• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

امپائر کو ساتھ ملانے کے باوجود ہم نے ان کو شکست دینی ہے، عمران خان

شائع June 26, 2022
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی سازش کے تحت چوروں کو اوپر مسلط کیا گیا ہے، ساری عوام ان لوگوں کے خلاف ہے، یہ لوگ انتخابات صرف امپائر ملا کر جیت سکتے ہیں، ہم نے اس کے باوجود ان کو شکست دینی ہے۔

پنجاب کے حلقے پی پی 158 میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ الیکشن صرف ایک حلقے کا نہیں پورے پنجاب اور پاکستان کا ہے، آپ سب نے ہر دروازے پر جاکر پیغام دینا ہے کہ جو لوگ اپنا ضمیر بیچ کر چوروں کے ساتھ مل جاتے ہیں ان کو شکست دینا ہم سب کا فرض ہے۔

مزید پڑھیں: سابق وزیر اعظم عمران خان نے نیب قانون میں ترامیم سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

انہوں نے کہا کہ آئی جی راؤ سردار علی خان، میں نے آپ کو اس لیے لگایا تھا کہ آپ ایماندار آئی جی ہیں جو کوئی غلط کام نہیں کرے گا، انتخابات میں پولیس کا کیا رویہ ہوتا ہے، اگر پولیس نے غلط کام کیا تو لوگ ساری زندگی راؤ سردار آپ پر انگلیاں اٹھائیں گے، پولیس کا حلف ہے کہ قانون کے مطابق چلنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے، الیکشن کمیشن کو بھی پیغام ہے کہ پورا پاکستان ان 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کو دیکھ رہا ہے، جو رویہ اب تک الیکشن کمیشن کا رہا ہے کسی کو آپ پراعتماد نہیں ہے، یہ انتخابات فیصلہ کریں گے کہ الیکشن کمیشن پر قوم اعتماد کرسکتی ہے؟ اب تک الیکشن کمیشن جانبدار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نومبر میں آرمی چیف کا تقرر میرٹ پر کرتا، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے ورکرز سے کہا کہ ہمیں پتا ہے کہ ان کے ساتھ کون کون لوگ شامل ہیں اور یہ بھی پتا ہے کہ یہاں پیسہ چل رہا ہے لیکن آپ لوگوں نے گھر گھر جاکر اپنی قوم کو جگانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جو امریکا کے نوکر ہیں، امریکا کی پوجا کرنے والے ہیں، کیا پاکستانی قوم ان کو شکست دے گی؟ امپائروں کے باوجود امریکا کے غلاموں، ملک کے بڑے بڑے ڈاکوؤں کو ہم نے ہرانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ کے لیے ان چوروں کو ہرا کر ملک سے فارغ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کہتے تھے کہ مہنگائی کردی، انہوں نے 2 مہینے میں اتنی مہنگائی کردی جتنی ہم نے ساڑھے تین سالوں میں نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پتا ہے کہ جو آئی ایم ایف کہے گا یہ لوگ وہ کریں گے۔

عمران خان نے پی پی 170 میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو کرکٹ کھیلنے کا بہت شوق تھا، یہ جب بھی میچ کھیلنے کے لیے آتا تھا تو ساتھ میں دو امپائر لاتا تھا، میں جھوٹ نہیں بول رہا جو لوگ اس وقت جم خانہ میں آتے تھے وہ اس بات کی گواہی دیں گے، جب یہ آؤٹ ہو جاتا تھا تو امپائر نو بال دے دیتا تھا، اب بھی اس نے امپائر ساتھ ملائے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے نیب ہی ختم کر دیا ہے، جو قانون بنایا ہے اب کوئی بڑے چور کو پکڑ ہی نہیں سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے ہوتے ہوئے کسی بیرونی دشمن کی ضرورت نہیں ہے یہی ملک کو اندر سے ختم کر دیں گے، مولانا رومی نے بتایا کہ جب قوم اچھے اور برے کی تمیز ختم کرتی ہے تو قوم ختم ہو جاتی ہے، جب قوم بدی کے خلاف جہاد نہیں لڑتی تو قوم ختم ہو جاتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ نے اس کو سیاست نہیں جہاد سمجھنا ہے، انہوں نے دھاندلی کرنی ہے اور میرے نوجوانوں نے ہر پولنگ بوتھ پر کھڑے ہو کر ان کو دھاندلی نہیں کرنے دینی۔

واضح رہے کہ 25 مئی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کی رکنیت ختم ہونے کے بعد خالی کردہ 20 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا جس کے مطابق پولنگ 17 جولائی کو ہوگی۔

جن حلقوں میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کیا گیا ہے ان میں لاہور کے 4، جھنگ، لودھراں اور مظفر گڑھ کے2، 2، راولپنڈی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، شیخوپورہ، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان کا ایک، ایک حلقہ شامل ہے۔

  1. حلقہ پی پی 7، راولپنڈی 2،
  2. حلقہ پی پی 83، خوشاب 2
  3. حلقہ پی پی 90، بھکر 2
  4. حلقہ پی پی 97، فیصل آباد 1
  5. حلقہ پی پی 125، جھنگ 2
  6. حلقہ پی پی 127، جھنگ 4
  7. حلقہ پی پی 140، شیخوپورہ 6
  8. حلقہ پی پی 158، لاہور 15
  9. حلقہ پی پی 167، لاہور 26
  10. حلقہ پی پی 168، لاہور 25
  11. حلقہ پی پی 170، لاہور 27
  12. حلقہ پی پی 202، ساہیوال 7
  13. حلقہ پی پی 217، ملتان 7
  14. حلقہ پی پی 224، لودھراں 1
  15. حلقہ پی پی 228، لودھراں 5
  16. حلقہ پی پی 237، بہاولپور 1
  17. حلقہ پی پی 272، مظفر گڑھ 5
  18. حلقہ پی پی 273، مظفر گڑھ 6
  19. حلقہ پی پی 282، لیہ 3
  20. حلقہ پی پی 288، ڈیرہ غازی خان 4

خیال رہے الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الہٰی کے بجائے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت میں ووٹ دینے والے 25 منحرف اراکین کی صوبائی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹی فکیشن 23 مئی کو جاری کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024