• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

تین صوبوں میں ضمنی، بلدیاتی انتخابات کیلئے فوج تعیناتی کی درخواست

شائع June 21, 2022
چیف الیکشن کمشنر نے معاملے سے متعلق چیف آف آرمی اسٹاف کو خط لکھ دیا ہے— فائل فوٹو: اے پی پی
چیف الیکشن کمشنر نے معاملے سے متعلق چیف آف آرمی اسٹاف کو خط لکھ دیا ہے— فائل فوٹو: اے پی پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں قومی و صوبائی اسمبلی کے مختلف حلقوں کے ضمنی انتخابات کے علاوہ سندھ میں دونوں مرحلوں کے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں مسلح افواج سے مدد طلب کرلی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی جانب سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو خط لکھا گیا۔

جس میں کہا کہ ملک کے سیاسی ماحول میں گرما گرمی اور بڑھتے ہوئے انتشار کے سبب پنجاب اسمبلی کے 4 حلقوں (پی پی 158، پی پی 167، پی پی 168، پی پی 170) خیبرپختونخوا اسمبلی کی سیٹ (پی کے 7) اور قومی اسمبلی کی ایک نشست (این اے 245) کے پولنگ اسٹیشن کے باہر اہلکار تعینات کیے جائے تاکہ صورتحال خراب ہونے سے بچا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات میں سیکیورٹی اداروں کا بے مثال مددگار رویہ

خیال رہے کہ حال ہی میں کراچی کے حلقہ (این اے 240) میں ضمنی انتخابات کے دوران تصادم کے واقعات پیش آئے جبکہ لاہور میں (پی پی 167) کی پولنگ کے دوران دو سیاسی جماعتیں آپس میں جھگڑ پڑی تھی۔

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں عام اور بلدیاتی انتخابات کے دوران مسلح افواج کے تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے سکندر سلطان راجا نے کہا کہ انہیں ضمنی انتخابات اور سندھ مں بلدیاتی انتخابات کے دونوں مرحلوں میں اسی طرح کی معاونت کی امید ہے۔

پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر 17 جولائی کو، خیبر پختونخوا اسمبلی کی ایک نشست پر 26 جون اور این اے245 کے لیے 27 جولائی کو پولنگ ہوگی جبکہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 26 جون اور دوسرا 24 جولائی کو منعقد ہوگا۔

چیف الیکشن کمشنر نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو لکھے گئے خط میں این اے 240 کے انتخاب کے دوران پر تشدد کارروائیوں میں ملوث ملزمان کے خلاف پارٹی وابستگی سے قطع نظر سخت کارروائی کی امید ظاہر کی ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی بھرپور حصہ لے گی، شاہ محمود قریشی

انہوں نےتوقع ظاہر کی کہ صوبائی حکومت این اے 245 کے ضمنی انتخاب کی پولنگ اور صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی سطح پر اقدامات بڑھائے گی۔

دریں اثنا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اعلیٰ عہدیداران کے اجلاس کے دوران پنجاب کے حلقہ پی پی 167 کی انتخابی مہم کے دوران مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے درمیان جھڑپ کی تحقیقات کے حوالے سے پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

خیال رہے کہ مذکورہ واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔

انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نذیر چوہان، پی ٹی آئی کے رہنما شبیر گجر اور لاہور کیپیٹل سٹی پولیس افسر کو سمن جاری کیا ہے، تاکہ کیس کے حوالے سے پیش رفت حاصل کی جاسکیں۔

متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور مانیٹرنگ افسر کو بھی معاملے پر بریفنگ دینے کے لیے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کو این اے 240 کی پولنگ کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی جبکہ پولنگ کے دوران پر اشتعال انگیزی کے خلاف کارروائی کی پیش رفت جاننے کے لیے ایس ایس پی کورنگی ( کراچی)، ضلعی نگراں افسر اور ریٹرننگ افسر کو پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 22 جون کو طلب کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024