• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

آئی ایم ایف کے ساتھ اگلے ہفتے تک معاہدہ ہو جائے گا، مفتاح اسمٰعیل

شائع June 27, 2022
وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے جو سپر ٹیکس لگایا ہے وہ کپمنی پر لاگو ہوگا کسی پراڈکٹ پر نہیں —فائل فوٹو: ڈان نیوز
وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے جو سپر ٹیکس لگایا ہے وہ کپمنی پر لاگو ہوگا کسی پراڈکٹ پر نہیں —فائل فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے کچھ معاملات پر باتیں چل رہی ہیں، جو کل تک مکمل ہو جائیں گی اور اگلے ہفتے تک معاہدہ ہو جائے گا۔

جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں سلیم صافی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے جو سپر ٹیکس لگایا ہے وہ کسی پراڈکٹ پر نہیں کمپنی پر لاگو ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے مخصوص فیکٹریوں سے 10 فیصد ٹیکس مانگا ہے، جس میں وزیر اعظم کے بیٹے کی بھی ایک فیکٹری شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جتنا ٹیکس میں ایک سال میں ادا کرتا ہوں، اتنا عمران خان نے پوری زندگی میں بھی ادا نہیں کیا ہوگا۔

مزید پڑھیں: تنخواہ دار طبقے کو دیا گیا ریلیف ختم، ٹیکس کی حد 12 لاکھ سے واپس 6 لاکھ روپے مقرر

وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے سناروں سمیت دیگر متعدد شعبوں پر ٹیکس عائد کیا ہے، اب چونکہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد بجٹ پیش کیا گیا ہے تو آئندہ چند ماہ میں بلڈرز کو بھی ٹیکس کے دائرے میں لائیں گے، ان سے ہماری بات چل رہی ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ مسلم لیگ ن کے لیے مشہور تھا کہ وہ سرمایہ کار کو لاتی ہے تو اس پر انہوں نے جواب دیا کہ مسلم لیگ نے ہمیشہ سرمایہ کاری کو ترجیح دی، سرمایہ دار کو نہیں، پاکستان میں جو بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں منصوبے بنے ہیں ان سے سرمایہ دار کو فائدہ نہیں ہوا۔

اس سوال کے جواب میں کہ پیٹرول مہنگا ہوگیا اور آپ نے ٹیکس لگا دیے تو اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے، مغرب کے اندر معیشت کم ہو رہی ہے، کوشش ہے کہ سب فیکٹریوں کو مناسب قیمت پر بجلی اور گیس فراہم کریں، اگلے چند دنوں میں مناسب قیمت میں چوبیس گھنٹے بجلی اور گیس دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر خزانہ نے آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی رپورٹس کو مسترد کردیا

جب ان سے پوچھا گیا کہ سپر ٹیکس لگانے کے بعد اسٹاک مارکیٹ نیچے آگئی تو اس پر انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ ایک دن نیچے گئی لیکن جیسے لوگ سمجھیں گے تو بہتر ہو جائے گا، اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں بینک کا حصہ دار ہوں، میں نے خود پر اور شہباز شریف پر بھی ٹیکس لگایا ہے، کیا اس ملک میں اتنا امیر و غریب میں فرق ہوگا کہ لوگوں کو بنیادی سہولیات میسر نہیں آئیں گی۔

قبائلی اضلاع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ سے ہم نے پیسے نہیں کاٹے،جتنا فاٹا پر خرچ ہوتا ہے وہ وفاق ادا کرتا ہے، تو کیا یہ سب کی ذمہ داری نہیں کہ اس میں حصہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی کمیٹی کا اجلاس بلائیں گے، اس میں بات کریں گے لیکن ہر چیز کا ازالہ نہیں ہو سکتا، ستر سالوں سے کے پی کے لوگ محروم رہے ہیں، تمام صوبوں اور حکومتوں کو بیٹھ کر کام کرنا ہوگا تاکہ بلوچستان، فاٹا کے علاقوں میں محرومی نہ ہو۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024