• KHI: Fajr 5:24am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:59am Sunrise 6:22am
  • ISB: Fajr 5:06am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:24am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:59am Sunrise 6:22am
  • ISB: Fajr 5:06am Sunrise 6:31am

الیکشن کمیشن: پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی اراکین کا نوٹیفیکیشن جاری

شائع July 6, 2022
الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا — فائل فوٹو: اے پی پی
الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا — فائل فوٹو: اے پی پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے منحرف اراکین کے نااہل ہونے کے بعد خالی ہونے والی پنجاب اسمبلی کی 5 مخصوص نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین کا نوٹیفیکینش جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کی رکن فوزیہ عباس نسیم، بتول زین جنجوعہ اور سائرہ رضا منتخب ہوگئی ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر بھی نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیا، اقلیتی نشستوں پر حبکوک رفیق ببو اور سموئیل یعقوب کا نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف تحریک انصاف کی درخواست

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دے کر پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر پی ٹی آئی کی درخواست پر دیگر اراکین کے ساتھ مخصوص نشستوں کے 5 اراکین کو بھی نااہل قرار دیا تھا۔

نااہل قرار دیے گئے اراکین میں خواتین کی مخصوص نشستوں کی اراکین عظمیٰ کاردار، عائشہ نواز اور ساجدہ یوسف شامل تھیں جبکہ اقلیتی نشستوں پر اعجاز مسیح اور ہارون عمران گل شامل تھے۔

قبل ازیں 28 مئی کو پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی 5 مخصوص نشستوں پر اراکین کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے پر عدالت سے رجوع کیا تھا۔

پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی سبطین خان نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں پر اراکین کے نوٹیفکیشن کا فیصلہ 2 جون کو کرنے کا حکم

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ تحریک انصاف کی 5 مخصوص نشستوں پر نوٹیفیکیشن جاری کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو نام فراہم کر چکی ہے لیکن ای سی پی نوٹیفکیشن جاری نہ کر کے قانون اور رولز کی خلاف وزری کررہا ہے۔

31 مئی کو لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر اراکین کے نوٹی فکیشن کا فیصلہ 2 جون تک کرنے کا حکم دیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 5 مخصوص نشستوں پر اراکین اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس امیر بھٹی نے کی تھی۔

3 جون کو پی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی کی 5 مخصوص نشستوں پر نئے اراکین صوبائی اسمبلی کے نوٹیفکیشن سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

واضح رہے کہ یہ 5 مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کے 25 منحرف اراکین اسمبلی کے نااہل ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن کے اجرا کیلئے پی ٹی آئی کا عدالت سے رجوع

گزشتہ ماہ خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر منتخب پی ٹی آئی کے 5 اراکین سمیت 25 منحرف اراکین اسمبلی کو پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں مسلم لیگ(ن) کے حمزہ شہباز کو ووٹ دینے پر ڈی سیٹ کر دیا گیا تھا اور انہیں 23 مئی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے باضابطہ طور پر ڈی نوٹیفائی کیا تھا۔

اس کے بعد پی ٹی آئی نے لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ 5 نئے اراکین صوبائی اسمبلی کو نوٹس بھیج کر ذاتی حیثیت میں طلب کرے جس کے بعد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو اس معاملے پر فیصلہ کرنے کے لیے 2 جون کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024