• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاملات طے پاگئے

وزیر خزانہ  نے کہا آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ سے متعلق تمام معاملات طے پا گئے—فائل فوٹو: رائٹرز
وزیر خزانہ نے کہا آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ سے متعلق تمام معاملات طے پا گئے—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستانی حکام کی جانب سے مالی سال 2023 کے بجٹ میں 4 کھرب 36 ارب روپے کے اضافی ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی بتدریج بڑھا کر 50 روپے فی لیٹر تک پہنچانے کے وعدے کے بعد پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) میں معاملات طے پاگئے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ مفاہمت اور پیش رفت وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل کی سربراہی میں پاکستانی معاشی ٹیم کی آئی ایم ایف اسٹاف مشن کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے اجلاس کے دوران سامنے آئی ہے۔

پاکستان میں آئی ایم ایف کی مقامی نمائندہ ایستھر پیریز روئز نے ڈان سے گفتگو کے دوران اس بات کو تسلیم کیا کہ مالی سال 23-2022 کے بجٹ سے متعلق معاملات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ ’سماجی تحفظ‘ کے اقدامات پر کام کرنے کو تیار

عالمی مالیاتی ادارے کی نمائندہ کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام کے درمیان آنے والے سال میں میکرو اکنامک استحکام کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق پالیسیوں پر بات چیت جاری ہے۔

آئی ایم ایف مشن آئندہ چند روز میں اسٹیٹ بینک کے ساتھ مالیاتی اہداف کو حتمی شکل دے گا جب کہ اسی دوران معاشی اور مالیاتی پالیسی (ایف ای ایف پی) کی مفاہمتی یاد داشت کا ڈرافٹ بھی پاکستان کے ساتھ شیئر کرے گا۔

ایف ای ایف پی میں کچھ ایسے اقدامات بھی شامل ہوں گے جن پر پیشگی عمل کرنا آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے منظوری کے لیے پاکستان کے کیس پر غور کرنے اور اس کے نتیجے میں آئندہ ماہ تقریباً ایک ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے سے قبل عمل درآمد کرنا ضروری ہوگا۔

وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ مشاورت کے بعد بجٹ کو لاک کر دیا ہے جب کہ عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ بجٹ سے متعلق تمام معاملات طے پا گئے ہیں۔

آئی ایم ایف کی جانب سےمالیاتی فریم ورک پر دونوں اطراف کے درمیان ہونے والی متفقہ پیش رفت کی تصدیق سے متعلق بیان جاری کیے جانے کی بھی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کا بجٹ کے حوالے سے مزید اضافی اقدامات کا مطالبہ

اعلیٰ حکومتی ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکت کو کامیاب بنانے کے لیے پاکستان نے تمام پی او ایل مصنوعات پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی وصولی شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے، طے شدہ معاہدے کے تحت پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی چارجز 5 روپے ماہانہ سے بتدریج بڑھا کر 50 روپے کردیے جائیں گے۔

ایک اور مشکل فیصلہ کرتے ہوئے حکومت نے 15 کروڑ روپے کمانے والی کمپنمیوں پر ایک فیصد، 20 کروڑ روپے والی کمپنمیوں پر2 فیصد، 25 کروڑ روپے کمانے والی کمپنمیوں پر 3 فیصد اور 30 کروڑ روپے سے زیادہ کمانے والی کمپنمیوں پر 4 فیصد غربت ٹیکس لگانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

اس سے قبل اصل بجٹ میں حکومت نے صرف 30 کروڑ روپے یا اس سے زیادہ کمانے والی کمپنمیوں پر 2 فیصد غربت ٹیکس لگایا تھا۔

حکومت نے اضافی تنخواہوں اور پنشن کے فیصلے کو ختم کرنے پر بھی اتفاق کرلیا ہے جس کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے گئے تھے، اس کے بجائے ہنگامی حالات کے لیے الگ سے مختص کیے گئے فنڈز کی اجازت دی گئی ہے لیکن یہ بجٹ صرف انتہائی ہنگامی حالات جیسے سیلاب اور زلزلے جیسی قدرتی آفات کے دوران خرچ کرنے کے لیے ہوگا ورنہ یہ رقم خرچ نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف پروگرام نہیں ہوگا تو قرض دہندہ اداروں سے ایک پیسہ نہیں ملے گا، مفتاح اسمٰعیل

پاکستان نے آئی ایم ایف سے 152 ارب روپے کا بنیادی بجٹ سرپلس فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے جس کا مطلب ہے کہ سود کی ادائیگیوں کے سوا تمام اخراجات ٹیکس وصولیوں سے ہی پورے کیے جائیں گے جب کہ اس کے بعد بھی 152 ارب روپے کا سرپلس قومی خزانے میں باقی رکھا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی ٹیم اب صرف زر مبادلہ کےذخائر اور ملکی اثاثوں کی مالیت سے متعلق اہداف کو حتمی شکل دے گی، تاہم معاہدے سے متعلق تمام معاملات طے پا چکے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ آئی ایم ایف کی ٹیم جمعے کے روز ایم ای ایف پی کا اپنا ڈرافٹ حکومت پاکستان کے ساتھ شیئر کرے گی۔

ٹیکس وصولی کے اہداف پر نظرثانی

اتحادی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ٹیکنیکل ٹیم کی ناراضی سے بچنے اور اس کو حمایت پر راضی کرنے کے لیے اضافی ٹیکس اقدامات کرتے ہوئے سال 23-2022 کے لیے سالانہ ٹیکس وصولی کے ہدف کو تقریباً 422 ارب روپے تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

وزارت خزانہ میں موجود معتبر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ہم نے غریبوں پر ٹیکس کا بوجھ بڑھائے بغیر اضافی ٹیکس وصولی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، قطری ایل این جی کی مؤخر ادائیگیوں کا منصوبہ حاصل کرے گا، مفتاح اسمٰعیل

اضافی ٹیکس وصولی کے لیے کیے گئے اقدامات کا اعلان وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل حتمی بجٹ تقریر میں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اضافی ٹیکس وصولی کے اقدامات سے صرف امیر طبقہ ہی متاثر ہوگا۔ اگرچہ مخلوط حکومت نے اپنے پہلے بجٹ میں سیاسی ردعمل کے خوف سے غیر مقبول ٹیکس اقدامات سے بچنے کی کوشش کی اور متوقع مہنگائی اور معاشی شرح نمو سے زیادہ سے زیادہ محصولات حاصل کرنے کی امیدیں رکھیں لیکن کم محصولات کی وصولی کے ہدف کو آئی ایم ایف نے منظور نہیں کیا اور اسلام آباد کو کہا کہ وہ محصولات کی وصولی کے ہدف کو مزید حقیقت پسندانہ بنانے کے لیے اضافی اقدامات کرے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات اب تک بے نتیجہ ثابت

عالمی مالیاتی فنڈ نے اپنے ابتدائی تجزیے میں اضافی اقدامات کی ضرورت سے متعلق بجٹ کے اعلان کے فوری بعد وزارت خزانہ کو آگاہ کر دیا گیا۔

سرکاری ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ایف بی آر کی جانب سے سال 23-2022 کے لیے 70 کھرب 4 ارب روپے سے 74 کھرب 26 ارب روپے کرنے کے فیصلے کے بعد باضابطہ سمجھوتہ طے پا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس اہداف میں اضافے نے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کا راستہ صاف کر دیا ہے۔

اندرونی ذرائع کے مطابق کیے گئے بڑے فیصلوں میں سے ایک فیصلہ زیادہ تنخواہ حاصل کرنے والوں کے لیے ٹیکس شرح میں اضافہ کرنا بھی شامل ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ 12 لاکھ روپے تک تنخواہ وصول کرنے والوں پر ٹیکس چھوٹ برقرار رہے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024