• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی کے بیشتر علاقوں میں بارش، شہریوں کو شدید گرمی میں کچھ سکون ملا

شائع July 4, 2022
سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 23.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی— فوٹو: ڈان نیوز ٹی وی
سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 23.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی— فوٹو: ڈان نیوز ٹی وی

کراچی کے بیشتر علاقوں میں سہ پہر کو تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش ہوئی، موسم گرما میں مون سون کے پہلے اسپیل سے شہریوں کو شدید گرمی سے کچھ سکون ملا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں سب سے زیادہ 23.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ گلشنِ معمار میں 21.2، نارتھ کراچی میں 9، سعدی ٹاؤن میں 2.1 جبکہ ناظم آباد، یونیورسٹی روڈ اور جناح ٹرمینل پر 1، 1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ گڈاپ ٹاؤن، بحریہ ٹاؤن، ڈی ایچ اے سٹی، گلستانِ جوہر، شاہراہ فیصل، نارتھ کراچی، تیسر ٹاؤن، ملیر اور ناظم آباد میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔

مزید پڑھیں: کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

انہوں نے کہا کہ شہر کے بیشتر علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی تاہم تیز بارش کراچی کے مضافاتی علاقوں میں ریکارڈ کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے دو دن کے دوران شہر میں موسم ابرآلود رہے گا جبکہ وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے۔

دوسری طرف ایس ایس پی ملیر سید عرفان علی نے بتایا کہ بارش میں شہریوں کی ہر ممکن مدد کے لیے ملیر ڈسٹرکٹ کے تمام افسران اور اہلکار سڑکوں پر موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ملیر کے تمام ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں میں بارش کی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 7 یا 8 جولائی کو مون سون کی دوسری بارش ہوگی، محکمہ موسمیات

انہوں نے کہا کہ بارشوں کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی ہدایت پر سختی سے عمل کیا جائے جبکہ تمام ایس ایچ اوز اور ڈی ایس پیز صاحبان اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس افسران اور اہلکار سڑکوں پر جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کے لیے متعلقہ اداروں کی مدد کریں۔

ایس ایس پی ملیر نے ہدایات دیں کہ ٹریفک پولیس بارش کے دوران اور بعد میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور ملیر کے نشیبی علاقوں کی نگرانی کی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ گشت کرنے والی ٹیمیں اپنے ساتھ ضروری اوزار، ٹیوب اور بارش میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے میں استعمال ہونے والے آلات/اشیا ساتھ رکھیں۔

ایس ایس پی ملیر سید عرفان علی بہادر نے مزید کہا کہ شہری بجلی کی تاروں، کھمبوں، درختوں اور سائن بورڈز سے دور رہیں۔

گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ہے جو 5 جولائی تک جاری رہے گی۔

مزید پڑھیں: کراچی: موسم گرما کی پہلی بارش، دیوار گرنے سے دو بچے جاں بحق

سیلاب سے خبردار کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، میرپور خاص، عمر کوٹ اور دادو کے اضلاع میں 3 جولائی سے 5 جولائی تک سیلابی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔

تاہم محکمہ موسمیات نے اتوار کو بتایا تھا کہ سسٹم کمزور ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں صرف ہلکی یا درمیانے درجے کی بارش ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 23 جون کو کراچی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسم گرما کی پہلی بارش سے شہر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا تھا، اور کئی علاقے گھنٹوں کے لیے بجلی سے محروم ہوگئے تھے جبکہ بارش کے سبب دیوار گرنے سے دو بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024