ٹی وی شو میں ڈانس کرنے پر ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو تنقید کا سامنا
عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کے ہیرو فہد مصطفیٰ اور ہیروئن ماہرہ خان کو ٹی وی شو میں اپنی ہی فلم کے گانے پر ڈانس کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔
دونوں اداکار عید کے موقع پر ایکسپریس ٹی وی کے شو ’اسٹار کی کشش ود شہریار منور‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے ’قائد اعظم زندہ باد‘ سمیت دیگر فلموں پر کھل کر باتیں کی۔
شو میں مذکورہ فلم کے ہدایت کار نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی میرزا بھی شریک ہوئیں اور انہوں نے بھی فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کیا۔
پروگرام کے مختلف سیگمنٹس میں دونوں اداکاروں نے کھیل بھی کھیلے جب کہ اختتام پر دونوں نے اپنی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کے گانے ’لوٹا رے‘ پر میزبان کے ہمراہ ڈانس بھی کیا۔
فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی جانب سے ٹی وی شو میں ڈانس کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد لوگوں نے ان پر خوب تنقید کی اور ان کے ڈانس کو بھی برا کہا۔
ان پر تنقید کرنے والے لوگوں نے کمنٹس کیے کہ انہوں نے فلم کی پروموشن کے دوران شاپنگ مالز، روڈوں اور ٹی وی شوز میں ڈانس کیے مگر اس باوجود وہ لوگوں کو اپنی فلم دیکھنے کے لیے راضی نہ کر سکے۔
بعض لوگوں نے ان پر تنقید کی کہ ان کی فلم بیکار تھی جب کہ کچھ لوگوں نے انہیں مسخرا بھی قرار دیا۔
بعض لوگوں نے دونوں کے ڈانس پر سخت تنقید کرتے ہوئے ٹی وی شو کے فارمیٹ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور الزام لگایا کہ شہریار منور کے شو کو بھی بھارتی کپل شرما شو کی کاپی کرکے بنایا گیا۔
کچھ افراد نے ماہرہ خان کو ڈانس کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ انہیں ہر بار ڈانس کرنے سے گریز کرنا چاہیے، انہیں اپنے ماضی کے روایتی کام پر توجہ دینی چاہیے، وہ انتہائی اچھی اداکارہ ہیں مگر ان کا ہر بار ڈانس کرنا فضول ہے۔