• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پنجاب کے دشمن 'فتنہ خان' کو دکھ ہے کہ پاکستان سری لنکا کیوں نہیں بنا، مریم نواز

شائع July 3, 2022
مریم نواز پنجاب میں ضمنی انتخابی حلقے پی پی 167میں خطاب کرتے ہوئے — ڈان نیوز
مریم نواز پنجاب میں ضمنی انتخابی حلقے پی پی 167میں خطاب کرتے ہوئے — ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ فتنہ خان کا ایک ہی دکھ ہے کہ پاکستان سری لنکا کیوں نہیں بنا، جبکہ پنجاب کے دشمن کو اس لیے تکلیف ہے کہ وہ سمجھتا ہے کہ کچھ بھی ہو جائے پنجاب کے عوام مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دیں گے۔

پنجاب میں ضمنی انتخابی حلقے پی پی 167میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نذیر چوہان سمیت سب کو مبارکباد دیتی ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو فتح عطا فرما دی ہے، گرین ٹاؤن کے حلقے پی پی 167 میں لوگوں کو جوش و جذبہ بتا رہا ہے کہ گرین ٹاؤن میں شیر آرہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پریڈ گراؤنڈ میں جو فنتہ خان جلسہ کررہا ہے وہ بھی دیکھا ہے، پورے پاکستان سے اتنے لوگ اکھٹے نہیں کرسکا جتنے گرین ٹاؤن میں اکھٹے ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ میں آج آپ سے دل کی باتیں کرنے آئی ہوں، حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑے، حکومت کو ڈیزل پیٹرول کی قیمتوں میں دل پر پتھر رکھ کر اضافہ کرنا پڑا تو ہمارے مخالفین نے سوچا کہ شاید مریم نواز عوام میں نہیں نکلے گی، آج ان کو بڑی مایوسی ہوئی، عوام کو تکلیف ہو گی تو نواز شریف کی بیٹی عوام کے درمیان ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: اداروں کو گندی سیاست میں گھسیٹنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ مجھے پتا ہے کہ پچھلے چند دنوں میں مہنگائی ہوئی ہے لیکن یہ مہنگائی گزشتہ چند دنوں نہیں بلکہ 4 سالوں سے ہو رہی ہے، مجھے آپ کے دکھ اور تکلیف اور مشکلات کا احساس ہے، لیکن میرا دل اتنا پتھر نہیں ہے کہ یہ کہوں کہ میں آلو، پیاز کی قیمتیں پتا کرنے نہیں آئی، میں یقین دلاتی ہوں کہ آلو پیاز کی قیمت پتا کرنے کے ساتھ آپ کی تکلیف میں ساتھ کھڑی ہوں گی۔

'پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے پر نوازشریف کا دل خون کے آنسو روتا ہے'

پی ایل ایم (ن) کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے مجھے کہا کہ آج جب گرین ٹاؤن میں جانا تو لوگوں کو کہنا کہ پچھلے دنوں پیٹرول و ڈیزل کی قیمتیں بڑھائی ہیں اس پر نوازشریف کا دل خون کے آنسو روتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کی قسم کھا کر کہتی ہوں کہ یہ مسائل ہمارے پیدا کردہ نہیں ہیں لیکن وعدہ کرتی ہوں کہ پاکستان کو ان مسائل سے نجات دلانا ہماری ذمہ داری ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ لاہور والوں نوازشریف و شہبازشریف کا ساتھ دینا، جن بحرانوں میں آپ کو فتنہ خان چھوڑ کر چلا گیا، میں اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتی ہوں کہ پوری محنت اور جذبے کے ساتھ دن رات ایک کرکے نوازشریف و شہبازشریف آپ کو ان بحرانات سے نکالیں گے۔

مزید پڑھیں: مریم نواز سے متعلق بیان پر عمران خان کو شدید تنقید کا سامنا

ان کا کہنا تھا کہ مجھے شہباز شریف نے کہا کہ اگر بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمت ایک ڈالر بھی کم ہوتی ہے تو پیٹرول کی قیمتیں کم کرنے میں ایک منٹ نہیں لگاؤں گا۔

'آئی ایم ایف پاکستان کی امداد کے لیے ناک سے لکیریں نکلوا رہا ہے'

انہوں نے کہا کہ آپ کو پتا ہونا چاہیے کہ آئی ایم ایف سے فتنہ خان کے معاہدے کی وجہ سے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتیں بڑھانا پڑ رہی ہیں، معاہدہ کیا بہت برا کیا لیکن اس معاہدے کی پاسداری نے کرکے اس سے بھی برا کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ آج آئی ایم ایف پاکستان کی امداد کے لیے ناک سے لکیریں نکلوا رہا ہے کیونکہ عمران خان نے اس معاہدے سے روگردانی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف مجھے بتا رہے تھے کہ آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کہ عمران خان نے جو کیا اس کی وجہ سے ان کو پاکستان پر اعتبار نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا سپریم کورٹ کو سیاسی لڑائی سے علیحدہ رہنے کا مشورہ

پی ایم ایل (ن) کی رہنما نے کہا کہ اگر فتنہ خان نے قومی خزانے میں کچھ چھوڑا ہوتا تو یقین کریں کہ پاکستان کے خزانے ہم آپ سب پر نچھاور کردیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ بات توشہ خانہ چوری نہیں، بات اس چوری اور ڈاکے کی ہے جس کی عادت فتنہ خان کو پڑ چکی ہے، جب وہ مینڈیٹ چرا کر 2018 میں پاکستان پر مسلط ہو گیا تو اس نے خزانے پر بھی ہاتھ صاف کردیے، آج پاکستان کے پاس کچھ نہیں ہے، آج آپ سے مدد مانگنے آئی ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دو، میں آپ سے وعدہ کرتی ہوں کہ ان مشکلات سے نکالیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ آج جگہ جگہ جا کر فتنہ خان اپنی حکومت کے خاتمے کا رونا روتا ہے، مجھے یہ بتاؤ کہ کیا عوام نے تمہیں پاکستان ٹھیکے پر دیا ہوا تھا کہ تم لوٹتے رہتے، بربادی کرتے رہتے اور لوگ منہ دیکھتے رہتے، ہاں مسلم لیگ (ن) نے چیلنجز میں حکومت لی ہے تو ہمیں ان چیلنجز سے نکلنا بھی آتاہے۔

مزید پڑھیں: آپ چوری کے مرتکب ہوئے، اب حساب کا وقت آن پہنچا ہے، مریم نواز کا وزیراعظم کو جواب

انہوں نے کہا کہ فتنہ خان کا ایک ہی دکھ ہے کہ پاکستان سری لنکا کیوں نہیں بنا، حالانکہ اس نے ملک کو سری لنکا بنانے کا پورا بندوبست کیا ہوا تھا، لیکن پنجاب کو پاکستان کو شیر پر اعتماد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خالی خزانے کے باوجود شہباز شریف نے آٹے، چینی، دالوں پر سبسڈی دی، انہوں نے کہا کہ کچھ بھی ہو جائے ان چیزوں کا مہنگا نہیں کرنا کیونکہ غریب کے گھر کا چولہا بجھ جائے گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ مجھے یہ بھی پتا ہے کہ آج لوڈشیڈنگ ہے لیکن میں یہ بھی بتا دوں کہ فتنہ خان کو بجلی کے کارخانوں کے لیے تیل منگوانا یاد نہیں تھا، مسلم لیگ (ن) جو اضافی بجلی بنانے کے کارخانے 2018 میں لگا کر گئی تھی جب ہمیں اب حکومت واپس ملی تو دیکھا کہ ان کارخانوں کو زنگ لگ رہا ہے ان کے پاس بجلی بنانے کے لیے تیل نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف صبح فجر کی نماز پڑھ کر آپ کی خدمت میں حاضر ہو جاتا ہے، اس عمر اور اس صحت کے ساتھ بھی وہ دن کا ہر منٹ آپ کی خدمت میں صرف کرتے ہیں، فتنہ خان نے سب سے بڑا ڈاکہ پنجاب کے مینڈیٹ پر ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں اس نے پنجاب کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا، پنجاب کے عوام نے شیر کو ووٹ دیا، لیکن اس نے یہ مینڈیٹ کٹھ پتلی بزدار کے حوالے کر دیا، جس دن یہ ڈاکہ پڑا اسی دن لاہور اور پنجاب کی ترقی کو بریک لگ گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ریاست مخالف ریمارکس، قومی اسمبلی کا عمران خان کےخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا مطالبہ

مریم نواز نے کہا کہ 12 کروڑ افراد کے صوبے پنجاب پر فرح گوگی کو مسلط کر دیا، نوازشریف اور شہباز شریف نے اورینج لائن، میٹرو لائن اور گرین لائن جیسے منصوبے دیے، فتنہ خان نے پنجاب کو ایسی لائن دی جو بزدار کے آفس سے سیدھی بنی گالا تک جاتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نے پنجاب کے عوام سے چار سال بھتہ وصول کیا، اسی لیے پنجاب میں ایک سڑک، ہسپتال اور اسکول نہیں بنا، یہ کون سا انتقال تھا جو فتنہ خان پنجاب سے لے رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ خان پنجاب کا دشمن ہے، اس کو اس لیے پنجاب سے تکلیف ہے کیونکہ وہ سمجھتا ہے کہ کچھ بھی ہو جائے پنجاب کے عوام مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دیں گے۔

'عمران خان کی جماعت میں سے لوٹوں کو نکال دو تو کچھ نہیں بچتا'

مریم نواز نے کہا کہ آج عمران خان کو لوٹے یاد آ گئے، ہمارے امیدواروں کو کہہ رہا ہے کہ پارٹی چھوڑ کر آئے ہیں، عمران خان کی جماعت میں سے لوٹوں کو نکال دو تو کچھ نہیں بچتا، جب ہمارے لوگ توڑتے تھے تو کہتے تھے کہ ضمیر کی آواز ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوٹا وہ ہوتا ہے جو اپوزیشن کو چھوڑ کر حکومت میں جائے، ہمارے امیدوار عمران کی حکومت چھوڑ کر اپوزیشن میں آئے، میں ان کی مہم اس لیے چلانے آئی ہوں کیونکہ نذیر چوہان سمیت دیگر لوگوں نے پنجاب کے عوام سے چھینا گیا مینڈیٹ عوام کو واپس کیا ہے۔

'پنکی پیرنی کا بیٹا ابراہیم مانیکا ارب پتی بن گیا'

ان کا کہنا تھا کہ جانتے ہو کہ پنکی پیرنی کا بیٹا ابراہیم مانیکا پچھلے چار سال میں ارب پتی بن گیا ہے کیونکہ تمام ٹینڈرز میں ابراہیم مانیکا کا بڑا کمیشن جاتا تھا، اور یہ پنجاب کے عوام کے دوائیوں، روٹی، سڑکوں اور ہسپتالوں کا پیسا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کہتا تھا کہ میٹرو بسیں بنانے سے قومیں ترقی نہیں کرتیں، اور خود عوام کے پیسے کی 15 کروڑ روپے کی بی ایم ڈبلیو گاڑی لے کر چلا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نے پشاور میں بھی جنگلہ بس بنانے کی کوشش کی لیکن فتنہ خان کی طرح ناکام ہے، جس طرح پشاور کی جنگلہ بس کرپشن کی وجہ سے جلتی رہے گی اسی طرح فتنہ خان بھی جلتا رہے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ کبھی رانا ثنا اللہ سے ڈر کر پشاور بھاگ جاتا ہے، کبھی اسلام آباد آتاہے، کبھی جس عدالت کو کہتا تھا کہ 12 بجے کیوں کھلی، اسی عدالت کا دروازہ کھٹکٹاتا ہے، ایوانوں سے سڑک پر جاتا ہے، سڑک سے اسمبلی میں جاتا ہے، پھر اسمبلی سے عدالت میں جاتا ہے یہ ساری زندگی ایسے ہی چکر لگاتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ کہتا ہے کہ اسمبلی جعلی ہے اس میں نہیں جاؤں گا تو خیبرپختونخوا کی اسمبلی جعلی نہیں ہے لیکن اس جعلی اسمبلی سے تنخواہیں لوں گا، الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے کہ جب مہم چلانا ہوتی ہے تو کہتا ہے کہ استعفیٰ دے دیا اور جب تنخواہ لینے کی باری آتی ہے تو استعفیٰ کہاں ہے؟

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے 2013 میں 22، بائیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا ختم کیا تھا، اب بھی لوڈشیڈنگ ختم کرکے دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 2013 انتخابات کے بعد ملک میں نئی موٹرویز کا جال بچھایا تھا، اب بھی بچھا کر دکھائیں گے، ہم نے مہنگائی ختم کرکے دکھائی تھی اب بھی دکھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کو اپنے لیے شیر پر مہر لگانا اور پنجاب کو ٹھگ سے بچانا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Zafar Hafeez Jul 03, 2022 07:41am
This woman Mariam Nawaz is now playing race card. Every time she opens her mouth, we can see how ill educated she is. The whole Sharif family has been looting Pakistan for the past 35 years.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024