تمام مشکل فیصلے کیے جاچکے، اب اچھا وقت آئے گا، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط کی گئی بلا ٹل چکی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ فتنہ خان کی وجہ سے کیا تھا مگر اب تمام مشکل فیصلے ہوچکے، اب اچھا وقت آئے گا۔
چیچہ وطنی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف عوام کے لیے بہت بڑے ریلیف کا اعلان کرنے والے ہیں، یہی عوامی حکمرانی ہوتی ہے کہ جیسے ہی عالمی منڈیوں میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوئی تو وزیر اعظم نے کہا کہ سب سے پہلے میں اپنے عوام کو ریلیف دوں گا۔
مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی ہوئی تو ہم گھروں میں چھپ کر نہیں بیٹھے مگر میاں نواز شریف اور شہباز شریف نے اپنی بیٹی کو بھیجا کہ عوام کو بتاؤ کہ ہم نے یہ مشکل فیصلے کیے مگر اب ہم عوام کی تکالیف دور کریں گے۔
مزید پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کم ہوئیں، شہباز شریف بہت بڑا ریلیف دیں گے، مریم نواز
انہوں نے کہا کہ کچھ دیر پہلے فتنہ خان بھی یہاں آیا تھا مگر مجھے پتا چلا کہ چیچہ وطنی نے فتنہ خان کو رجیکٹ کردیا ہے لیکن یہ کمال منافق شخص ہے جس کے روز میڈیا پر اعمال نامے کھلتے ہیں، اس کی کرپشن کے قصے کھلتے ہیں مگر مجال ہے کہ کبھی مڑ کر اس نے جواب دیا ہو۔
مریم نواز نے کہا کہ مجال ہے کہ اس شخص نے عوامی عدالت میں کھڑے ہوکر اپنی صفائی پیش کی ہو، صفائی وہ لوگ پیش کرتے ہیں جن کا دامن صاف ہو، جس کا دامن کرپشن سے بھرا پڑا ہے وہ عوام کو کیا صفائی دے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج یہ شخص پنجاب میں آ کر ڈیڑھ گھنٹہ تقریر کرکے ہمارا سر کھاتا ہے، گالیاں نکالتا ہے اور لوگوں کو الٹے سیدھے ناموں سے پکارتا ہے اور تقریر ختم کرکے چلا جاتا ہے، کتنی بڑی بدقسمتی ہے کہ انسان کتنا بھی چاہے جعلی حکمران ہو مگر چار سال اقتدار میں رہنے کے باوجود اس کے پاس بتانے کے لیے چار کام بھی نہ ہوں، نہ ہی بتانے کے لیےکوئی چار منصوبے ہوں، فتنہ خان چار منصوبوں کو چھوڑو کوئی ایک ہی منصوبہ عوامی بھلائی کا کیا ہے تو وہ ہی بتا دو۔
انہوں نے کہا کہ اس شخص نے حکومت میں آنے سے قبل عوام سے پانچ وعدے کیے تھے جن میں پہلا وعدہ یہ تھا کہ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں ملیں گی، تو کیا اس جلسے میں کوئی ایک شخص بھی موجود ہے جس کو ایک کروڑ نوکریوں میں سے ایک نوکری بھی ملی، مگر اس کے برعکس اس کے دور حکومت میں ایک کروڑ افراد بیروزگار ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے دشمن 'فتنہ خان' کو دکھ ہے کہ پاکستان سری لنکا کیوں نہیں بنا، مریم نواز
مریم نواز نے کہا کہ اس شخص نے دوسرا وعدہ یہ کیا تھا کہ عوام کو پچاس لاکھ مفت گھر دوں گا تو کیا اس عوامی سمندر میں کوئی ایک شخص بھی موجود ہے جس کو ایک گھر بھی ملا، تیسرا وعدہ یہ کیا کہ وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنا دوں گا لیکن یونیورسٹی کے بجائے اس فتنہ خان نے اس جگہ کو اغوا کا اڈہ بنا دیا، جس کا مثال یہ ہے کہ ایک خاتون چیئرمین نیب کی وڈیو لے کر وزیر اعظم ہاؤس پہنچی تو اس شخص نے اس خاتون کو ڈیڑھ مہینہ حبس بے جا میں رکھا اور وزیر اعظم ہاؤس کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ چوتھا وعدہ یہ کیا تھا کہ نوے دن میں کرپشن ختم کرکے دکھاؤں گا لیکن اس فتنہ خان نے پاکستان میں کرپشن کا ایک ایسا نیا نظام متعارف کروایا کہ جو ممالک کرپشن میں آگے تھے وہ بھی دنگ رہے گئے، یہ پہلا حکمران ہے جس نے توشہ خانہ اور بیت المال کو اپنا ذریعہ معاش بنایا۔
مزید پڑھیں:عمران خان کے میگا پروجیکٹ کا نام 'جی پیک' ہے، مریم نواز
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی رشوت میں انگوٹھیاں لے کر لوگوں کی فائلوں پر عمران خان سے دستخط کروایا کرتی تھی، اس طرح پنجاب کے عوام کا استحصال ہوا ہے، کیا اس سے بڑا کوئی پنجاب کا دشمن ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو لوڈشیڈنگ ختم کرنا آتی ہے وہ ضرور ختم کریں گے، ملک کو ترقی کے راستے پر چلایا تھا اب بھی چلائیں گے اور انہیں ملک کو بحرانوں سے نکالنا آتا ہے۔