• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

انگلینڈ کے ورلڈکپ فاتح کپتان مورگن بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر

شائع June 28, 2022
مورگن نے انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے میں انفرادی طور پر سب سے زیادہ رنز بنائے—فائل/فوٹو: اے ایف پی
مورگن نے انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے میں انفرادی طور پر سب سے زیادہ رنز بنائے—فائل/فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ورلڈ کپ چمپئن کپتان آئن مورگن نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کردیا۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مورگن نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ اپنے کیریئر کے بہترین اور قابل فخر لمحات کے اختتام کا فیصلہ اتنا آسان نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ کا ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑے اسکور کا عالمی ریکارڈ، نیدرلینڈز کو شکست

ان کا کہنا تھا کہ میرا ماننا ہے کہ فیصلے کے لیے ہی درست وقت ہے، مجھے ذاتی طور پر اور انگلینڈ کی مختصر طرز کی ٹیم دونوں کے لیے، جس کی میں اس وقت قیادت کر رہا ہوں۔

مورگن نے کہا کہ میں اس لحاظ سے خوش قسمت ہوں کہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہا لیکن میرا ماننا ہے انگلینڈ کی مختصر طرز کرکٹ ٹیم کا مستقبل پہلے سے زیادہ روشن ہے، ہمارے پاس تجربہ، صلاحیت اور گہرائی ہے جو پہلے کبھی نہیں تھی۔

مورگن کی کارکردگی پر سوالات اس وقت اٹھنے لگے جب وہ انجریز کا شکار ہوئے اور مختصر طرز کرکٹ میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں مسلسل ناکام نظر آئے جبکہ رواں برس ٹی20 ورلڈ کپ اور 2023 میں 50 اوورز کا ورلڈ کپ شیڈول ہے جس کا انگلینڈ کو دفاع کرنا ہے۔

مورگن نے کہا کہ میں ڈومیسٹک سطح پر جتنا ہوسکے بدستور کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں برس ہونے والے دی ہنڈرڈ کے دوسرے ایڈیشن میں لندن اسپرٹ کی قیادت اور نمائندگی کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ: انگلینڈ تاریخ کا دھارا بدل کر پہلی بار عالمی چیمپیئن بن گیا

یاد رہے کہ 35 سالہ مورگن نے ایک روزہ کرکٹ کا آغاز 16 سال کی عمر میں آئرلینڈ کی جانب سے 2006 میں کیا تھا جبکہ 2009 میں انگلینڈ کی ٹیم میں منتخب کیا گیا تھا۔

انہوں نے 248 ایک روزہ اور 115 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے اور مجموعی طور 10 ہزار 159 رنز بنائے جبکہ 16 ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 700 رنز بنائے۔

خیال رہے کہ مورگن کی قیادت میں انگلینڈ نے کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 2019 میں ایک روزہ ورلڈ کپ جیتا اور انہوں نے مسلسل 126 ایک روزہ اور 72 ٹی 20 میچوں میں ٹیم کی قیادت کی۔

ان کی قیادت میں انگلینڈ نے ون ڈے اور ٹی20 میں 118 فتوحات حاصل کیں جو خود ایک ریکارڈ ہے۔

مورگن نے ریٹائرمنٹ سے قبل انگلینڈ کے لیے کئی ریکارڈز بھی بنائے، جس میں ون ڈے میں انگلینڈ کی جانب سے انفرادی طور پر سب سے زیادہ 6 ہزار 957 رنز اور ٹی20 میں سب سے زیادہ 2 ہزار 458 رنز بنائے۔

انہیں انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے اور ٹی20 طرز کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

مورگن کی قیادت میں انگلینڈ نے رواں ماہ نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں 498 رنز کا عالمی ریکارڈ بھی بنایا تھا، جس میں جوز بٹلر، فل سالٹ اور ڈیوڈ ملان نے سنچریاں بنائی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024