• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عمران خان پہلا سیاستدان ہے جس کو سپریم کورٹ نے آئین شکن قرار دیا، مریم نواز

شائع July 14, 2022
مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ نے سازشی بیانیے کو اڑا کر رکھ دیا — فوٹو: ڈان نیوز
مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ نے سازشی بیانیے کو اڑا کر رکھ دیا — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کی تاریخ میں پہلا سیاست دان ہے جس کو سپریم کورٹ نے جھوٹا اور آئین شکن قرار دیا۔

راولپنڈی کے علاقے کلرسیداں میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مشکل فیصلے جو کرنے پڑے وہ کیے، دل پر پتھر رکھ کر کیے، عمران خان پاکستان میں جو بارودی سرنگیں بچھا کر گیا تھا، ان کو مسلم لیگ (ن) نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ایک ایک بارودی سرنگ کو اپنے ہاتھ سے ہٹا کر پاکستان کو بچایا ہے۔

مزید پڑھیں: مقابلہ گیدڑ سے نہیں، اس کی لائی ہوئی مہنگائی اور کرپشن سے ہے، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ مشکل دور ختم ہوا، ان شااللہ آنے والے دن اچھی سے اچھی خبریں لے کر آئیں گے اور آج شام کو وزیراعظم شہباز شریف قوم سے خطاب کریں گے اور پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عوام ہماری ذمہ داری ہیں، وہ جو کہتے تھے ہم آلو، پیاز کے ریٹ معلوم کرنے نہیں آئے، آج کل اپنی تقریروں میں دھنیا اور پودینے کا ریٹ بھی بتاتے ہیں۔

'سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلے میں سازشی بیانیے کو اڑا کر رکھ دیا'

مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ کا کل جو تاریخی فیصلہ آیا ہے، اس میں فتنہ خان کی جھوٹی سیاست کو اڑا کر رکھ دیا، پاکستان کے 75 سال میں یہ پہلا سیاست دان ہے، جس کو سپریم کورٹ نے کہا یہ جھوٹا بھی ہے اور آئین شکن بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے جج نے کہا یہ پاکستان کا آئین توڑنے کا مرتکب ہوا ہے تو مبارک ہو عمران خان تم پاکستان کے پہلے سیاست دان ہو جس نے آمر کو بھی مات دی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سے کہتی ہوں کہ پاکستان کے مقدس آئین توڑنے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، غداری کے مقدمے چلنے چاہئیں، انہوں نے پاکستان کے آئین کو اپنے پاؤں تلے روندا ہے، اس لیے ان کو ایسی سزا ملنی چاہیے کہ پھر کسی کو آئین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں: تمام مشکل فیصلے کیے جاچکے، اب اچھا وقت آئے گا، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے اس کے سازش والے بیانیے کو بھی اڑا کر رکھ دیا، اس نے قوم اور پاکستان سے جھوٹ بولا کہ امریکا نے اس کے خلاف سازش کردی، سپریم کورٹ کے ایک جج نے لکھا کہ اس نے سازش کا کوئی ثبوت نہیں دیا تو اس کے پاس کوئی ثبوت ہوتے تو دیتا ورنہ سازش کا ثبوت پیش کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے بہتر کون سی جگہ ہے۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اس نے سوچا ہوگا کہ شاید سپریم کورٹ بھی کوئی جلسہ ہے جہاں یہ کھڑا ہو کر جھوٹ بولے گا، الزام عائد کرے گا، بہتان اور گالیاں دے گا لیکن وہاں ثبوت دینا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے صرف عمران خان کے سازشی بیانیے کو تباہ نہیں کیا آئین شکنی کو نہیں پہچانا بلکہ ثاقب نثار کے جھوٹے صادق اور امین کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں۔

'عمران خان اپنی حکومت کے باوجود ضمنی انتخابات ہارا، اب دھاندلی کا شور مچا رہا ہے'

ان کا کہنا تھا کہ یہ اب رونا شروع ہوگیا کہ دھاندلی ہو رہی ہے، جو شخص اپنی حکومت اور سیم پیج ہوتے ہوئے مسلم لیگ (ن) سے سارے ضمنی انتخابات ہار گیا وہ کہتا ہے دھاندلی ہو رہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ دھاندلی کیا ہوتی ہے عمران خان سے زیادہ کون جانتا ہے کیونکہ وہ دھاندلی کا موجد اور بانی ہے، دھاندلی تو وہ ہوتی ہے جب الیکشن سے پہلے پارٹی کے سربراہ کو نااہل کرکے جیل میں بند کردو، نواز شریف کو نااہل کرکے جیل بھیج دیا لیکن عمران خان تو سرعام دندناتا پھر رہا ہے، کیا کسی نے جیل میں بند کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی وہ ہوتی ہے کہ باپ کا ساتھ دینے پر بیٹی کو اٹھا کر جیل میں پھینک دو، عمران خان کے بچے تو آرام سے لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں، دھاندلی تو وہ ہوتی ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی تقریروں پر پابندی لگا دو لیکن عمران خان تو روز تین، تین دفعہ قوم کا مغز کھاتا ہے۔

مزید پڑھیں: مشکل وقت گزر گیا اب روز خوشخبریاں ملیں گی، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ دھاندلی تو وہ ہوتی ہے کہ دباؤ ڈال کر اور تھپڑ مار کر نواز شریف کے اراکین کو یا تو نااہل کرایا یا کہا مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ واپس کردو ورنہ چھوڑیں گے نہیں، عمران خان کے سارے امیدوار میدان میں ہیں، مسلم لیگ (ن) نے کسی کو سازش کرکے باہر نہیں کیا۔

نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کہہ رہا ہے مسٹر ایکس اور مسٹر وائی دھاندلی کر رہے ہیں، اے بی سی شروع کرتا ہے تو ایکس وائی زیڈ سے کرتا ہے، اے بی سی میں جی، پی اور آئی بھی آتا ہے، جی سے گوگی، پی سے پنکی پیرنی اور آئی سے ابراہیم مانیکا بھی ہوتا ہے جو ارب پتی ہے اور مسٹر ایکس عمران خان ان کا سرغنہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نواز شریف کی تصویر ہر جگہ نظر آئے گی اور جس موٹروے سے عمران خان جلسے میں پہنچے تھے وہ بھی نواز شریف نے بنایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024