• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

’مس مارول‘ میں فواد خان کی پہلی جھلک منظر عام پر آگئی

شائع June 30, 2022
توقع کی جارہی ہے کہ اگلی قسط میں فواد خان باقاعدہ کردار نبھاتے نظر آئیں گے—فائل فوٹو: مارول اسٹوڈیو/ انسٹاگرام
توقع کی جارہی ہے کہ اگلی قسط میں فواد خان باقاعدہ کردار نبھاتے نظر آئیں گے—فائل فوٹو: مارول اسٹوڈیو/ انسٹاگرام

’مارول اسٹوڈیو‘ کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی امریکی ویب سیریز ’مس مارول‘ کی چوتھی قسط میں پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کی پہلی جھلک نے شائقین کی بے چینی میں مزید اضافہ کردیا۔

گزشتہ سال جب یہ تصدیق سامنے آئی کہ پاکستانی اداکار فواد خان’مس مارول سیریز‘ کا حصہ ہوں گے اس وقت سےمداح یہ سیریز ریلیز ہونے کا شدت سے انتظار کررہے تھے۔

پاکستانی ڈراما اور فلم انڈسٹری سمیت بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے فواد خان کے مداحوں کی بے چینی میں گزشتہ روز مزید اضافہ ہوگیا جب مس مارول سیریز کی چوتھی قسط میں فواد خان کے کردار کی پہلی جھلک دکھائی دی۔

ریلیز سے قبل یہ خبریں گردش میں تھیں کہ مس مارول میں پاکستانی اداکار فواد خان اور مہوش حیات کا کردار انتہائی اہم ہے جو کہ مبینہ طور پر مس مارول کمالا خان کے پردادا اور پردادی کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

گزشتہ روز ریلیز ہونے والی اس سیریز کی چوتھی قسط میں فواد خان کے کردار کے حوالے سے یہ خبریں درست ہوتی معلوم ہوئیں، فلم کےایک سین میں مرکزی کردار کمالا خان کی نانی اسے اس کے ماضی کے بارے میں بتا رہی ہوتی ہیں، اس دوران وہ کمالا کو اس کے نانا حسن کی ایک تصویر دکھاتی ہیں جوکہ بظاہر فواد خان کی ایک بلیک اینڈ وائٹ فوٹو ہوتی ہے۔

—فوٹو : مس مارول/اسکرین شاٹ
—فوٹو : مس مارول/اسکرین شاٹ

چوتھی قسط کے اختتام پر کریڈٹس میں فواد خان کا نام نمایاں ہونے سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ یہ تصویر فواد خان کی ہی ہے۔

اگرچہ فواد خان کے اس کردار (حسن) کے حوالے سے فی الحال مزید کچھ نہیں بتایا گیا اور شائقین مارول سیریز میں اپنے پسندیدہ اداکار کی صرف ایک جھلک ہی دیکھ سکے لیکن توقع کی جارہی ہے کہ اگلی قسط میں فواد خان باقاعدہ طور پر اپنا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

سیریز میں فواد خان کو ملنے والے اسکرین ٹائم کے حوالے سے بھی فی الحال کچھ حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا لیکن ان کے مداح فواد خان کے مارول اسٹوڈیو میں ڈیبیو پر بے پناہ خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔

ایک صارف نے کہا کہ یہ صرف فواد خان کے لیے ہی ممکن ہے کہ چار، پانچ سال اسکرین سے غائب رہنے کے باوجود صرف ایک جھلک دکھا کر لوگوں کو اپنا دیوانہ بنا دیں، یہ ہوتا ہے حقیقی سپر اسٹار۔

سیریز کی چوتھی قسط میں فواد خان کی جھلک کے ساتھ ساتھ کراچی شہر کے محصور کن مناظر نے بھی مداحوں، خاص طور پر پاکستانی ناظرین کی اس سیریز میں دلچسپی کو مزید بڑھا دیا۔

اس سیریز میں فواد خان اور مہوش حیات کے علاوہ اداکارہ نمرہ بچہ اور ثمینہ احمد سمیت کچھ مشہور ایشیائی اداکار بھی شامل ہیں۔

دریں اثنا 'مس مارول' کے 4 ہدایت کاروں میں سے ایک ہدایت کار شرمین عبید چنائے نے سیریز میں فواد خان کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بات کرتےہوئے کہا کہ ’فواد خان ایسے ناقابل یقین اداکاروں میں سے ایک ہیں جوکہ ورسٹائل ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’جیسے ہی وہ سیٹ پر آتے ہیں اور آپ ان سے ایکشن میں آنے کو کہتے ہیں تو آپ انہیں کام کرتے دیکھ کر باقاعدہ محصور ہوجاتے ہیں‘۔

شرمین عبید چنائے کا مزید کہنا تھا کہ ’فواد خان واقعی لاجواب ہیں‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024