• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

یوٹیوبر عبداللہ خٹک موٹر سائیکل حادثے میں انتقال کرگئے

شائع June 30, 2022
عبد اللہ خٹک آغا خان یونیورسٹی میں میڈیکل کے طالب علم تھے—فوٹو : انسٹاگرام / عبداللی خٹک
عبد اللہ خٹک آغا خان یونیورسٹی میں میڈیکل کے طالب علم تھے—فوٹو : انسٹاگرام / عبداللی خٹک

معروف نوجوان پاکستانی یوٹیوبر اور آغا خان یونیورسٹی کے طالب علم عبداللہ خان خٹک کراچی میں موٹر سائیکل حادثے میں انتقال کرگئے۔

عبداللہ خٹک کی موت کی تصدیق ان کی بہن آمنہ خٹک نے انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں کی۔

—فوٹو : آمنہ خٹک/انسٹاگرام
—فوٹو : آمنہ خٹک/انسٹاگرام

ان کے ایک قریبی دوست نے بھی ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے عبداللہ خان کے انتقال کی تصدیق کی۔

ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ 1 بج کر 45 منٹ پر ایف ٹی سی فلائی اوور پر 21 سالہ عبداللہ خٹک کی موٹر سائیکل کے سامنے ایک راہگیر آگیا تھا۔

عبدالہ خٹک موٹرسائیکل سے گرے اور ان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں، راہگیر کو بھی چوٹیں آئیں اور دونوں کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے عبداللہ کو مردہ قرار دے دیا۔

عبد اللہ خٹک کراچی میں آغا خان یونیورسٹی میں میڈیکل (تھرڈ ایئر) کے طالب علم تھے اور اپنے یوٹیوب چینل پر صحت، سیاحت، کھانوں، موٹر سائیکل اور لائف اسٹائل کی ویڈیوز بناتے تھے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بتایا کہ زخمی ہونے والے راہگیر کی عمر 35 سال سے زائد ہے، انہیں جے پی ایم سی کے نیورو سرجری وارڈ میں تشویشناک حالت میں داخل کیا گیا۔

آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ’ہمیں اپنے عزیز طالب علم اور دوست عبداللہ خٹک (ایم بی بی ایس 2024) کے المناک نقصان پر بہت دکھ ہوا ہے جو ایک موٹرسائیکل حادثے کا شکار ہو گئے، ہماری دلی تعزیت اور دعائیں ان کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں‘۔

عبداللہ خٹک کے بڑے بھائی ماجد نے انہیں یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا چھوٹا بھائی اپنا مقصد حاصل کرنے کے لیے پرعزم تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ’گھر والوں نے عبداللہ کو خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے لیے کہا تھا لیکن وہ آغا خان یونیورسٹی میں پڑھنا چاہتا تھا، وہ پشاور میں اپنا گھر چھوڑ کر ڈاکٹر بننے کے لیے کراچی آیا تھا۔

عبد اللہ خٹک کی حادثاتی موت پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ان کے دوستوں اور صارفین تعزیتی تبصرے کر رہے ہیں، ٹوئٹر پر ’ہیش ٹیگ عبداللہ خان‘ 37 ہزار ٹوئٹس کے ساتھ ٹرینڈ کر رہا ہے۔

ایک صارف نے بتایا کہ ’شاید آپ لوگ نہ جانتے ہوں، عبد اللہ ایک راہ گیر کو بچاتے ہوئے ایکسیڈنٹ کا شکار ہوگئے جس میں ان کی جان چلی گئی، ایسے لگ رہا ہے جیسے وہ اب اچھی جگہ چلے گئے ہیں، جنت میں سکون کرو عبد اللہ‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024