• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

صدر مملکت کا وزیراعظم کو خط، صحافیوں کے خلاف پُرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار

شائع July 7, 2022
صدر مملکت نے  کہا کہ اظہار رائے کی آزادی  کی ضمانت آئین پاکستان کے آرٹیکل 19 میں دی گئی ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز
صدر مملکت نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کی ضمانت آئین پاکستان کے آرٹیکل 19 میں دی گئی ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ہراساں کرنے اور ان پر تشدد کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات معاشرے میں موجود عدم برداشت کی ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کی ضمانت آئین پاکستان کے آرٹیکل 19 اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے عالمی منشور کے آرٹیکل 19 میں دی گئی ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اس طرح کے واقعات معاشرے میں موجود عدم برداشت کی ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں، اس طرح کے اقدامات نہ صرف دنیا کی نظروں میں آکر ہمارے ملک کی ساکھ، اس کے تشخص کو داغدار کرتے ہیں بلکہ ان کے جمہوریت کے مستقبل کے ساتھ اظہار رائے کی آزادی پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے خط میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان فریڈم آف پریس انڈیکس 2022 میں 157ویں نمبر پر ہے جو بہت پست اور نچلی سطح ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا انتخابی ترمیمی بل پر دستخط سے انکار

ان کا کہنا تھا کہ رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف)، ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو)، ایمنسٹی انٹرنیشنل (اے آئی) اور انٹرنیشنل کمیشن جیورسٹس (آئی سی جے) نے اپنی رپورٹس میں صحافیوں کو ہراساں کرنا، دھمکیاں دینا اور جسمانی تشدد کو مذکورہ انڈیکس میں پاکستان کی مایوس کن پوزیشن کی بنیادی وجوہات قرار دیا ہے۔

صدر نے صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی (سی پی جے) اور ایچ آر ڈبلیو کی رپورٹس کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ پاکستان میں 1992 سے 2022 تک 96 صحافیوں کو قتل کیا گیا اور الزام لگایا گیا کہ پاکستان میں صحافیوں پر بغاوت اور غداری کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

ریاست کے طاقتور عناصر کے خلاف اختلاف رائے اور تنقید کو دبانے کے لیے تشدد کے چند اہم واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر مملکت نے کراچی میں سماجی کارکن ناظم جوکھیو اور کے ٹی این اور روزنامہ کاوش کے صحافی عزیز میمن کا نام لیا، جنہیں ان کے آبائی شہر محراب پور، سندھ کے قریب ہی قتل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: صدر مملکت عارف علوی کا احتساب ترمیمی بل پر بھی دستخط کرنے سے انکار

ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ صحافی مطیع اللہ جان کو اسلام آباد کے مصروف علاقے سے دن دیہاڑے اغوا کیا گیا، اسد علی طور اور ابصار عالم کو نامعلوم افراد نے حملہ کر کے زخمی کر دیا۔

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ اسی طرح لاہور میں کئی عینی شاہدین کی موجودگی میں کالم نگار ایاز امیر پر نامعلوم افراد نے رش کے اوقات میں سڑک پر حملہ کیا، ان کی تذلیل کی اور زخمی کر دیا اور اسی طرح سمیع ابراہیم، ارشد شریف، صابر شاکر، معید پیرزادہ اور عمران ریاض خان کے خلاف متعدد ایف آئی آر درج کرائی گئیں۔

صدر مملکت نے کہا ہے کہ معروف صحافیوں کے خلاف اٹھائے جانے والے حالیہ اقدامات سے عدلیہ کی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ایک دائرہ اختیار میں ریلیف فراہم کیا جاتا ہے تو دوسرے دائرہ اختیار میں ہراساں کرنے کی نیت سے مقدمات دائر کردیے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نگراں وزیراعظم کا تقرر، صدر مملکت نے وزیراعظم اور شہباز شریف کو خط لکھ دیا

انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ آزادانہ رائے رکھنے والے میڈیا پرسنز کے خلاف دہشت کا راج ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اس بات پر زور دیا کہ گزشتہ حکومتوں کے اقدامات یا بے عملی کو اسی طرح کی غیر قانونی خلاف ورزیوں کو دہرانے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور اس طرح کے اقدامات کا جواز پیش کرنے کے لیے سابقہ حکومت کے کردار کا مؤقف ناقابل قبول اور عذر لنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں سے اس طرح کا منفی موازنہ کرنا ملک کو ترقی اور مثبت سمت میں لے جانے کے بجائے انتقامی کارروائیوں میں بد تری کا جواز بن جائے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 41 کے مطابق صدر کو تمام شہریوں کے لیے آزادی اظہار اور منصفانہ ٹرائل کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی کوشش کرنی چاہیے۔

مزید پڑھیں: صدر عارف علوی 13 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

انہوں نے زور دیا کہ جمہوری ملک ہونے کے ناطے پاکستان میں دانشوروں اور صحافیوں پر ظلم و ستم کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

عارف علوی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی جانی چاہیے کہ وہ صحافیوں اور میڈیا والوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور ساتھ ہی سیاست دان بھی صحافیوں کو نامعلوم اور بددیانت عناصر کے عتاب سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے وزیر اعظم سے کہا کہ وہ انہیں آئین کے آرٹیکل 46 کے تحت ان کی جانب سے اٹھائے گئے اصلاحی اقدامات سے آگاہ رکھیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024