• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

حکومت کی مہنگی ایل این جی کی خریداری پر لوڈشیڈنگ کو ترجیح

شائع June 25, 2022
عہدیدار نے بتایا کہ ایل این جی پیشکش بہت مہنگی تھی جس کی وجہ سے ٹینڈر نہیں دیا گیا—فائل فوٹو: رائٹرز
عہدیدار نے بتایا کہ ایل این جی پیشکش بہت مہنگی تھی جس کی وجہ سے ٹینڈر نہیں دیا گیا—فائل فوٹو: رائٹرز

بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور قلت کے دوران پاکستان نے جولائی میں ایل این جی کارگو کی فراہمی کے لیے موصول ہونے والی واحد 39.8 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی مہنگی پیشکش قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس طرح پاکستان کے پاس جولائی میں ایک مرتبہ پھر صرف 800 ملین کیوبک فیٹ (ایم ایم سی ایف ڈی) ایل این جی کے 8 کارگوز ہوں گے جو قطر کے ساتھ طویل المدتی معاہدے کے نتیجے میں ملیں گے۔

پیشکش جمع کرانے کے آخری روز جعمرات کو پاکستان کو جولائی کے ابتدائی تین ہفتوں 3 ایل این جی سلاٹس کے لیے کوئی پیشکش نہیں ملی لیکن جولائی کے آخری ہفتے کے سلاٹ کے لیے مہنگی ترین بولی موصول ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان جولائی کیلئے تین ایل این جی کارگو کی خریداری میں ناکام

پیشکشیں نہ ملنے کی وجہ روس سے گیس سپلائی میں آنے والی رکاوٹوں کی وجہ سے یورپی صارفین کی اسپاٹ مارکیٹ میں زیادہ خریداری ہے۔

پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے جولائی کے پہلے اور دوسرے ہفتے میں ایک، ایک آخری ہفتے میں دو کارگوز کے لیے 16 جون کو ٹینڈر جاری کیا تھا لیکن 2-3 جولائی، 8-9 جولائی اور 25-26 جولائی کے لیے کوئی پیشکش موصول نہیں ہوئی۔

پی ایل ایل کی جانب سے جولائی کے پہلے ہفتے میں ایل این جی کارگو حاصل کرنے کی یہ تیسری ناکام کوشش تھی، اس سے پہلے 31 مئی اور 7 جون کو جاری کیے گئے دو ٹینڈرز پر بالترتیب دو اور ایک پیشکش موصول ہوئی تھی تکنیکی جواب نہیں مل سکا یوں وہ پیشکشیں ختم ہوگئیں۔

تاہم 30 سے 31 جولائی کے لیے قطر انرجی ٹریڈنگ کی جانب سے 39.8 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی ریکارڈ بلند ترین قیمت پر ایک پیشکش موصول ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو ایل این جی کارگوز کیلئے 6 مہنگی بولیاں مل گئیں

ایک عہدیدار نے کہا کہ ’یہ پیشکش انتہائی مہنگی تھی اس لیے ہم نے ٹینڈر نہیں دیا پیشکش کی شرائط کے مطابق ہمارے پاس اسے مسترد کرنے کا خط لکھنے کے لیے 24 گھنٹے کا وقت ہے، اس کے بجائے لوڈشیڈنگ کی طرف جانا بہتر ہوگا‘۔

پاکستان نے 2015 میں ایل این جی کی درآمد شروع کرنے کے بعد سے اب تک کی سب سے مہنگی پیشکش نومبر 2021 میں 30.65 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو قبول کی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ کے پروڈیوسرز کے علاوہ اسپاٹ مارکیٹ میں ایل این جی سپلائیرز امریکی حکومت کے زیر اثر ہیں کہ وہ یورپی ممالک کو ایل این جی کی زیادہ سے زیادہ سپلائی یقینی بنائیں جو کہ روس سے سپلائی میں رکاوٹ کی وجہ سے پیدا ہونے والی کمی کو پورا کرنے کے لیے کسی بھی قیمت پر ایل این جی اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔

سستے طویل مدتی معاہدوں سے آنے والے کارگوز کی ایک بڑی اکثریت کے باوجود پاکستان میں ریگیسیفائیڈ ایل این جی کی قیمتیں حالیہ مہینوں میں پہلے ہی 40 فیصد بڑھ کر 22-24 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گیس بحران کے پیشِ نظر پاکستان نے اب تک کا سب سے مہنگا ایل این جی کارگو قبول کرلیا

کوئلے اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر ان ایل این جی کے نرخوں نے بجلی کے ایندھن کی قیمتوں میں 100 فیصد سے زیادہ اضافہ کر دیا ہے، جو کہ سابق واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی طرف سے دعوی کردہ 7.95 روپے فی یونٹ اور کے الیکٹرک لمیٹڈ کی جانب سے اگلے مہینے 11.38 روپے فی یونٹ اضافی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ سے ظاہر ہوتا ہے۔

ایل این جی کے سرکاری درآمد کنندگان پی ایس او اور پی ایل ایل مہنگی درآمدات پر بھی راضی ہوں گے کیونکہ وہ بالترتیب 3.22 فیصد اور 3 فیصد کی شرح سے اکاؤنٹ برقرار اور مارجن پر منافع کماتے ہیں، جو ظاہر ہے کہ زیادہ درآمدی قیمتوں کے ساتھ بڑھ جاتی ہے۔

یوکرین-روس کی صورتحال اور بین الاقوامی طلب و رسد کے اتار چڑھاؤ کے باعث اسپاٹ ایل این جی کارگوز کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں جو بظاہر پاکستان کی دسترس سے باہر ہوگئی ہیں اور ایل این جی درآمد کنندگان کے لیے لیکویڈیٹی کی ضروت بڑھ گئی ہے۔

ایل این جی کے علاوہ پی ایس او پاور سیکٹر کی طلب پوری کرنے کے لیے فرنس آئل بھی درآمد کررہا ہے جس سے مالی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024