• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ملک میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے معاہدہ

شائع June 21, 2022
ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے پی بی ایس اور نادرا کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے—فوٹو:ٹوئٹرطارق ملک
ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے پی بی ایس اور نادرا کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے—فوٹو:ٹوئٹرطارق ملک

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل مردم شماری کے انعقاد کی جانب اہم قدم بڑھاتے ہوئے پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں. اس معاہدے کے تحت پی بی ایس ملک کی آبادی کے اعداد و شمار کو کم سے کم وقت میں درست اور جامع انداز میں اکٹھا کر کے ڈیٹا مرتب کرسکے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی بی ایس ہیڈ کوارٹرز میں دستخط کیے گئے معاہدے کے تحت نادرا ملک بھر میں ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے اینڈرائیڈ اسمارٹ ڈیوائسز اور آئی ٹی سسٹم کواستعمال کرتے ہوئے ایک سسٹم ترتیب دے گا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نئے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے پی بی ایس مردم شماری کا ڈیٹا الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو بروقت فراہم کرے گا، اس جدید نظام سے ملک میں انتخابی حلقوں کی تیزی کے ساتھ درست طریقے سے حد بندی کرنے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: معاشی ترقی نہ کرنے کی بنیادی وجہ 'کرپشن' نہیں ہے، احسن اقبال

اس سلسلے میں مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) نے سفارش کی تھی کہ آئندہ مردم شماری جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے کی جائے۔

مشترکہ مفادات کونسل کی سفارشات کے پیش نظر سال 2022 میں ملک میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے ایک جامع ٹیکنیکل پلان تجویز کرنے کے لیے پی بی ایس نے نادرا سے رابطہ کیا تھا۔

اس موقع پر گفتگو کے دوران وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی تھی کہ یہ نظام شفافیت، مردم شماری کرنے والے عملے اور اس عمل کی نگرانی کرنے والوں کا احتساب بھی یقینی بنائے گا۔

جمہوریت، معیشت کے لیے اہم اقدام

نادرا کے چیئرمین طارق ملک کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کا فیصلہ تعصب سے پاک شفاف مردم شماری پر اتفاق رائے کا عکاس ہے۔

یہ بھی پڑھیں: زرِ مبادلہ بچانے کیلئے قوم چائے کا استعمال کم کرے، احسن اقبال

تقریب کے دوران ڈیجیٹل مردم شماری ایپ کی خصوصیات کی تفصیلات بتاتے ہوئے طارق ملک کا کہنا تھا کہ نادرا نے ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے خاص طور پر ایک حل ترتیب دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اینڈرائیڈ بیسڈ ہاؤس لسٹنگ کی ترقی و تعیناتی، گلوبل پوزیشننگ سسٹم (جی پی ایس)، جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم (جی آئی ایس) ڈیٹا سینٹر سروسز، کال سینٹر سروسز، ہر تحصیل کی سطح پر تکنیکی معاونت کے مراکز کے قیام کے ساتھ دیگر متعلقہ سروسز بھی عام لوگوں کی رہنمائی کے لیے آن لائن ویب پورٹل میں شامل ہوں گی۔

چیئرمین نادرا نے امید ظاہر کی کہ مردم شماری ایپ بلا تعطل ڈیٹا فراہمی کے لیے آن لائن اور آف لائن بھی کام کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ نظام مردم شماری کے تینوں مراحل یعنی مردم شماری سے پہلے کا مرحلہ، مردم شماری کے عمل کے دوران کا مرحلہ اور مردم شماری کے بعد کے مرحلے میں پی بی ایس کی مدد کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا ڈیجیٹل مردم شماری کا انتظار کیے بغیر حلقہ بندیاں شروع کرنے کا فیصلہ

اس مقصد کے لیے نادرا پی بی ایس کے عملے اور فیلڈ میں مردم شماری کرنے والے عملے کو ضروری تربیت بھی فراہم کرے گا۔

معاہدے کے تحت نادرا پی بی ایس میں ڈیجیٹل امیجریز کے ساتھ مردم شماری کے اعداد و شمار کے مرکزی ڈیٹا سینٹر کی خدمات کو بھی وسعت دے گا، اس کے علاوہ کال سینٹر کی خدمات کے ساتھ ایک خصوصی ویب پورٹل بھی تیار کیا جائے گا۔

معاہدے کے مطابق یوزر فرینڈلی ویب پورٹل میں خود کار طریقے سے گنتی کرنے کی صلاحیت ہوگی تاکہ مردم شماری کے وقت اپنی عدم دستیابی کی صورت میں عام لوگ بھی اپنا اندراج کراسکیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024