• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

حمزہ شہباز کل پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے، مریم نواز

شائع July 3, 2022 اپ ڈیٹ July 4, 2022
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پنجاب کبھی ووٹ نہیں دے گا کیونکہ پنجاب کا کوئی دشمن ہے تو اس کا نام فتنہ خان ہے— فوٹو ڈان نیوز
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پنجاب کبھی ووٹ نہیں دے گا کیونکہ پنجاب کا کوئی دشمن ہے تو اس کا نام فتنہ خان ہے— فوٹو ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کل آپ کو پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دینے جا رہے ہیں جبکہ حمزہ شہباز پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ بھی بتائیں گے۔

پنجاب ضمنی انتخابات کے حلقہ پی پی 158 لاہور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے یہ جلسہ دھرم پورہ کا نہیں بلکہ پورے لاہور کا لگ رہا ہے، نواز شریف لندن سے بیٹھ کر یہ جلسہ براہ راست دیکھ رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ دل پر پتھر رکھ کر پیٹرول و ڈیزل کی قیمتیں بڑھانا پڑیں لیکن ہم گھر میں چھپ کر نہیں بیٹھے، نوازشریف نے کہا کہ جاؤ لوگوں کو بتاؤ کہ مجھے ان کی تکلیف کا احساس ہے، پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ ہمیں کیوں اس میں اضافہ کرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'گو نیازی گو' تو گو ہو گیا ہے اب ہر جگہ روتا پھر رہا ہے۔

'دیوالیہ ہونے کا خطرہ نہیں ہوتا تو قیمتیں کبھی نہیں بڑھاتے'

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ نہیں ہوتا تو ہم مر جاتے لیکن قیمتیں کبھی نہیں بڑھاتے، میں نہیں کہتی کہ برطانیہ اور امریکا میں بھی مہنگائی ہے اور عوام دو روٹی کی جگہ ایک روٹی کھا لیں، میں کبھی یہ نہیں کہوں گی میں سنگدل نہیں ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے دشمن 'فتنہ خان' کو دکھ ہے کہ پاکستان سری لنکا کیوں نہیں بنا، مریم نواز

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں چاہتی ہوں کہ پاکستان کے عوام تین وقت کا کھانا پیٹ بھر کر کھائیں، بھروسہ رکھنا وہ وقت آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں فتنہ خان کی طرح نہیں کہوں گی کہ گھبرانا نہیں ہے بلکہ کہوں گی کہ گھبرانا نہیں ہے، آپ کے خادم دن رات محنت کرکے آپ کی مشکلات کو آسان بنائیں گے۔

انہوں نے لوگوں سے سوال پوچھا کہ کیا 2013 میں نواز شریف کی حکومت آنے سے پہلے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی یا نہیں، کیا نواز شریف نے یہ ختم کی تھی یا نہیں، لہٰذا ہم آج ہونے والی لوڈشیڈنگ کو بھی ختم کریں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے عملے نے مجھے بتایا کہ وہ تہجد پڑھ کر ایکسرسائز کرکے فجر کی نماز پڑھنے کے بعد لوگوں کی خدمت میں حاضر ہوجاتے ہیں جبکہ اس سے پہلے والے وزیراعظم کا دن 12 بجے سے پہلے شروع نہیں ہوتا تھا۔

مزید پڑھیں: اداروں کو گندی سیاست میں گھسیٹنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ یہ اسی سستی، نالائقی اور بے حسی کا اثر ہے کہ پاکستان مشکلات کا شکار ہے۔

'اس کے میگا پروجیکٹ فرح گوگی، پنکی پیرنی اور منی گالا کی ٹرین ہے'

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ نوازشریف اور شہباز شریف کے اہم منصوبے، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، بجلی کے کارخانے، میٹرو بس، اورنج ٹرین، سڑکوں کا جال اور ترقی اور فتنہ خان جو پنجاب پر نظر لگا کر بیٹھا ہے اس کے میگا پروجیکٹ فرح گوگی، پنکی پیرنی اور منی گالا کی ٹرین جو لاہور سے چل کر سیدھی بنی گالا جاتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نے 2022 تک پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ خالی خزانے کے باوجود شہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے دالیں، چینی، چاول، آٹا سستا فراہم کرنا ہے تاکہ کسی کا چولہا نہ بجھے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکیج حمزہ شہباز کل اعلان کریں گے جبکہ حمزہ شہباز کل آپ کو پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ بھی بتائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آپ چوری کے مرتکب ہوئے، اب حساب کا وقت آن پہنچا ہے، مریم نواز کا وزیراعظم کو جواب

انہوں نے کہا کہ فتنہ خان کے احتجاج میں لوگ شامل نہیں ہوئے، جو لوگ بنی گالا میں آکر احتجاج کرتے ہیں ان کی تعداد اس کے احتجاج سے زیادہ ہے۔

مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی لانے والا عمران خان ہے جبکہ نوازشریف اور شہباز شریف کے بازو لوگوں نے آزمائے ہوئے ہیں۔

'اس کی کرسی کیا گئی دماغی توازن بگڑ گیا'

ان کا کہنا تھا کہ یہ روز ٹی وی پر تقریر کرنے بیٹھ جاتا ہے، لوگوں کو کہتا ہے کہ کرسی ہل گئی، اس کی کرسی کیا گئی دماغی توازن بگڑ گیا، کبھی کہتا ہے کہ نیوٹرلز کو نیوٹرلز ہونا چاہیے کبھی کہتا ہے کہ نیوٹرلز مداخلت کیوں نہیں کرتے؟ میں نے 75 سالوں میں پہلا سیاستدان دیکھا ہے جو اپنی تقریروں میں نیوٹرلز کو آوازیں دیتا ہے کہ خدا کے واسطے مجھے دوبارہ اقتدار میں لاؤ۔

انہوں نے کہا یہ اتنا احسان فراموش آدمی ہے، یہ شاید واحد آدمی تھا جس کو نیوٹرلز نے انگلی پکڑ کر چلایا، اس کو بیساکھیوں کی عادت پڑ چکی تھی، بیساکھیاں چلی گئیں تو منہ کے بل آ کر گر گیا۔

مزید پڑھیں: مریم نواز سے متعلق بیان پر عمران خان کو شدید تنقید کا سامنا

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ جانتا ہے کہ لوگ مجھے جان گئے ہیں اب ووٹ نہیں دیں گے تو ادھر اُدھر آوازیں دیتا ہے، جلسوں میں نیوٹرلز کو آوازیں دیتا ہے اور رات کو اس کی بیوی پنکی پیرنی سوشل میڈیا کے لوگوں کو کہتی ہے کہ پاکستان کے اداروں کے خلاف ٹرینڈز چلاؤ۔

انہوں نے کہا کہ عوام غریب ہوگئے اور فرح گوگی، اس کا خاوند اور عمران خان کے سوتیلے بچے ارب پتی ہوگئے، لوگوں کو تکلیف دی اپنوں کو ریلیف دیا، وہ فون پر کسی کو کہہ رہی تھی کہ کوئی میری، فرح گوگی کی کرپشن، نالائقی کا سوال پوچھے تو جواب دینا کہ غداری ہوگئی، سازش ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے بڑا کوئی پنجاب دشمن نہیں ہے، پچھلے چار سال میں اتنی غفلت اور بے حسی برتی کہ لاہور کی سڑکوں پر جہاں میٹرو بس، اورنج لائن چلتی تھی، صفائی ہوتی تھیں وہاں زنگ لگ گیا، سڑکوں کے کناروں پر کوڑوں کے ڈھیر لگ گئے

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پنجاب کبھی ووٹ نہیں دے گا، کیونکہ پنجاب جان گیا ہے کہ اگر پنجاب کا کوئی دشمن ہے تو اس کا نام فتنہ خان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنکی پیرنی کہہ رہی تھی کہ اب یہ بچی فرح گوگی کی چیزیں سامنے لائیں گے، اچھی بچی ہے پورا پنجاب کا صوبہ کھا کر دبئی فرار ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بار یہ سوچ سمجھ کر اپنی ترقی، کامیابی، اور اپنے بچوں کے مستقبل کو ووٹ دینا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ میں خصوصی طور پر علیم خان، شعیب صدیقی اور ان 20 لوگوں کو شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے اپنی سیٹیں گنوا کر پنجاب کی عوام کا مینڈیٹ ان کو واپس کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024