• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

پیٹرول کی قیمت میں کمی کی سمری وزیراعظم کو ارسال کی جارہی ہے، مفتاح اسمٰعیل

شائع July 13, 2022 اپ ڈیٹ July 14, 2022
مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سمری ارسال کردی گئی ہے---فائل/فوٹو: ڈان نیوز
مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سمری ارسال کردی گئی ہے---فائل/فوٹو: ڈان نیوز

وزیرخزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے سمری منظوری کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کی جارہی ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیرخزانہ نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا پیٹرول کی 'قیمت میں کمی کا فیصلہ'، وزارتوں سے سمری طلب

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی کم ہوتی قیمت کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرتےہوئے گزشتہ روز وزارت پیٹرولیم اور وزارت خزانہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری طلب کرلی تھی۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 'وزیراعظم شہباز شریف نے بڑی عید پر عوام کو بڑی خوش خبری دینے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کا بڑا فیصلہ کیا اور وزارت پیٹرولیم اور وزارت خزانہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری مانگ لی'۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'عوام نے قربانی دی، اس کا پورا پھل بھی انہیں ہی ملنا چاہیے'۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ 'وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں ہدایت کی کہ عوام نے مشکل وقت گزارا ہے، اب پورا ریلیف ملنا بھی ان کا حق ہے'۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'عالمی منڈی میں جتنی کمی ہوئی ہے، پوری شفافیت کے ساتھ عوام کو اس کی منتقلی یقینی بنائیں، سابق حکومت کی لائی مہنگائی سے ستائے عوام کی حتی المقدور اشک شوئی کرتے رہیں گے'۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'اللہ تعالی کا فضل وکرم یوں ہی جاری رہا تو اِن شااللہ عوام کی زندگی میں مزید آسانیاں لائیں گے'۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پیٹرول 14 روپے 85 پیسے مزید مہنگا کردیا

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں جماعتوں نے 30 جون کو 14 روپے 85 پیسے کا اضافہ کردیا تھا اور پیڑول کی فی لیٹر نئی قیمت 248 روپے 74 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 276 روپے 54 پیسے، مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 230 روپے 26 پیسے اور اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر نئی قیمت 226 روپے 15 پیسے ہوگئی تھی۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان نے حکومت کے خاتمے سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر کم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کا اطلاق یکم مارچ سے ہوا تھا۔

سابق وزیراعظم کے اعلان کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 149 روپے 86 پیسے، ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 144 روپے 15 پیسے، مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 125 روپے 56 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت 118 روپے 31 پیسے ہوگئی تھی۔

تاہم موجودہ حکومت نے 26 مئی کے بعد چوتھی مرتبہ اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول تقریباً 100 روپے مہنگا کردیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

حیدر Jul 14, 2022 12:12am
اضافہ اونٹ برابر ، کمی مرغی برابر ۔۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024