’مس مارول‘ 2 ارب مسلمانوں کی نمائندگی ہے، مہوش حیات
امریکی ویب سیریز ’مس مارول‘ میں مرکزی کردار ’کمالہ خان‘ کی پڑ نانی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ مہوش حیات کا کہنا ہے کہ مذکورہ ویب سیریز نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے دو ارب مسلمانوں کی نمائندگی ہے۔
’ڈزنی سینٹرل‘ نامی یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں مہوش حیات نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پہلی بار پاکستانی سمیت مسلمان کرداروں کو انتہائی مثبت انداز میں پیش کیا گیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور پاکستانیوں سے متعلق مغربی ممالک میں غلط تاثر پایا جاتا ہے، وہاں خیال کیا جاتاہے کہ مسلمان اور پاکستانی ہونے کا مطلب غلط مرد ہوتا ہے جب کہ مسلمان خاتون کا مقصد ظلم کا نشانہ بننے والی عورت ہوتی ہے۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے متعدد عالمی پلیٹ فارمز پر یہ بات کہنے کی کوشش کی کہ مغربی دنیا میں پاکستان اور مسلمانوں سے متعلق پائے جانے والے تصورات غلط ہیں اور جب انہیں ’مس مارول‘ میں کام کی پیش کش ہوئی تو انہیں لگا کہ ویب سیریز کی کہانی ان کے ذہن کی کہانی ہے اور اس میں وہی کچھ دکھایا گیا ہے جو وہ دنیا کو دکھانا چاہتی ہیں۔
مہوش حیات کا کہنا تھا کہ پہلی بار مس مارول کے پلیٹ فارم سے پاکستانی کرداروں کو مثبت روپ میں دکھایا جا رہا ہے، اس سے قبل ہر مسلمان مرد کو ولن کے طور پر پیش کیا جاتا تھا یا اسے ایک ایسے کردار میں دکھایا جاتا تھا جو دوسروں کے لیے مسائل پیدا کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’مس مارول‘ ریلیز، پہلی ہی قسط میں تین پاکستانی گانے بھی شامل
’مس مارول‘ میں عائشہ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ ویب سیریز میں ان کے آبائی شہر کراچی کے مقامات اور عمارتوں کو دکھایا گیا اور یہ کہ کمالہ خان کا کردار پاکستانی لڑکیوں کی خواہشوں کے عین مطابق ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مہوش حیات نے بتایا کہ ان کے کردار کے کچھ مناظر پاکستان جب کہ باقی مناظر تھائی لینڈ میں شوٹ کیے گئے۔
انہوں نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے فلم میں کمالہ خان کی پڑنانی کا کردار ادا کیا ہے اور ان کا کردار خصوصی صلاحیتوں کا مالک ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ ’مس مارول‘ کو گزشتہ ماہ جون کے آغاز سے ’ڈزنی پلس‘ نامی اسٹریمنگ ویب سائٹ پر نشر کیا جا رہا ہے، اس ویب سیریز کے پہلے سیزن کی مجموعی طور پر 6 قسطیں ہیں، جس میں سے 7 جولائی تک اس کی 5 قسطیں ریلیز ہو چکی تھیں۔
اس کی چھٹی قسط ویب سائٹ پر ریلیز ہونے کے بعد اسے پاکستان بھر میں سینماؤں میں بھی پیش کیا جائے گا اور سینماؤں میں اسے تین حصوں میں دکھایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: قیام پاکستان سے متعلق متنازع ڈائیلاگ: ’مس مارول‘ پر تنقید
’مس مارول‘ کی کہانی پاکستانی نژاد خصوصی صلاحیتوں کی مالک لڑکی ’کمالہ خان’ کے کردار گھومتی ہے اور اسے مس مارول بھی کہا جاتا ہے۔
کمالہ خان کا کردار کراچی نژاد کینیڈین لڑکی ایمان ولانی نے ادا کیا ہے جب کہ ویب سیریز میں سینیئر پاکستانی اداکارہ ثمینہ احمد نے ان کی نانی، مہوش حیات نے ان کی پڑنانی اور فواد خان نے ان کے پڑنانا کا کردار ادا کیا ہے۔
مس مارول میں پاکستانی اداکارہ ثنا بچہ اور بھارتی اداکار فرحان اختر کے علاوہ بھی دیگر پاکستانی اور بھارتی اداکار شامل ہیں، ویب سیریز کی ہدایات چار ہدایت کاروں نے دی ہیں، ان میں شرمین عبید چنائے بھی شامل ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں