• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ریا چکربورتی نے سشانت سنگھ کو منشیات فراہم کی، این سی بی

شائع July 14, 2022
اداکارہ اور اداکار کے درمیان تعلقات بھی تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ اور اداکار کے درمیان تعلقات بھی تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بھارت کی انسداد منشیات فورس ’اینٹی نارکوٹس بیورو‘ (این سی بی) نے بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے قتل کے دو سال بعد انہیں منشیات فراہم کرنے والے افراد کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ پیش کرتے ہوئے اس میں اداکارہ ریا چکربورتی کو بھی شامل کردیا۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق این سی بی نے سشانت سنگھ راجپوت کے قتل کیس میں مجموعی طور پر 35 افراد کے خلاف چارج شیٹ پیش کی، جن پر منشیات کی اسمگلنگ کرنے سمیت شوبز شخصیات کو منشیات فراہم کرنے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

مذکورہ چارج شیٹ میں ریا چکربورتی کو ملزم نمبر 10 کے نام سے لکھا گیا ہے اور ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے سال 2020 میں سشانت سنگھ راجپوت کے لیے چرس، گانجا اور کوکین سمیت دیگر نشے خریدے اور انہیں فراہم کیے۔

چارج شیٹ میں ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اداکارہ نے غیر قانونی طور پر ان افراد سے منشیات خریدی، جن کے پاس لائسنس ہی نہیں تھا اور ان کا منشیات فروشوں سے اچھا تعلق رہا۔

یہ بھی پڑھیں: سشانت سنگھ کیس پر مختصر نظر - کب، کیا ہوا؟

ریا چکربورتی پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے طرح طرح کے نشے سشانت سنگھ راجپوت کو فراہم کیے اور اس کے عوض انہوں نے ان سے رقم بھی بٹوری۔

چارج شیٹ میں سشانت سنگھ کی موت کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی، البتہ صرف انہیں منشیات فراہم کرنے والے ملزمان کے نام دیے گئے ہیں اور ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے اداکار کو منشیات فراہم کی۔

سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون 2020 کو دوپہر کے وقت ممبئی میں اپنے فلیٹ پر ملازمین اور دوست کی موجودگی میں پھندا لگا کر خودکشی کی تھی، جس کے بعد یہ خبریں آنے لگیں کہ انہوں نے ڈپریشن کے باعث زندگی ختم کی اور بعد ازاں ان کی موت کا ایک سبب حد سے زیادہ نشہ کرنا بھی قرار دیا گیا۔

ان کی موت کے بعد ریا چکربورتی کو گرفتار بھی کیا گیا تھا اور وہ کئی ہفتوں تک این سی بی اور پولیس کی تحویل میں بھی رہی تھیں، تاہم بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کا کیس بھارت کا ہائی پروفائل کیس بن گیا تھا اور متعدد شخصیات سے پوچھ گچھ شروع کی گئی تھی اور مذکورہ واقعے کے بعد ہی بولی وڈ شخصیات کی جانب سے تواتر سے منشیات پارٹیاں کرنے اور نشہ کرنے کے اسکینڈلز بھی سامنے آئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024