• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

سندھ: بلدیاتی انتخابات میں پولیس کی گاڑیوں پر کیمرے لگا کر مانیٹرنگ کی ہدایت

شائع June 21, 2022
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں امن و امان کی صورتحال خراب  نہیں ہونی چاہیے—فائل فوٹو:ڈان نیوز
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں امن و امان کی صورتحال خراب نہیں ہونی چاہیے—فائل فوٹو:ڈان نیوز

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوران پولیس کی گاڑیوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگا کر نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے دوران امن امان کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، سیکریٹری داخلہ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز اور 4 ڈویژن سے کمشنرز اور ڈی آئی جیز وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

4 ڈویژنز جن میں میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ شامل ہیں وہاں 26 جون کو بلدیاتی انتخاب ہونے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کی وجہ سے ملک کے حالات بدتر ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی گئی کہ 4 ڈویژنوں کے 14 اضلاع میں 8 ہزار 724 پولنگ اسٹیشنز قائم ہوں گے، ان پولنگ اسٹیشنز میں 1985 انتہائی حساس، 3ہزار 448 حساس اور 3 ہزار 291 نارمل ہیں، سندھ پولیس کے 26ہزار 545 اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ٹریننگ سینٹرز، سی ٹی ڈٰی، کرائم برانچ، ایس آر پی سے بھی پولیس فورس پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے انسپیکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کو پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس اہلکار پہچانے کے لیے ٹرانسپورٹ کا بندوبست کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ پولنگ والے دن اسلحے پر مکمل پابندی ہوگی، بلدیاتی الیکشن کے دوران اسلحہ کی نمائش پر دفعہ 144 نافذ کر کے پابندی لگائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاق، سندھ کے ساتھ شدید ناانصافی کر رہا ہے، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنرز کو تمام سیاسی پارٹیز کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی اور الیکشن کے دنوں میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم دیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کی گاڑیوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگا کر مانیٹرنگ کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات میں بھی اچانک امن امان کی صورتحال خراب ہوگئی تھی، اس قسم کے واقعات نہیں ہونے چاہییں، پولیس ایسا پلان بنائے تاکہ کوئی شدت پسند پولنگ کے پاس نہ آسکے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

سندھ میں 60 روز کے لیے دفعہ 144نافذ، اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی

دوسری جانب بلدیاتی انتخابات کے دوران امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے سندھ میں 60 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، اس دوران اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی۔

امن و امان کے خدشات کے پیش نظر صوبائی وزارت داخلہ کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ اور اسلحے کی نمائش سے متعلق نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے دفعہ 144 تحت عائد پابندی پر سختی کے ساتھ عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں بلدیاتی الیکشن، دوسرے مرحلے میں قومی اسمبلی کے حلقہ 245 کے ضمنی الیکشن اور عیدالاضحیٰ 2022 کے موقع پر اگلے 60 دنوں تک عائد دفعہ 144 کے تحت پابندی کو انتہائی ٹھوس اور مربوط بنایا جائے‌-

غلام نبی میمن نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش پر پابندی سے متعلق احکامات پر اسکی روح کے مطابق عمل درآمد کرایا جائے۔

غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ تمام ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز صوبائی سطح پر دفعہ 144 کے تحت عائد پابندی پر عمل درآمد اور خلاف ورزی پر شکایت کے اندراج کو اپنی نگرانی میں یقینی بنائیں گے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ پابندی کا اطلاق فوری طور پر صوبے بھر میں یقینی بنایا جائے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سیکشن 195 (آئی اے) ضابطہ فوجداری کے تحت تفویض کردہ اختیارات کی روشنی میں متعلقہ ایس ایچ او دفعہ 188 کے تحت شکایت کا تحریری اندراج کرنے کا مجاز ہوگا۔

2ہزار 980 ’انتہائی حساس‘ پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

دوسری جانب ڈان کی رپورٹ کے مطابق سندھ انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ 26 جون کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور رینجرز کے دستوں کی تعیناتی کے ساتھ 2 ہزار 980 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 3 ہزار کلوز سرکٹ ٹیلی ویژن کیمرے نصب کے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری

یہ فیصلہ سندھ کے چیف سیکریٹری سہیل راجپوت کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی پلان پر غور کیا گیا۔

پہلے مرحلے میں صوبے کے 4 ڈویژنوں سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص میں پولنگ 26 جون کو ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا شیڈول معطل، الیکشن کمیشن سے جواب طلب

اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تمام سہولیات اور وسائل فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 2 ہزار 980 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز اور پولیس تعینات کی جائے گی جہاں مؤثر نگرانی اور سیکیورٹی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔

صوبائی انتظامیہ نے صوبائی الیکشن کمشنر کو یقین دلایا کہ بلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کیے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024