• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پنجاب میں 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلئے مفت 'بجلی' کا اعلان

شائع July 4, 2022
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کو قوم عمران نیازی کو آئینہ ضرور دکھائے گی —فوٹو: ڈان نیوز
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کو قوم عمران نیازی کو آئینہ ضرور دکھائے گی —فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب بھر میں 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو مفت بجلی فراہم کریں گے جبکہ سولر پینل فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تاکہ ان کو ہمیشہ کے لیے مفت بجلی مل سکے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں 100 یونٹس سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کی اوسط 44 لاکھ سے 90 لاکھ خاندان سالانہ بنتی ہے، ایک خاندان کے 6 افراد بھی شامل کریں تو ساڑھے 5 کروڑ صوبے کی عوام بنتی ہے، جو کہ غریب ترین طبقہ ہے اور صوبے کی آدھی آبادی بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 6 ماہ میں جن لوگوں نے 100 یونٹ بجلی استعمال کی ہے، پنجاب حکومت 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو 100 ارب روپے کی سبسڈی سے مفت بجلی فراہم کرنے جارہی ہے، آج کے بعد 100 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو بجلی کا بوجھ اٹھانے کی فکر سے آزاد ہوجانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہباز وزیراعلیٰ رہیں گے، دوبارہ انتخاب 22 جولائی کو ہوگا، سپریم کورٹ

ان کا کہنا تھا کہ ہم باریک بینی سے اس چیز کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ گھروں کو سولر پاور دے کر متبادل بجلی فراہم کریں تاکہ آنے والوں سالوں میں ہمیشہ کے لیے ان کی بجلی مفت ہو۔

'لوگوں کا چولہا ٹھنڈا ہوگا تو مجھے بھی بیٹھنے کا حق نہیں'

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اگر لوگوں کا چولہا ٹھنڈا ہوگا تو مجھے بھی یہاں بیٹھنے کا کوئی حق نہیں ہے، کوشش کروں گا اور مجھے قوی یقین ہے کہ مہنگائی کے جن کو بھی بوتل میں بند کریں گے، آئی ایم ایف کا پروگرام چلے گا، انٹرنیشنل ڈونرز آئیں گے، دوست ممالک مدد کریں گے، صحیح پالیسیاں بنیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکن چیزوں کو کسی اور نظر سے دیکھتا ہے، زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں، جب میں جیل گیا تو گورنمنٹ کالج کا طالب علم تھا، مشرف کا دور تھا پھر اب یہ 22 مہینے کی جیل کاٹی ہے۔

'سیاست بچانے کا نہیں، ریاست بچانے کا سوال ہے'

انہوں نے کہا کہ لوگوں کے نام بھول جاتے ہیں لیکن کام یاد رہتے ہیں، آج میں سمجھتا ہوں جو بات بھی ہونی چاہیے صحیح ہونی چاہیے، 74 سال بعد پاکستانی قوم ایسے دوراہے پر کھڑی ہے، یہاں پر سیاست بچانے کا سوال نہیں ہے بلکہ ریاست کو بچانا ہے۔

مزید پڑھیں: حمزہ شہباز کل پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے، مریم نواز

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ غربت، بے روزگاری، مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام کو دوبارہ سے اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے، سسکتی ہوئی معیشت کو دوبارہ بحال کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت 2018 میں آئینی مدت پوری کرکے جارہی تھی تو کیا اس وقت شرح نمو 5.8 فیصد نہیں تھا، کیا 22، 22 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ زیرو پر نہیں تھی، آج ایسا کیا ہوگیا کہ معیشت صفر اعشاریہ صفر ہوگئی، کیوں آج لوڈشیڈنگ دوبارہ ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک میں پنجاب کا وزیر اعلیٰ ہوں آپ سے سچی باتیں کروں گا، حقائق بتاؤں گا کہ اس صوبے کے ساتھ کیا کھلواڑ کیا گیا اور اس کے ثبوت پیش کروں گا، کسی کی عزت اچھالنے کے لیے اس کو چور، ڈاکو، کرپٹ نہیں کہوں گا، کیونکہ یہ نعرے سن سن کر اس قوم کے کان پک گئے ہیں، اگر آج کوئی سیاست کر رہا ہے تو وہ اللہ تعالیٰ کے ہاں جواب دہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف، حمزہ شہباز کی ضمانت میں 11 جون تک توسیع

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ میرا پچھلے تین مہینے کا سفر آئینی اور قانونی بحرانوں سے بھرا پڑا ہے، کبھی وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا اجلاس بلایا جاتا ہے کبھی ملتوی کردیا جاتا ہے، تین چار مرتبہ اجلاس ملتوی ہوئے، ڈپٹی اسپیکر پر جان لیوا حملہ ہوتا ہے، کبھی سنا ہے کہ پنجاب میں دو مہینے کابینہ ہی نہ بنی ہو۔

انہوں نے کہا کہ آج بین الاقوامی منڈی میں گندم کی قیمت ساڑھے 5 ہزار روپے فی من سے زیادہ ہوچکی ہے، ہم نے 50 لاکھ ٹن گندم خرید کر اپنے اسٹاک پورے کیے، مجھے لوگوں نے کہا کہ کابینہ کے بغیر آپ 200 ارب روپے کی سبسڈی دینے جارہے ہیں، کل کو نیب والے پوچھیں گے کہ آپ نے کیوں اتنی بڑی سبسڈی بغیر کابینہ کے دی؟ تو کل آپ پر مقدمہ بنے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آج میں یہ فیصلہ نہیں کروں گا تو کل کو اپنے ضمیر کو کیا جواب دوں گا، ہم نے 10 کلو آٹے کے تھیلے پر 160 روپے کا ریلیف دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا شروع کردہ منصوبہ صحت کارڈ جس کا نام انصاف صحت کارڈ رکھ دیا تھا، آج لیہ، مظفر گڑھ، ملتان میں غریب آدمی صحت کارڈ لے کر جاتا ہے تو ڈاکٹر کہتا ہے کہ آپ جائیں یہ دوائیوں کو نسخہ ہے، صحت کارڈ کو ہم نہیں مانتے، دوائیاں باہر سے لے کر لائیں، اس کو اپنی جیب سے ادویات لینا پڑتی ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ آج پنجاب کے تمام اضلاع کے ہسپتالوں میں کینسر سمیت دیگر ادویات لوگوں کو مفت مل رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دن رات محنت کرکے بلدیاتی انتخابات کا قانون بھی اسمبلی سے منظور کروایا ہے۔

'ڈونلڈ لو کل تک غدار تھا، اب معافی مانگی جارہی ہے'

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ امریکی عہدیدار ڈونلڈ لو کل تک سب سے بڑا غدار تھا اب اس سے معافی مانگی جارہی ہے، میں کہنے پر مجبور ہوں کیونکہ ملک، عوام، سسٹم کا معاملہ ہے، لوگ سازش کا بیانیہ سن سن کر پک چکے ہیں، کیا سابق خاتون اول نے نہیں کہا کہ میری بیٹی فرح گوگی پر کیسز چلیں گے تو سب کو غدار کہو۔

مزید پڑھیں: حمزہ شہباز کا انتخاب: ’دیکھنا ہوگا آرٹیکل 63-اے کی تشریح ان حالات میں لاگو ہوگی یا نہیں؟‘

انہوں نے بتایا کہ ریاست مدینہ میں گھڑیوں کی لائن لگ گئی، دوست ممالک نے جو کروڑوں کی گھڑیاں دیں اس پیسے کو آپ نے اپنی جیب میں ڈالا اور عوام کو جواب نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا ابھی فارن فنڈنگ کا کیس بھی آئے گا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ آج بجلی مہنگی ہے اور غریب کا کچن مشکل سے چل رہا ہے، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرکے لاکھوں لوگوں کی نوکریاں یہ عمران نیازی کھا گیا، اس نے غیر قانونی تجاوزات کی آڑ میں لاکھوں گھر گرا دیے اور اپنا بنی گالا کے محل کو ریگولائزر کروا لیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سخت فیصلے ضرور کیے ہیں لیکن ہر مشکل کے بعد آسانی ہے، انشااللہ دن رات محنت کریں گے اور اس ملک کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو ڈگر پر لائیں گے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ چار سال کے مقابلے میں تین ماہ کی کارکردگی اور اس میں بھی آئینی بحرانات رہے، ہم مقابلے کریں گے، سی پیک میں 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی تھی، ان لوگوں نے سی پیک کو بھی انتقام کا نشانہ بنایا، چین بھی دوبارہ سرمایہ کاری کا آغاز کرے گا اور نئی ترقی کا سفر شروع ہوگا، آج ہمیں اس ملک کو بچانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 60 کروڑ کے پلاٹ کو حاصل کرنے کے لیے جعلی کمپنی بنائی گئی، جعلی سرٹیفکیٹ دیا گیا کہ یہ کمپنی 2 ارب روپے کی ہے، تمام حقائق عوام کے سامنے آئیں گے، انتقامی کارروائی نہیں کریں گے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کو قوم عمران نیازی کو آئینہ ضرور دکھائے گی، عمران نیازی آپ پہلے توشہ خانہ، فارن فنڈنگ، فرح گوگی کی اربوں کے غبن کا حساب دیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Khalid Mehmood Jul 04, 2022 05:39pm
بہت خوب

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024