• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

آئی ایم ایف معاہدہ، عالمی منڈی میں قیمت میں کمی کے بعد پیٹرول پر 'ریلیف' دیں گے، وزیر خزانہ

شائع July 14, 2022
مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ہماری سستا پیٹرول اور سستا ڈیزل اسکیم اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تعریف کی ہے —فائل فوٹو: ڈان نیوز
مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ہماری سستا پیٹرول اور سستا ڈیزل اسکیم اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تعریف کی ہے —فائل فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدہ طے پانے اور اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول، ڈیزل اور دیگر اشیائے ضروریہ پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ حکومت نے کامیابی سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے اور اب اس سے ترقی اور خوش حالی کے راستے پر گامزن کر دیا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے مشکل فیصلے کیے جس سے ملک کی معیشت درست راستے پر آ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پیٹرول کی قیمت میں کمی کی سمری وزیراعظم کو ارسال کی جارہی ہے، مفتاح اسمٰعیل

مفتاح اسمٰعیل نے آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب معاہدے پر پوری قوم کو مبارک باد دی اور کہا کہ حکومت مزید سخت محنت کر کے محصولات کے نظام کو بہتر بنائے گی اور نادار لوگوں کے لیے آسانی پیدا کرے گی۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر جماعتوں کی طرف سے تعاون اور کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مبارک باد بھی دی۔

مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ہماری سستا پٹرول اور سستا ڈیزل اسکیم اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو پچھلے چار برسوں کے دوران عمران خان اور ان کی حکومت کی طرف سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں سے بچایا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پی ٹی آئی سربراہ نے اس معاہدے سے انکار کیا جو ان کی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ کیا تھا اور ملک کو اس مقام پر پہنچانے کی کوشش کی جہاں آج سری لنکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امید ہے گھی 100 یا 150 روپے سستا ہوگا، وزیر خزانہ

مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ عمران خان کی پاکستان کو دیوالیہ کرنے کی سازش ناکام ہو گئی ہے، زندگی اب معمول کی طرف لوٹ جائے گی۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ ہم پاکستان کو ترقی اور خوش حالی کی طرف لے جائیں گے, ہم مزید ٹیکس جمع کریں گے، مزید محنت کریں گے اور لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ڈالر کی اڑان، خام تیل درآمد کرنے والے سب سےبڑے ملک چین میں کورونا کی وجہ سے طلب میں کمی اور عالمی اقتصادی سست روی کے بڑھتے ہوئے خدشات کے باعث عالمی بینچ مارک برینٹ کروڈ بدھ کے روز مزید 39 فیصد گر کر 99.10 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔

رپورٹ کے مطابق منگل کو وزیر اعظم نے وزارت خزانہ اور پیٹرولیم سے سمری طلب کی تھی جس میں عوام پر مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تجویز دی گئی تھی۔

وزیر اعظم نے اجلاس کے شرکا سے کہا تھا کہ عالمی منڈیوں میں تیل میں کمی کے بعد حکومت اس کا پورا فائدہ ان صارفین تک پہنچائے گی جو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ حکومت بین الاقوامی مارکیٹ میں کمی کے برابر تیل کی قیمتوں کو شفاف طریقے سے کم کرے گی، جو کہ وزیر اعظم آفس کے بیان کے مطابق عید الاضحیٰ کے موقع پر لوگوں کے لیے تحفہ ہے۔

مزید پڑھیں: ایف بی آر نے گزشتہ سال کی نسبت 45 فیصد زائد ٹیکس اکٹھا کیا، وزیر خزانہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی زیرقیادت مخلوط حکومت مئی کے آخری ہفتے سے پیٹرولیم کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے کیونکہ حکومت نے آئی ایم ایف کی طرف سے قرض کی قسط جاری کرنے کے لیے ایندھن کی سبسڈی میں کمی کردی تھی۔

26 مئی سے پیٹرول کی قیمت 66 فیصد یعنی 99 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 92 فیصد یعنی 132.39 روپے، مٹی کے تیل کی قیمتیں 95 فیصد یعنی 111.95 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں 80 فیصد یعنی 100.59 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024