• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’جنسی جرائم‘ ثابت ہونے پر آر کیلی کو 30 سال کی سزا

شائع July 1, 2022
آر کیلی 2019 سے جیل میں ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
آر کیلی 2019 سے جیل میں ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

نابالغ لڑکیوں اور لڑکوں کے ریپ اور انہیں جنسی تعلقات کے وقت بیمار کرنے جیسے الزامات کا سامنا کرنے والے امریکی پاپ گلوکار رابرٹ سلویسٹر کیلی (آر کیلی) کو خواتین اور کم عمر لڑکیوں کو جسم فروشی کے لیے اسمگل کرنے سمیت ان کا جنسی استحصال کرنے جیسے جرائم ثابت ہونے پر 30 سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق امریکی شہر نیویارک کے علاقے منہٹن کی عدالت نے فیصلہ محفوظ کیے جانے کے تقریبا 9 ماہ بعد آر کیلی کو مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں 30 سال قید کی سزا سنادی۔

آر کیلی پر مجموعی طور پر 9 جرم ثابت ہوئے، جس میں سے ان پر ایک جرم میں متاثرہ شخص کو دھمکانے جب کہ باقی 8 جرائم میں خواتین اور نابالغ بچیوں کو جنسی تسکین کے لیے ایک سے دوسری جگہ منتقل کرنے جیسے جرائم شامل ہیں۔

انہیں مجموعی طور پر تمام جرائم میں 30 سال قید اور ایک لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا سنائی گئی، جس پر عدالت کے باہر موجود متاثرہ خواتین نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خوشی کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب آر کیلی کے وکلا نے فیصلے کو انسانی حقوق کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: دو سال کی تاخیر کے بعد آر کیلی کے خلاف ٹرائل کا آغاز

مذکورہ ٹرائل کی آخری سماعتیں ستمبر 2021 میں ہوئی تھیں، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے 29 جون 2022 کو فیصلہ سنایا۔

ٹرائل کے دوران آر کیلی کے خلاف متعدد خواتین، نابالغ لڑکیوں اور لڑکوں نے بھی گواہی دی تھی، تاہم گلوکار نے اپنے دفاع کے لیے عدالت میں کوئی بیان نہیں دیا تھا۔

آر کیلی دو سال سے جیل میں ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
آر کیلی دو سال سے جیل میں ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

آر کیلی نے اگرچہ عدالت میں اپنے حق میں کوئی بیان نہیں دیا تھا، تاہم انہوں نے پہلے دن سے ہی تمام الزامات کو مسترد کیا تھا جب کہ ان کے وکلا بھی ان پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے رہے۔

ان کے خلاف مذکورہ عدالت میں 2 نابالغ لڑکوں اور 11 لڑکیوں کے ریپ اور ان کے جنسی استحصال جیسے 22 کرمنل کیسز کا ٹرائل ہوا تھا، جس میں سے ان پر 9 الزامات ثابت ہوئے۔

مزید پڑھیں: آر کیلی کے خلاف ٹرائل کی سماعت کے دوران متاثرین کے ہوشربا انکشافات

ان پر الزام تھا کہ انہوں نے 1990 سے 2018 تک متعدد نابالغ لڑکوں، لڑکیوں اور خواتین کو جنسی تعلقات کے لیے ایک سے دوسری جگہ منتقل کرنے سمیت ان کا جنسی استحصال کیا اور ان کے ساتھ جسمانی تعلقات استوار کرکے انہیں بعض جنسی بیماریاں بھی دیں۔

ان پر یہ الزام بھی تھا کہ انہوں نے عالیہ نامی گلوکارہ سے 1994 میں اس وقت شادی کی جب لڑکی کی عمر 15 سال تھی جب کہ اس سے قبل ہی انہوں نے ان کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کیے تھے۔

پہلے ہی خیال کیا جا رہا تھا کہ اگر اگر ان پر الزام ثابت ہوئے تو انہیں 20 سال یا اس سے زائد قید کی سزا ہوسکتی ہے، ان کے خلاف نیویارک کے علاوہ دیگر امریکی ریاستوں میں بھی مقدمات دائر ہیں اور ان کے فیصلے آنا ابھی باقی ہیں۔

آر کیلی کسی مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بغیر ہی 2019 سے جیل میں ہیں، انہیں نیویارک سے شکاگو کی جیلوں میں وقتا بوقتا منتقل کیا جاتا رہا ہے، اب انہیں دوبارہ شکاگو منتقل کیا جائے گا، جہاں ان کے خلاف عدالتوں میں دوسرے ٹرائلز کا آغاز ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024