• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

وزیراعظم کی صوبائی حکام کو مزید بارش کی پیشگوئی پر الرٹ رہنے کی ہدایت

شائع July 12, 2022
وزیراعظم شہباز شریف نے صوبائی حکام اور عملے کو خراج تحسین پیش کیا— فائل فوٹو: رائٹرز
وزیراعظم شہباز شریف نے صوبائی حکام اور عملے کو خراج تحسین پیش کیا— فائل فوٹو: رائٹرز

وزیراعظم شہباز شریف نے محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک میں مزید بارشوں کی پیش گوئی پر وفاقی اور صوبائی حکام کو الرٹ اور تیار رہنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نے حکام سے کہا کہ وہ سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں مزید بارش کی پیش گوئی کے بعد صورت حال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی نگرانی کریں۔

مزید پڑھیں: کراچی سمیت سندھ بھر میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی، 26 افراد جاں بحق

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد، وسطی اور بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، مشرقی بلوچستان اور زیریں سندھ میں اگلے 12 گھنٹوں کے دوران بارش، طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ راولپنڈی، اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بالائی علاقوں اور کشمیر میں شدید بارش ہوگی، اسی طرح کراچی، ٹھٹہ، بدین اور حیدرآباد میں 14 جولائی سے آندھی کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'وزیراعظم شہبازشریف کی جمعرات سے ملک میں مزید مون سون بارشوں پر وفاق اور صوبائی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی'۔

بیان میں کہا گیا کہ 'وزیراعظم نے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں عوام کے تحفظ کے اقدامات کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے'۔

وزیراعظم دفتر نے کہا کہ 'وزیراعظم کی وفاق کی طرف سے صوبائی حکومتوں اور اداروں کو مکمل معاونت فراہم کرنے پر این ڈی ایم اے کو شاباش دی اور کہا کہ اتحاد، تعاون، اشتراک عمل اور عوام کی خدمت کا بے لوث جذبہ ہی ہماری قوت اورکامیابی ہے'۔

وزیراعظم نے کہا کہ 'صوبائی حکومتوں اور اداروں کو بھی عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے خدمات پر خراج تحسین کرتا ہوں، عوام کی خدمت کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، آپ کا جذبہ اور خدمات لائق تحسین ہیں، اللّٰہ تعالیٰ کی مخلوق کی خدمت کا جذبہ ہی دراصل سب سے عظیم جذبہ ہے'۔

سرکاری افسران اور محکموں کے عملے کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ 'عید کی تعطیلات میں عوامی خدمت کے شان دار جذبے کا آپ نے مظاہرہ کیا، پولیس سمیت میونسپل اور شہری انتظامات کے ذمہ دار تمام اداروں کو تحسین پیش کرتا ہوں'۔

خیال رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں گزشتہ کئی روز سے جاری بارش سے جانی اور مالی نقصان ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: ضلع جنوبی کی صورتحال زیادہ خراب ہے، کوشش ہے جلد سڑکوں سے پانی نکال دیں، مراد علی شاہ

سندھ کے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ کراچی اور سندھ میں مون سون کی بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں 26 افراد جاں بحق ہوئے۔

مون سون کی بارشوں نے بلوچستان میں بھی تباہی پھیلا دی ہے جہاں حکومت نے اب دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ڈیموں اور دریاؤں کے قریب پکنک اور سوئمنگ پر مہینہ بھر کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔

پی ڈی ایم اے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں مون سون کی بارشوں کے دوران 62 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جہاں بارش کا آغاز گزشتہ ماہ ہوا تھا، جاں بحق افراد میں 23 خواتین، 15 جوان اور 24 بچے شامل ہیں۔

ادھر خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جہاں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی امدادی کاموں میں مصروف ہہے۔۔

خیبرپختونخوا میں صوابی، مالاکنڈ، ڈیرہ اسمٰعیل خان، ٹانک اور نوشہرہ میں بارش کے باعث آج مزید دو افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024