• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بل کوسبی پر تقریبا نصف صدی بعد جنسی ہراسانی کے الزام میں جرمانہ عائد

شائع June 22, 2022
بل کوسبی نے نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کردیا—فائل فوٹو: رائٹرز
بل کوسبی نے نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کردیا—فائل فوٹو: رائٹرز

امریکی عدالت نے ہولی وڈ اداکار 84 سالہ بل کوسبی پر تقریبا نصف صدی بعد جنسی ہراسانی کے ایک کیس میں جرمانہ عائد کردیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق بل کوسبی پر امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سانتا مونیکا کی عدالت نے 2014 میں دائر کیے گئے سول مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ان پر 5 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا 10 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

مذکورہ کیس کی گزشتہ 7 سال کے دوران متعدد سماعتیں ہوئیں اور اس دوران اداکار پر دیگر کئی خواتین نے بھی کیسز دائر کیے اور انہوں نے عدالتوں کا سامنا کرنے سمیت جیل کی سزا بھی کاٹی۔

بل کوسبی کو امریکا کی ریاست میری لینڈ کی مونٹگمری کاؤنٹی کی عدالت نے دسمبر 2018 میں ایک خاتون کے ریپ کے الزامات ثابت ہونے پر تین سے 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی اور وہ ڈھائی سال تک جولائی 2021 تک جیل میں بھی رہے تھے۔

اب انہیں ایک اور عدالت نے خاتون کو 1975 میں جنسی طور پر ہراساں کرنے کا جرم ثابت ہونے پر 5 لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا سنادی۔

یہ بھی پڑھیں: ‘ریپ’ الزامات کے تحت بل کوسبی کو جیل قید اور جرمانے کی سزا

انہیں جس کیس میں سزا سنائی گئی وہ 2014 میں جوڈی ہتھ نامی خاتون نے دائر کیا تھا،جن کا دعویٰ تھا کہ انہیں اداکار نے 1975 میں اس وقت جنسی طور پر ہراساں کیا جب وہ محض 16 سال کی تھیں۔

اس وقت مذکورہ خاتون 67 برس کی ہوچکی ہیں اور انہوں نے دوران سماعت عدالت کو بتایا تھا کہ انہیں بل کوسبی نے 1975 میں اپنی رہائش گاہ پر سہیلی کے ہمراہ آنے کی دعوت دی تھی، جہاں پہنچنے کے بعد اداکار نے ان کے ساتھ زبردستی کی۔

خاتون نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کی رضامندی کے بغیر اداکار نے ان کے ساتھ چھیڑ خانی کی اور جنسی لذت پہنچانے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا۔

دوران سماعت جیوری میں شامل 9 میں سے تین ارکان نے خاتون سے اپنے الزامات کو ثابت کرنے کے حوالے سے شواہد بھی پیش کرنے کا کہا تھا، تاہم بعد زیادہ تر ارکان نے ان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے اداکار پر جرمانہ عائد کردیا۔

دوسری جانب اداکار کے وکیل نے فیصلے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے اس کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ اداکار نے سماعتوں کے دوران خاتون کو جنسی ہراساں کرنے کے الزامات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مذکورہ خاتون کو جانتے ہی نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024