• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

‘نامعلوم فون نمبرز’ سے ‘دھمکی آمیز’ کالز کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، فواد چوہدری

شائع July 7, 2022
فواد چوہدری نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام اس معاملے کی تحقیقات کریں گے — فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام اس معاملے کی تحقیقات کریں گے — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کی طرف سے اس دعوے کے بعد کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کو جلسوں میں لانے والے جہاز کے پائلٹ کو دھمکیاں مل رہی ہیں، سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ‘نامعلوم فون نمبرز’ سے اب ‘دھمکی آمیز’ فون کالز کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب میں ضمنی انتخابات سے قبل ایک طوفانی مہم شروع کردی ہے اور 7 سے 15 جولائی تک وہ متعدد عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے اور گزشتہ چند دنوں میں وہ کئی بار ایسے جلسے کر چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: گرینڈ ڈائیلاگ ہو سکتا ہے مگر پہلے انتخابات کی تاریخ دیں، فواد چوہدری

منگل کو پریس بریفنگ کے دوران عمران خان نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر انہیں اور ان کی پارٹی کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو وہ ان کی حکومت کو ہٹانے کی مبینہ سازش میں ملوث کرداروں کے بارے میں سب کچھ ظاہر کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔

آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے الزام لگایا کہ ‘دھمکی آمیز کالز’ کی جارہی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے پائلٹ کو ‘نامعلوم فون نمبروں’ سے کالز موصول ہورہی ہیں۔

فواد چوہدری نے مبینہ کال کا ایک کلپ بھی چلایا، انہوں نے اپنا موبائل فون ٹیبل پر موجود مائیکروفونز کے قریب رکھا اور ایسی پیش رفت کو ‘بدقسمتی’ قرار دیا۔

ان کے چلائے گئے آڈیو کلپ میں ایک مردانہ آواز سنی جاسکتی ہے جو کال کے وصول کرنے والے شخص سے کہتا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پوسٹ کو ڈیلیٹ کریں۔

نامعلوم شخص کی طرف سے کی گئی کال میں سنا جاسکتا ہے کہ ایک شخص کہہ رہا ہے کہ آپ کو کل شام 5 بجے تک اٹھایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے، فواد چوہدری

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ ‘بدقسمتی’ ہے اور امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام اس معاملے کی تحقیقات کریں گے۔

سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ صرف دو بڑی سیکییورٹی ایجنسیاں ہیں، حال ہی میں چیف آف آرمی اسٹاف قمر جاوید باجوہ اورڈی جی آئی ایس آئی نے اپنے اداروں کو ‘ایسے معاملات’ سے دور رہنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ان کی ہدایات پر عمل درآمد کیا جائے گا اور اگر انٹیلی جنس بیورو کے لوگ ایسا کر رہے ہیں تو میں ان کے سربراہ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے ادارے کو دیکھیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ نامعلوم فون نمبروں سے کالز دو اداروں کی طرف سے کی جاتی ہیں اور یہ کالز بند ہونی چاہئیں، لوگوں کے پاس اظہار رائے کی آزادی ہے اور خوف ہمیشہ کے لیے نہیں رہتا اور نہ ہی پاکستان، برما ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں چار بار مارشل لا لگایا گیا لیکن وہ بھی ختم ہوگیا اور اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ طاقت کے زور پر پاکستان پر حکومت کر سکتے ہیں تو یہاں ایسا نہیں ہوتا، انتقامی کارروائی ہوگی تو عوام اٹھ کھڑے ہوں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رہنے دیا جائے اور اب قبل از وقت انتخابات کا انعقاد ہی ملک کو سیاسی عدم استحکام سے نجات دلانے کا واحد راستہ ہے۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی ‘فون کالز’ پر چلانے کی رپورٹس، ملکی سیاسی صورتحال کشیدہ ہے، فواد چوہدری

اس سے قبل ٹوئٹر پر اسد عمر نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران کو ان کی ریلیوں میں لانے والے جہاز کے پائلٹ کو فون کالز موصول ہو رہی ہیں اور انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ اسد عمر نے بغیر کیس کا نام لیے کہا کہ وہ لوگ اور کتنا گریں گے۔

ایک اور ٹوئٹ میں اسد عمر نے جرمنی کے ایک ممتاز لوتھران پادری مارٹن نیمولر کی ایک نظم شیئر کی جس نے ہٹلر کے خلاف آواز بلند کی تھی-

نظم میں لکھا تھا کہ ‘پہلے وہ لوگ سوشلسٹوں کو مارنے کے لیے آئے، میں نہیں بولا کیونکہ میں سوشلسٹ نہیں تھا، پھر وہ ٹریڈ یونینسٹ کے لیے آئے، پھر بھی میں نہیں بولا کیونکہ میں ٹریڈ یونینسٹ بھی نہیں تھا، اس کے بعد پھر وہ یہودیوں کے لیے آئے، میں نہیں بولا کیونکہ میں یہودی بھی نہیں تھا، مگر جب پھر وہ میرے لیے آئے تو میرے لیے بولنے والا کوئی نہیں بچا تھا۔’

پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل نے بھی ایسا ہی دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے جلسوں میں استعمال ہونے والے طیارے کے پائلٹ کو نامعلوم نمبروں سے دھمکی آمیز کالز موصول ہو رہی ہیں۔

انہوں نے بغیر کسی وضاحت کے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ آپ کی نظر میں طاقت کے استعمال کی کوئی حد نہیں ہے، آپ ڈرانے کے ہتھکنڈے استعمال کرکے حدیں پار کرنا چاہتے ہیں لیکن قوم اب خوفزدہ نہیں ہے، وہ سب کچھ جو نامعلوم تھا اب معلوم ہو گیا ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ اگر عمران خان کا جہاز، زمین پر یا ہوا میں خراب ہوا تو قوم کو یاد رکھنا چاہیے کہ یہ سب کون کر رہا ہے۔

انہوں نے کہ اگر خان صاحب کے جہاز کو زمین پر یا فضا میں کوئی نقصان پہنچا تو قوم یاد رکھے کون یہ سب کروا رہا ہے، پہلے نجی کمپنیوں کو جہاز دینے پر دھمکیاں دی گئیں، زبردستی جہازوں کو خراب ظاہر کروا کر ہمارے سفر کو معطل کروانے کی کوشش کی گئی اور اب جو جہاز موجود ہے اس کے پائلٹ کو دھمکایا جارہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024