• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

انتظار ختم، ٹچ بٹن کو 2022 کے اختتام تک ریلیز کرنے کا اعلان

شائع July 9, 2022
فلم گزشتہ چار سال سے تاخیر کا شکار ہے—اسکرین شاٹ
فلم گزشتہ چار سال سے تاخیر کا شکار ہے—اسکرین شاٹ

پروڈکشن، کاسٹ، بجٹ اور پھر کورونا سمیت دیگر وجوہات کی وجہ سے مسلسل تاخیر کا شکار ہونے والی فلم ٹچ بٹن کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ اسے ممکنہ طور رواں برس کے اختتام تک ریلیز کردیا جائے گا۔

گلوکار و اداکار فرحان سعید اور فیروز خان کی فلم کی شوٹنگ 2018 مین شروع کی گئی تھی اور اسے 2019 کے اختتام تک ریلیز کیے جانے کا امکان تھا، تاہم ایسا نہ ہو سکا تھا۔

بعد ازاں دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا کی وبا آنے کی وجہ سے اس کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوئی، تاہم فروری 2020 میں اس کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے اسی سال عید الفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم کورونا کے باعث سینمائوں کی بندش کی وجہ سے ٹچ بٹن کی نمائش بھی دیگر فلموں کی طرح روک دی گئی تھی۔

قاسم علی مرید نے فلم کی ریلیز سے متعلق انسٹاگرام اسٹوریز شیئر کیں—اسکرین شاٹ
قاسم علی مرید نے فلم کی ریلیز سے متعلق انسٹاگرام اسٹوریز شیئر کیں—اسکرین شاٹ

اب طویل عرصے بعد یہ خبر سامنے آئی ہے کہ فلم کو رواں برس اکتوبر تک ریلیز کردیا جائے گا۔

فلم کے ہدایت کار قاسم علی مرید نے متعدد انسٹاگرام اسٹوریز میں مداحوں کو بتایا کہ انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں، جلد ٹچ بٹن کو ریلیز کردیا جائے گا۔

فلم ساز نے ٹچ بٹن کے ٹیزر اور تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے متعدد اسٹوریز میں بتایا کہ فلم کو جلد ہی ریلیز کردیا جائے گا۔

فلم کی ریلیز کے حوالے سے گلیکسی لولی وڈ نے خصوصی طور پر بتایا کہ ٹچ بٹن کو اکتوبر 2022 میں ریلیز کردیا جائے گا۔

;

ہدایت کار کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں شامل دیگر افراد نے بھی اس کو جلد ریلیز کیے جانے کے حوالے سے پوسٹس کیں۔

ٹچ بٹن جہاں فرحان سعید کی پہلی فلم ہوگی، وہیں یہ فلم ان کی اہلیہ عروہ حسین کی پروڈیوس کردہ پہلی فلم بھی ہوگی۔

عروہ اور فرحان سعید کے درمیان علیحدگی کی خبروں کی وجہ سے بھی مذکورہ فلم کی ریلیز تاخیر کا شکار رہی، دونوں کے درمیان گزشتہ دو سال سے علیحدگی کی خبریں چل رہی ہیں، تاہم دونوں نے واضح طور پر اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

ابتدائی طور پر ان کے درمیان علیحدگی کی خبرین وائرل ہوئیں اور بعد ازاں یہ خبریں بھی آئیں کہ دونون کے درمیان صلح ہوگئی اور اب وہ ایک ساتھ زندگی گزارنے لگے ہیں، تاہم اس پر بھی دونون نے کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

ٹچ بٹن میں فرحان سعید اور فیروز خان کے مد مقابل ایمان علی اور سونیا حسین جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024