• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کرکٹر حسن علی اور اہلیہ کی حمایت میں مداح سامنے آگئے

شائع June 21, 2022
مداحوں نے کرکٹر اور ان کی اہلیہ کی حمایت کی—فوٹو: ٹوئٹر
مداحوں نے کرکٹر اور ان کی اہلیہ کی حمایت کی—فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کے اور ان کی اہلیہ پر تصاویر شیئر کرنے کے بعد ہونے والی تنقید پر ان کے مداح ان کی حمایت میں سامنے آگئے۔

حسن علی نے حال ہی میں اہلیہ سامعہ آرزو کے ہمراہ سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کی تھیں، جن پر تنگ نظر لوگوں نے ان کی تعریفیں کرنے کے بجائے ان پر تنقید کی اور ان کی اہلیہ کو شرم کا درس دیا۔

حسن علی نے اہلیہ سامعہ آرزو کے ہمراہ شمالی علاقہ جات کے سیر کی تصاویر شیئر کیں تو لوگوں کو ان کی اہلیہ کا لباس پسند نہیں آیا اور انہوں نے انہیں اخلاقی اقدار کا سبق بھی دیا۔

تصاویر میں کرکٹر کو اہلیہ اور کم سن بیٹی کے ہمراہ خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے اور سامعہ آرزو کو مکمل پینٹ شرٹ پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے مگر اس باجود لوگوں کو ان کا لباس پسند نہیں آیا۔

کرکٹر اور ان کی اہلیہ کی تصاویر پر لوگوں نے کمنٹس کرتے ہوئے حسن علی کو شرم دلوانے کی کوشش کی جب کہ ان کی اہلیہ کے لیے بھی سخت الفاظ کا استعمال کیا اور انہیں اسلامی روایات یاد دلائیں۔

لوگوں کی تنقید کے بعد کرکٹر کے مداح بھی حمایت میں سامنے آگئے اور انہوں نے ان کی تصاویر کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں منفی لوگوں کے تبصروں پر دھیان نہ دھرنے کی اپیل کی۔

جہاں کرکٹر اور ان کی اہلیہ پر لوگوں نے تنقید کی، وہیں بہت سارے لوگوں نے ان کی حمایت بھی کی اور لکھا کہ لوگوں کی ناک ان کے منہ کے علاوہ ہر جگہ نظر آتی ہے۔

بعض لوگوں نے ان کی تصاویر کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کے لباس کی تعریفیں کیں اور انہیں بتایا کہ وہ بہت ہی پیارے لگ رہے ہیں، وہ تنقید کرنے والوں کے تبصروں پر دھیان دیے بغیر اپنی چھٹیاں انجوائے کریں۔

ایک مداح نے انہیں بتایا کہ وہ حلیمہ سلطان اور اطغرل غازی جیسے کرداروں کے لباس پر تنقید کرنے والے افراد کے کمنٹس پر توجہ دیے بغیر اپنی زندگی انجوائے کریں۔

بعض لوگوں نے انہیں بتایا کہ وہ پاکستانی مرد حضرات کے برے کمنٹس کو بھول جائیں، کیوں کہ پاکستانی مرد حضرات کے خیال میں خواتین کو ٹانگیں نہیں ہوتیں۔

زیادہ تر افراد نے ان کی تصاویر، لباس اور انداز کو سراہا اور لکھا کہ ان کی تصاویر بہت ہی پیاری ہیں مگر ان پر کمنٹس کرنے والے بیمار ذہنیت کے لوگوں کے تبصرے دل آزاری کا سبب بن رہے ہیں اور ساتھ ہی لوگوں نے کرکٹر کو ایسے کمنٹس کو نہ پڑھنے کا مشورہ بھی دیا۔

بعض مداحوں نے ان کی اہلیہ کی خوبصورتی اور فیشن سینس کی بھی تعریفیں کیں اور انہیں بہترین جوڑا بھی لکھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024