sunrise 6:27am
  • KHI: Fajr 5:22am Sunrise 6:39am
  • LHR: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am
  • ISB: Fajr 5:03am Sunrise 6:27am

نیب کا جاری انکوائریوں، تحقیقات سے متعلق معلومات میڈیا کو فراہم نہ کرنے کا فیصلہ

شائع July 15, 2022
نیب نے زیر التوا انکوائریوں اور تحقیقات کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی— فائل/فوٹو: نیب ویب سائٹ
نیب نے زیر التوا انکوائریوں اور تحقیقات کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی— فائل/فوٹو: نیب ویب سائٹ

موجودہ حکومت کی جانب سے نیب (دوسری ترمیم) ایکٹ 2022 کے ذریعے احتساب قانون میں کی گئی ترامیم کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے جاری انکوائریوں اور تحقیقات سے متعلق معلومات میڈیا سے شیئر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیب نے بیورو کے سامنے زیر التوا انکوائریوں اور تحقیقات کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی، اس کے علاوہ شواہد کی کمی کے باعث ایک درجن سے زائد تحقیقات بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

ایک سرکاری ہینڈ آؤٹ کے مطابق یہ فیصلے نیب کے اعلیٰ ترین مشاورتی فورم 'نیب ایگزیکٹو بورڈ' کے اجلاس میں کیے گئے جس کی صدارت قائم مقام چیئرمین نیب ظاہر شاہ نے کی۔

یہ بھی پڑھیں: نیب قوانین میں ترمیم سے مسلم لیگ (ن) کے کیسز ختم کرنے کا تاثر غلط ہے، شاہدخاقان عباسی

ڈائریکٹر جنرل نیب ہیڈکوارٹرز کی سربراہی میں قائم خصوصی کمیٹی قانون کے مطابق مقدمات کو جاری رکھنے، بند کرنے یا متعلقہ محکمے کو بھیجنے کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کرے گی، رپورٹ کو مزید جائزے اور منظوری کے لیے ایگزیکٹو بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اہم پیش رفت میں نیب حکام نے ترمیم شدہ قانون کی تعمیل میں مجاز انکوائریوں اور تحقیقات کی تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کی جانب سے یہ تنقید کی جاتی رہی ہے کہ نیب کو اقتدار میں رہنے والے اپنے مخالفین کے سیاسی انتقام اور کردارکشی کے لیے استعمال کرتے ہیں، اس حوالے سے مذکورہ ہینڈ آؤٹ میں کہا گیا ہے کہ 'نیب عوام دوست ادارہ ہے، یہ ہر فرد کی عزت نفس کے تحفظ پر یقین رکھتا ہے'۔

مزید پڑھیں: نیب قانون میں ترمیم کےخلاف عمران خان کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے ناکافی شواہد یا عدالت میں ناقابل قبول ہونے کے سبب متعدد انکوائریاں اور تحقیقات بند کرنے کا فیصلہ کیا۔

بورڈ نے مندرجہ ذیل افراد/انتظامیہ کے خلاف انکوائریاں بند کرنے کی منظوری دی ہے:

  • بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ
  • قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (گلگت بلتستان) کے افسران/عہدیداران
  • پاکستان بیت المال کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر بیرسٹر شیخ عابد وحید
  • پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف سیکیورٹی افسر ریٹائرڈ میجر سید خالد امین شاہ
  • پی ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل سلیم حسن وٹو
  • امین وینس، سابق سی سی پی او لاہور
  • ذوالفقار گھمن، ڈی جی اسپورٹس بورڈ، پنجاب
  • محمد رمضان اعوان، سابق سیکریٹری لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ، سندھ
  • ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر اعظم حسین یوسفانی، وائس چانسلر پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز برائے خواتین، شہید بینظیر آباد
  • سابق سیکریٹری داخلہ بلوچستان اکبر درانی
  • ارتھ کوئیک ری کنسٹرکشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن اتھارٹی کے افسران/ اہلکار اور ٹھیکیدار
  • وزارت خزانہ کے سابق ایڈیشنل سیکریٹری شاہد حسین اسد

علاوہ ازیں نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے گوادر پورٹ اتھارٹی کے سابق چیف ہائیڈرو گرافر معراج اے سید اور دیگر کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور 70 کروڑ 94 لاکھ روپے کے سرکاری فنڈز کے غبن کے الزام میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

کارٹون

کارٹون : 31 اکتوبر 2024
کارٹون : 30 اکتوبر 2024