• KHI: Maghrib 6:02pm Isha 7:22pm
  • LHR: Maghrib 5:19pm Isha 6:44pm
  • ISB: Maghrib 5:19pm Isha 6:47pm
  • KHI: Maghrib 6:02pm Isha 7:22pm
  • LHR: Maghrib 5:19pm Isha 6:44pm
  • ISB: Maghrib 5:19pm Isha 6:47pm

عمران خان کے میگا پروجیکٹ کا نام 'جی پیک' ہے، مریم نواز

شائع July 4, 2022
ان کا کہنا تھا کہ 17 جولائی پنجاب کی ترقی کی جنگ ہے جس سے جیتنا ہے— فوٹو: ڈان نیوز
ان کا کہنا تھا کہ 17 جولائی پنجاب کی ترقی کی جنگ ہے جس سے جیتنا ہے— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف نے میگا پروجیکٹ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) دیا جبکہ عمران خان کے میگا پروجیکٹ کا نام گوگی، پنکی اکنامک کوریڈور(جی پیک) ہے جس کے تحت لاہور اور پنجاب کے عوام کا لوٹا ہوا مال سیدھا بنی گالا جاتا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا لاہور کے ویلنشیا ٹاؤن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نوازشریف اور شہباز شریف کا میگا پروجیکٹ سی پیک تھا جس کے تحت بجلی کے کارخانے لگے، میٹرو بس، اورنج ٹرین بنی، سڑکوں کا جال بچھا۔

انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ نواز شریف سی پیک لایا تو عمران خان نے کچھ نہیں کیا، ان کے میگا پروجیکٹ کا نام گوگی، پنکی اقتصادی راہداری (جی پیک) ہے، لاہور اور پنجاب کے عوام کا لوٹا ہوا مال سیدھا بنی گالا جاتا تھا۔

'مسلم لیگ (ن) کو پاکستان کا جتنا خیال ہے شاید کسی اور کو نہیں'

ان کا کہنا تھا کہ آپ سب لوگ جانتے ہیں کہ ہمیں دل پر پتھر رکھ کر جس آئی ایم ایف معاہدے کے تحت تیل کی قیمتیں بڑھانا پڑیں وہ معاہدہ کس نے کیا تھا، قیمتیں نہ بڑھاتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، مسلم لیگ (ن) کو پاکستان کا جتنا خیال ہے شاید کسی اور کو نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہباز کل پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے، مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے کہا کہ عوام میں جا کر بتاؤ کہ نواز شریف مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

رہنما مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ آج حمزہ شہباز نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب کےجو خاندان 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں انہیں کبھی بجلی کا بل نہیں آئے گا، غریب کا پنکھا بھی چلے گا، لائٹ بھی جلے گی، فریج بھی چلے گا مگر بل نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہم نے ایسے وقت میں کیا کہ جب خزانہ خالی ہے، سارا خزانہ منی گالا والے کھا گئے ہیں۔

'گزشتہ چار سال میں فتنہ خان کے امیر دوستوں کو نوازا جاتا تھا'

مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں فتنہ خان کے امیر دوستوں کو نوازا جاتا تھا، آج مسلم لیگ کی عوامی حکومت نے غریبوں کو ریلیف دیا ہے، 75 سالہ تاریخ میں کبھی ایسا ہوا کہ بجلی استعمال کرو اور مہینے کے آخر میں بل نہ آئے، یہ کوئی احسان نہیں ہے میرا بس چلے تو سب کچھ لا کر آپ کے قدموں میں ڈال دوں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے دشمن 'فتنہ خان' کو دکھ ہے کہ پاکستان سری لنکا کیوں نہیں بنا، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ خالی خزانے کے باوجود شہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے دالیں، چینی، چاول، آٹا سستا فراہم کرنا ہے تاکہ کسی کا چولہا نہ بجھے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر آپ نے اسی طرح ساتھ دیا تو وہ وقت دور نہیں کہ غریب، اس کا خاندان تین وقت کا کھانا پیٹ بھر کر کھائے گا۔

'پاکستان کی سیاست کا پالا تاریخ کے سب سے بڑا بہروپیے سے پڑا ہے'

سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کا پالا ایک ایسے شخص سے پڑ گیا ہے جو تاریخ کا سب سے بڑا فتنہ اور انتشار پسند ہے، مجھے کہنے کی اجازت دو کہ وہ تاریخ کا سب سے بڑا بہروپیہ ہے، ایک حدیث کا مفہوم ہے کہ اگر کوئی شخص کسی ایسے شخص پر بہتان لگاتا ہے کہ جو دوسرے میں نہیں ہوتی تو جب تک وہ برائی اس کے اپنے اندر نہیں آجاتی تو وہ مرے گا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں کہنا چاہتی ہوں کہ ہمیں کہتا تھا کہ امریکا کے غلام ہیں، لوگوں کو سازش اور خط کے پیچھے لگا دیا، چار سال تک جب تک اس کی حکومت تھی تو پاکستان آزاد تھا اور جب اس کی کرسی گئی تو پاکستان غلام ہوگیا، اتنا بڑا ڈرامہ کبھی دیکھا ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلئے مفت 'بجلی' کا اعلان

انہوں نے کہا کہ امریکی عہدیدار ڈونلڈ لو کو دن رات بدنام کرتا رہا جبکہ اس نے اپنا ایک عہدیدار ڈونلڈ لو کے پاس بھیجا اور کہا کہ ہم سے غلطی ہو گئی ہے ہمیں معاف کردو، ایسا سنگین مذاق کوئی عقل و شعور رکھنے والا کر سکتا ہے، یہ مذاق اس نے ہمارے ملک پاکستان کے ساتھ کیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ میرے بارے میں کہتا رہا ہے سوشل میڈیا اور میڈیا کے ذریعے مہم چلائی، آج تک مجھ پر کچھ ثابت نہیں کرسکا جبکہ اس کی بیوی پنکی پیرنی کی آڈیو سامنے آگئی ہے، اس نے کہا کہ کوئی میری، فرح گوگی کی کرپشن، نالائقی کا سوال پوچھے تو جواب دینا کہ غداری ہوگئی، سازش ہو گئی، شکر ہے پنکی پیرنی نے یہ نہیں کہا کہ مجھے خواب میں بشارت ہوئی ہے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہب کو دکھاوے، سیاست، سیاسی مخالفین کو گندا کرنے کے لیے استعمال کرنے سے بڑا جرم کبھی کسی نے نہیں کیا، فتنہ خان نے جھوٹے الزامات لگا کر اپنے سیاسی مخالفین کو مذہب کی آڑ میں گولیاں پڑوائیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ لوگوں کو چور، ڈاکو کہنے والا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا وارداتیا نکلا، ایل این جی، فرح گوگی، پنکی پیرنی، آٹا، چینی سمیت تمام بڑے اسکینڈل عمران خان کے دور میں آئے جو 75 سال میں کسی کے دور میں نہیں آئے۔

یہ بھی پڑھیں: اداروں کو گندی سیاست میں گھسیٹنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ اس کے گھر کے بھیدی روز لنکا ڈھاتے ہیں، ان میں سے میرا بھائی عون چوہدری بھی ہے، جو تحریک انصاف چھوڑ کر نکلا ہے، چاہے علیم خان ہو یا جہانگیر ترین ہو، توبہ توبہ کرکے نکلے ہیں کہ ہم نے اتنا کرپٹ آدمی نہیں دیکھا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ کےلیڈر نواز شریف پر بے تحاشا الزامات لگے لیکن شاید وہ تاریخ کا پہلا لیڈر ہے کہ ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اول تو کوئی چھوڑ کر نہیں گیا اور اگر کوئی بدقسمت چھوڑ بھی گیا تو اس نے یہی کہا کہ ہم نے نوازشریف کو کبھی کرپٹ نہیں دیکھا اور ان کی امانت اور صداقت کی گواہی دی۔

'فتنہ پھر پنجاب میں ڈاکا ڈالنے کے خواب دیکھ رہا ہے'

مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر نے کہا کہ ایک فتنہ پھر پنجاب میں ڈاکا ڈالنے کے خواب دیکھ رہا ہے، آپ لوگ جانتے ہیں کہ پنجاب اور لاہور کا سب سے بڑا دشمن عمران خان ہے، پنجاب اور لاہور کیونکہ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیتا ہے اس لیے فتنہ خان کو پنجاب سینے پر سانپ کی طرح لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ خان تمہیں پیغام دینا چاہتی ہوں کہ پنجاب کے عوام جان گئے ہیں کہ پنجاب کی ترقی کے دشمن کا نام عمران خان ہے، اب نا صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان سے تمہاری سیاست کا صفایا ہونے جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: مریم نواز کا سپریم کورٹ کو سیاسی لڑائی سے علیحدہ رہنے کا مشورہ

ان کا کہنا تھا کہ 12 کروڑ افراد کے صوبہ پنجاب پر منی گالا گینگ حکومت کر رہا تھا، جس میں پنکی پیرنی، اس کے بچے، فرح گوگی اس کا خاوند اور اس کے ساتھ گینگ کا سرغنہ عمران خان تھا، جس نے بے دردی کے ساتھ پنجاب کے وسائل لوٹا، ہسپتال، اسکول نہیں بنے، سڑکیں ٹوٹ گئیں اور گندگی کے انبار لگ گئے کیونکہ چار سال پنجاب میں شیر نہیں تھا تو پنجاب کی حالات لاورثوں جیسی ہو گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ لوگو! یقین رکھنا کہ عوام کے خادم شیر واپس آکر پنجاب دن دگنی، رات چوگنی ترقی کرے گا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہاتھ اٹھا کر وعدہ کرو کہ میرے بھائی امین کو ووٹ دے کر کامیاب بناؤ گے اور پنجاب کا مینڈیٹ پھر کسی کو چھیننے کی اجازت نہیں دو گے۔

انہوں نے کہا کہ 17 جولائی کو گھروں میں کوئی نہیں بیٹھے گا، جوق درجوق خود بھی نکلو گے، میری بیٹیاں، میری بہنیں، میری مائیں گھروں میں نہ بیٹھیں، 17 جولائی پنجاب کی ترقی کی جنگ ہے جس سے جیتنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025