• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستانی ڈاکٹر کی رہائی پر بلاول بھٹو کا نائیجیرین حکومت سے اظہارِ تشکر

شائع July 11, 2022
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر ابوذر محمد افضل کو 3 ماہ قبل اغوا کیا گیا تھا— فائل فوٹو / ڈان نیوز
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر ابوذر محمد افضل کو 3 ماہ قبل اغوا کیا گیا تھا— فائل فوٹو / ڈان نیوز

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نائیجیریا میں 3 ماہ قبل اغوا ہونے والے پاکستانی شہری ڈاکٹر ابوذر افضل کی بحفاظت رہائی پر نائیجیرین حکومت سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔

بلاول بھٹو نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ’نائیجیریا میں مارچ سے مغوی پاکستانی شہری کی بحفاظت رہائی پر نائیجیریا کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں بھی ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے ان کی رہائی کے لیے انتھک کوشش کی۔‘

قبل ازیں دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ نائیجیریا میں دہشتگردوں کے ہاتھوں مغوی پاکستانی ڈاکٹر ابوذر محمد افضل کو رہائی مل گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی شہری کی بحفاظت رہائی میں مدد کرنے پر حکومت پاکستان اور عوام نائیجیریا کے برادر عوام اور حکومت کو بھرپور انداز میں سراہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نائیجیریا میں مدرسے سے سیکڑوں طلبہ اغوا

بیان کے مطابق ڈاکٹر ابوذر محمد افضل کو 3 ماہ قبل اغوا کیا گیا تھا، وہ 28 مارچ 2022 کو ابوجا سے کدونا جانے والی ٹرین پر حملے میں یرغمال بنائے گئے درجنوں مسافروں میں شامل تھے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ رہا کیے گئے 7 یرغمالیوں میں ڈاکٹر ابوذر محمد افضل واحد غیر ملکی ہیں جبکہ 13 کو ایک ماہ قبل رہا کیا گیا تھا۔

رہائی کے بعد کدونا شہر سے ایک ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر ابوذر نے اپنی رہائی کیلئے کوششیں کرنے والے تمام افراد، پاکستان اور نائیجیریا کی حکومت اور مذاکرات کاروں کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں: نائیجیریا: اغواکاروں کا 80 بچوں کی رہائی کیلئے تاوان کا مطالبہ

انہوں نے اپنی بحفاظت رہائی اور دیکھ بھال یقینی بنانے کیلئے مسلسل کوششوں پر وزیراعظم، وزیر خارجہ اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور کا بھی شکریہ ادا کیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر ابوذر محمد افضل کی رہائی کے سلسلے میں ہم نائیجیریا کی سیاسی و فوجی قیادت اور دونوں ممالک کی وزارت خارجہ اور ہائی کمیشنز کے درمیان رابطے کو بھی سراہتے ہیں۔

بیان میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر ابوذر محمد افضل ابوجا پہنچ چکے ہیں، ان کو پاکستان کے سفر کیلئے سہولت کیلئے پاکستانی ہائی کمیشن ہنگامی سفری دستاویزات فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ واپس اپنے شہر ملتان پہنچ کر اپنے خاندان اور عزیز و اقارب کے ساتھ عیدالاضحیٰ کی خوشیاں منا سکیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024