• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

مسٹر ایکس نے مسٹر وائی کو دھاندلی کیلئے ملتان بھیج دیا ہے، عمران خان

شائع July 12, 2022
عمران خان نے کہا کہ دھاندلی کے باوجود قوم یہ انتخابات جیتے گی —فوٹو: ڈان نیوز
عمران خان نے کہا کہ دھاندلی کے باوجود قوم یہ انتخابات جیتے گی —فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیر اعظم و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی تیاریوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک 'مسٹر ایکس' ہے جنہوں نے 'مسٹر وائی' کو دھاندلی کے لیے ملتان بھیج دیا ہے لیکن قوم ان کو ہرائے گی۔

بھکر میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ یہاں سے رکن اسمبلی بننے والا ہر دفعہ لوٹا کیوں بنتا ہے، ایسے غیرت مند عوام کا رکن کبھی کسی جماعت میں اور کبھی کسی جماعت میں کیوں ہوتا ہے کیونکہ جب کسی کا نظریہ نہیں ہوتا ہے تو ایسا ہی ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا کے بوٹ پالش کرنے سے بہتر ہے پاکستان نہ بنتا، عمران خان

انہوں نے کہا کہ جب ملک کے اندر لوٹوں کی تعداد بڑھتی ہے تو وہ ملک کو تباہ کردیتے ہیں، ان لوٹوں اور چوروں کو شکست دینی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب خوف پھیلایا جارہا ہے، ڈرایا جارہا ہے اور دھمکی دی جارہی ہے کہ ہم تمہیں اٹھا لیں گے اور جیلوں میں ڈال دیں گے، صحافیوں کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، محب وطن صحافیوں کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران ریاض خان کو اٹھا کر ان پر ذہنی تشدد کیا گیا، صرف اس لیے کہ ہم انہیں تسلیم کریں لیکن کان کھول کر سنو، میرے خلاف 15 مقدمات درج کیے اور میرے ساتھیوں کے خلاف بھی مقدمے بنائے لیکن جان بھی قربان ہو کبھی ان چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے ان کے خلاف حقیقی آزادی کی جنگ اور جدوجہد کرنی ہے ورنہ ہم ساری زندگی ان کی غلامی کریں گے، اس لیے یہاں کا جو مقامی لوٹا ہے جو ہر دفعہ لوٹا بنتا ہے اس کو شکست دینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوروں نے آتے ہی دو مہینوں میں جو مہنگائی کی ہے پاکستان کی تاریخ میں کبھی دو مہینوں میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی کیونکہ یہ مہنگائی ختم کرنے نہیں آئے بلکہ اپنے مقدمات ختم کرنے اور کرپشن کرنا ان کا مقصد تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال کے منہ پر ایک خاندان نے سچ بولا ہے کہ آپ چور نہیں آپ تو ڈاکو ہیں، آپ سب اور آپ کے ساتھ ملے ہوئے سب چور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیوٹرلز کے ساتھ میری کوئی لڑائی نہیں، اپنی فوج سے لڑنا نہیں چاہتا، عمران خان

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج کراچی میں حالات دیکھیں 14 سال سے زرداری اور اس کا ٹولہ بیٹھا ہوا ہے، جو پیسہ کراچی کی بہتری کے لیے استعمال ہونا تھا وہ باہر جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات میں مہم کے لیے گیا تو اس وقت عوام کو کبھی اس طرح نکلتے نہیں دیکھا جو اس ضمنی انتخابات میں نکلے ہیں، جو مرضی یہ کرلیں یہ ایک انتخاب نہیں جیت سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخابات جیت تو نہیں سکتے لیکن دھاندلی کرنے کا منصوبہ بنا ہوا ہے، الیکشن کمیشن کو ساتھ ملایا ہوا ہے، چیف الیکشن کمشنر سچ بتائیں کہ کتنی دفعہ مریم اور حمزہ کے پاس گئے اور کس طرح دھاندلی کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک 'مسٹر ایکس' بھی ہے، جس کو چوروں کو ہر صورت جتوانے کا حکم ملا ہے، مجھے نئی خبر ملی ہے تم نے 'مسٹر وائی' کو ملتان پہنچا دیا ہے تاکہ دھاندلی کی جائے، مسٹر ایکس اور مسٹر وائی کو قوم کے سامنے چیلنج کر رہا ہوں کہ میری قوم آپ کی دھاندلی کے باوجود آپ کو پھینٹا لگائے گی اور انتخابات جیتے گی۔

'احسن اقبال کو ایک خاندان نے بڑا صحیح کہا'

بعد ازاں لیہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب ہماری حکومت ختم ہوئی تھی تو پیٹرول 150 روپے لیٹر اور ڈیزل 144 روپے لیٹر تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں شہبازشریف سے پوچھتا ہوں کہ مجھے بتاؤ کہ آج تیل کی عالمی مارکیٹ میں قیمت ہمارے دور سے بھی کم ہے تو اگر آپ کو عوام کی فکر ہے اور اپنے آپ کو خادم اعلیٰ کہتے تھے تو خادم اعلیٰ صاحب آج آپ کو بھی پیٹرول کو 150 روپے اور ڈیزل 144 روپے لیٹر لانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بجلی کی قیمت بھی 5 روپے یونٹ کم کی تھی جبکہ آج بجلی 36روپے یونٹ ہے، ہمارے زمانے میں 16 روپے تھی اور ہم نے سبسڈی دے کر 12 روپے پر لے کر آئے تھے، ہم بھی آئی ایم ایف پروگرام میں تھے، عالمی مہنگائی ہمارے زمانے میں بھی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے اپنے زمانے میں صحت کارڈ دیا اور ایک شہری کسی بھی ہسپتال میں 10 لاکھ تک علاج کے لیے خرچ کرسکتے ہیں اور ہمارا احساس پروگرام غریب طبقے کو اوپر اٹھانا تھا، جس کو دنیا نے مانا لیکن اس وقت سازش کرکے انہوں نے ہماری حکومت گرائی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، انہوں نے صرف مہنگائی نہیں کی بلکہ اوپر جاتی ہوئی معیشت کو تباہ کیا، ایسا تو دشمن بھی نہ کرے۔

عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک سے ترسیلات زر کم ہو رہی ہیں، یہ ملک کو سری لنکا کی طرف لے کر جا رہے ہیں، جہاں عوام نے حملہ کیا اور صدر جان بچا کر بھاگنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کا حکمران خاندان بھی زرداری اور شریف خاندان کی طرح تھا، ان کے پیسے بھی باہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احسن اقبال مکڈونلڈ کھانے گیا تھا تو ایک خاندان نے بڑا صحیح کہا کہ تم چور ہو، جب انہوں نے چور کہا تو بزدل احسن اقبال نے ایجنسیوں کے ذریعے دباؤ ڈال کر ان سے معافی منگوائی۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024