• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی میں بارش کا سلسلہ جاری، مزید 8 افراد جاں بحق، عیدالاضحیٰ میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی

کراچی میں بارش کا سلسلہ جاری ہے— فوٹو: ڈان نیوز
کراچی میں بارش کا سلسلہ جاری ہے— فوٹو: ڈان نیوز

کراچی میں مون سون بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری اور چوتھے روز بھی موسلادھار بارش سے سڑکوں پر جگہ جگہ پانی کھڑا ہو گیا، محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ پر بھی مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ کرنٹ لگنے و دیگر واقعات میں مزید 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہفتے کے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا خصوصاً ضلع جنوبی میں موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد سڑکوں اور انڈر پاسز میں پانی جمع ہو گیا جس کی وجہ سے ٹریفک روانی متاثر ہوئی البتہ عید کی چھٹیاں ہونے کے سبب سڑکوں پر ٹریفک کم رہا۔

مزید پڑھیں: کراچی: موسلا دھار بارش، کرنٹ لگنے سمیت مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق

پولیس، ہسپتال اور ریسکیو سروسز کے عہدیداروں کے مطابق شہر میں جاری بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات میں آج مزید 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

عہدیداروں نے بتایا کہ کرنٹ لگنے کے واقعات میں کورنگی میں 2 شہری، بلدیہ کی سوات کالونی، سہراب گوٹھ میں ایک،ایک شہری جاں بحق ہوگیا۔

سہراب گوٹھ کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) زبیر نواز کا کہنا تھا کہ جاں بحق 22 سالہ عنایت اللہ ایک ریسٹورنٹ میں ویٹر تھا اور سیڑھیاں چڑھتے ہوئے گر گیا اور کھڑے ہونے کے لیے دیوار کا سہارا لیا اور اسی دوران کرنٹ لگنے سے دم توڑ گیا۔

کراچی کے علاقے گلشن حدید میں 100ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
کراچی کے علاقے گلشن حدید میں 100ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

کراچی کے علاقے منگھو پیر 23 سالہ رقیب، نارتھ کراچی میں 13 سالہ مزمل اور کورنگی 100 کوارٹرز میں گھر کے اندر ایک بزرگ کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کا کہنا تھا کہ تمام جاں بحق افراد کی لاشیں انکے لواحقین بغیر کسی قانونی کارروائی کے واپس لے گئے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بلدیہ کے عابد آباد میں لینڈ سلائیڈنگ سے 32 سالہ طفیل خان دم توڑ گئے اور انہیں پتھر لگے تھے۔

کراچی میں بارشوں سے گزشتہ روز 3 افراد کرنٹ لگنے اور 3 افراد بارش کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

نکاسی آب کا کام جاری ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی

دوسری جانب ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کا کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ کے سامنے شاہراہ فیصل سے پانی نکال دیا گیا ہے اور بھاری مشینری کے ساتھ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی عملے کو تندہی سے کام کرنے پر سلام پیش کرتا ہوں، ہمیں اپنے ورکروں کے کام کو سراہنا ہوگا، یہ لوگ دن رات شہریوں کے آرام کے لیے اپنا سکون قربان کرتے ہیں۔

دریں اثنا ایڈمنسٹریٹر کراچی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل رات کو بارش کے آخری اسپیل کے بعد میں خود تمام علاقوں کو کلیئر کرانے کے لیے گراؤنڈ پر موجود تھا، تمام ایرریاز کو کلیئر کرا لیا گیا تھا، ایئرپورٹ اوریونیورسٹی روڈ پر چند جگہوں پر پانی تھا لیکن رات تک صاف کر لیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تازہ ترین بارش کے اسپیل کا آغاز آج ضلع جنوبی سے ہوا ہے اور اس کے بہت شدید اثرات مرتب ہوئے ہیں، اب تیز بارش تو رک گئی ہے لیکن بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد ریلیف کا کام شروع ہو جائے گا۔

آئی آئی چندریگر روڈ پر آج بارش کے بعد پانی کھڑا ہونے کی نشان دہی پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ پچھلے آٹھ دس دن میں جتنی بھی بارش ہوئی لیکن آئی آئی چندریگر پر پانی جمع نہیں ہوا، یہ بارش جس شدت کے ساتھ ہوئی ہے اس کی وجہ سے پانی کھڑا ہوا، اب چونکہ رک گئی ہے تو پانی کی نکاسی کا کام شروع کردیں گے جس کی میں خود نگرانی کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: مون سون بارشیں: بلوچستان میں جاں بحق افراد کی تعداد 56 ہوگئی

انہوں نے بتایا کہ محکمہ موسمیات نے گزشتہ رات کراچی، بدین اور ٹھٹہ میں آنے والے دنوں میں مزید شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے اور ان کی یہ پیش گوئی درست ثابت ہوئی، اب جیسے ہی بارش رکتی ہے تو ریلیف کا کام شروع کردیا جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں تاکہ ٹریفک جام کے مسائل پیدا نہ ہوں کیونکہ اس سے ریلیف کے کاموں پر اثر پڑتا ہے، ہم اس مشکل وقت میں اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں اور جو کچھ بھی کیا جا سکتا ہے وہ کیا جائے گا۔

گلشن حدید میں سب سے زیادہ بارش

محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز صبح 8 بجے سے رات 11بجے تک ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے، جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 102.7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

مزید پڑھیں: کراچی کے بیشتر علاقوں میں بارش، شہریوں کو شدید گرمی میں کچھ سکون ملا

اس کے علاوہ اولڈ ائیرپورٹ میں53 ملی میٹر، فیصل بیس میں 46 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 38.8ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کراچی کے علاقے گلشن حدید میں 100ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
کراچی کے علاقے گلشن حدید میں 100ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی روڈ 27.6 ملی میٹر، قائدآباد میں 25.5 ملی میٹر، ناظم آباد 20.4 ملی میٹر، گڈاپ 15، ڈی ایچ اے 10.5، سعدی ٹاؤن 9.1، مسرور بیس 16 ملی میٹر، کیماڑی میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

شہر کے دیگر حصوں میں سرجانی ٹاؤن میں 7.2 ملی میٹر، گلشن معمار 6.6، نارتھ کراچی 5.3 اور اورنگی ٹاؤن میں 5.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس کے ساتھ ساتھ محکمہ موسمیات نے رواں سال مون سون کے پہلے سسٹم کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں ریکارڈ ہونے والی مجموعی بارش کا ریکارڈ بھی جاری کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش

شہر میں 3 جولائی سے 8 جولائی تک مجموعی طور پر سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 184.7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اس عرصے میں سرجانی ٹاون میں 144ملی میٹر، پی اے ایف فیصل بیس پر 113ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 100.2 ملی میٹر، اولڈ ائرپورٹ پر 91.9 ملی میٹر، ناظم آباد میں 91.5 ملی میٹر، پی اے ایف مسرور بیس پر 74.1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ چھ دن کے دوران ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 71.6 ملی میٹر، گلستان جوہر میں 69.8ملی میٹر، جامعۃ الرشید(گلشن معمار)میں 65.2 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 60.6، کیماڑی 49.6، گڈاپ ٹاون 47.8 ملی میٹر اور اورنگی ٹاؤن میں 47.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024