• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

چین سے 2.3 ارب ڈالر قرض کی رقم موصول ہوگئی، مفتاح اسمٰعیل

شائع June 24, 2022
وزیرخزانہ نے کہا کہ رقم اسٹیٹ بینک کو موصول ہوگئی ہے—فائل فوٹو: فیس بک
وزیرخزانہ نے کہا کہ رقم اسٹیٹ بینک کو موصول ہوگئی ہے—فائل فوٹو: فیس بک

وزیرخزانہ مفتاح اسمٰعیل نے اعلان کیا ہے کہ چینی کنسورشیم سے2.3 ارب ڈالر قرض کی رقم موصول ہوگئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ ‘چینی کنسورشیم سے 15 ارب آر ایم بی (لگ بھگ 2.3 ارب ڈالر) کی رقم آج اسٹیٹ بینک میں جمع ہوگئی ہے’۔

مزیدپڑھیں: پاکستان کو 2.3 ارب ڈالر قرض فراہمی کے معاہدے پر چین نے دستخط کردیے، مفتاح اسمٰعیل

انہوں نے کہا کہ ‘ہمارے بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گیا ہے’۔

خیال رہے کہ مفتاح اسمٰعیل نے دو روز قبل اعلان کیا تھا کہ ‘چائنیز کنسورشیئم آف بینکس نے آج 2.3 ارب ڈالر کی قرض سہولت کے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں، اس سے قبل پاکستان کی طرف سے گزشتہ روز دستخط کیے گئے تھے’۔

انہوں نے کہا تھا کہ ‘رقم کی وصولی چند روز میں متوقع ہے، ہم اس معاہدے کے لیے سہولت کاری پر چینی حکومت کے مشکور ہیں’۔

مفتاح اسمٰعیل نے رواں مہینے کے اوائل میں ٹوئٹ میں کہا تھا کہ اچھی خبر ہے، چین کے بینکوں سے 2.3 ارب ڈالر قرض کے حوالے سے شرائط و ضوابط پر اتفاق ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی یہ رقم پاکستان کو موصول ہو جائے گی جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے میں مدد ملے گی۔

2 جون کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ چین نے قرض 25 مارچ کو واپس لے لیا تھا، سخت شرائط کی وجہ سے پاکستان ان فنڈز کو استعمال نہیں کرسکتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر ختم نہیں ہوئے، اسٹیٹ بینک کی وضاحت

ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورے اور وزیراعظم شہباز شریف کی چینی ہم منصب سے اس حوالے سے بات چیت کے سبب چین یہ رقم 1.5 فیصد پلس 'شنگھائی انٹر بینک آفر ریٹ' (شائیبور) کی کم شرح سود پر 'رول اوور' کرنے پر رضا مند ہو گیا تھا ، اس سے پہلے یہ شرح 2.5 فیصد پلس شائیبور تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے روپے کی گرتی قدر کے سبب امریکی ڈالر نے نئے ریکارڈ قائم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا تھا اور انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران مقامی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر 212 روپے تک پہنچ گیا تھا اور افواہ گردش کر رہی تھی کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی آگئی ہے۔

تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر ختم ہونے کے دعوؤں کی رپورٹس مسترد کرتے ہوئے وضاحت کی تھی کہ ملکی بینکوں میں نہ تو امریکی ڈالر ختم ہو رہے ہیں نہ ہی مرکزی بینک نے درآمدی ادائیگیاں روک دی ہیں۔

وضاحتی بیان میں اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ اس وقت غیر ملکی زرمبادلہ 8.99 ارب ڈالر ہیں اور ‘اس میں سونے کے ذخائر شامل نہیں ہیں اور تمام مقاصد کے لیے قابل استعمال ہیں’۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ اسٹیٹ بینک نے درآمدی ادائیگیاں نہیں روکی اور کمرشل بینکوں کے پاس مذکورہ ادائیگیوں کے لیے ڈالر کی مطلوبہ تعداد موجود ہے۔

اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ ‘رواں ماہ کے دوران اب تک انٹربینک مارکیٹ کے ذریعے تقریباً 4.7 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کی گئی ہیں’۔

مزید پڑھیں: آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ جلد ہوجائے گا، مفتاح اسمٰعیل

اس سے قبل ڈان کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کرنسی مارکیٹ غیر یقینی صورتحال اور افواہوں کی لپیٹ میں ہے کہ بینکوں نے لیٹر آف کریڈٹ (ایل سیز) کھولنا بند کر دیے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے چیف ترجمان عابد قمر نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا تھا کہ اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو درآمدی ادائیگیوں سے نہیں روکا، آج بھی تقریباً 20 کروڑ ڈالر کی درآمدی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ ایل سیز کھولنے یا کچھ خاص قسم کی درآمدات جیسے کاروں (سی کے ڈی) سیل فونز اور مخصوص قسم کی مشینری کے لیے معاہدوں کی رجسٹریشن سے قبل اسٹیٹ بینک کی پیشگی منظوری کی ضرورت ہے لیکن یہ ہدایات آج نہیں بلکہ 20 مئی کو جاری کی گئی تھیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کے ذخائر مزید 23 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک گر کر 15 ارب ڈالر سے نیچے آگئے ہیں اور ان ذخائر میں مرکزی بینک کا حصہ صرف 9 ارب ڈالر ہے۔

ایک روز قبل ہی پورٹل ٹرسمارک نے بتایا تھا کہ روپیہ کی قدر میں بدترین کمی سے بیرونی زرمبادلہ میں انتہائی کمی واقع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024